جنوبی وزیرستان میں انٹرنیٹ سروس کی فراہمی، ‘اب مشکلات حل ہو جائیں گی’


فائل فوٹو
پشاور — پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر قبائلی ضلع جنوبی وزیرِستان میں انٹرنیٹ کی سہولت جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔ انٹرنیٹ کی بحالی پر شہری خوش ہیں اور انہوں نے حکومت کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان بدھ کو جنوبی وزیرستان کے مرکزی قصبے وانا پہنچے تھے جہاں قبائلی عوام نے ان سے انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا۔

وانا میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران عمران خان نے متعلقہ حکام کو جنوبی وزیرستان میں تھری جی اور فور جی انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کا حکم دیا تھا۔

وزیرِ اعظم کی ہدایت پر حکام نے جنوبی وزیرستان کے مرکزی انتظامی قصبے وانا کے دس مختلف مقامات میں لگ بھگ چھ برس بعد انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنا شروع کر دی جب کہ ضلع کے دیگر علاقوں میں سروس کی فراہمی کا کام جاری ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بدھ کو ہی ایک اعلامیے میں موبائلر فون سروس فراہم کرنے والی کمپینوں کو جنوبی وزیرستان میں براڈ بینڈ کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ ڈیڑھ دہائیوں سے انٹرنیٹ اور موبائل فون سروسز مختلف اوقات میں تعطل کا شکار رہی ہیں۔

پاکستان فوج کی جانب سے جنوبی وزیرستان میں 2009 میں کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کے خلاف ‘آپریشن راہِ نجات’ شروع ہوا تو اس دوران علاقے میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی۔

جنوبی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے خلاف پاکستان کی فوج نے 2009 میں 'آپریشن راہِ نجات' کیا تھا۔
جنوبی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے خلاف پاکستان کی فوج نے 2009 میں ‘آپریشن راہِ نجات’ کیا تھا۔

اسی برس دسمبر میں آپریشن مکمل ہوا تو علاقے میں یہ سروسز بحال کی گئیں جو وقفے وققے سے تعطل کے باوجود 2014 تک بحال رہیں۔

قبائلی علاقوں میں عسکریت پسندوں کے خلاف جون 2014 کے وسط میں ایک مرتبہ پھر آپریش شروع ہوا تو انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس ایک مرتبہ پھر بند کی گئی۔

جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں دو ہزار چودہ سے 2020 کے دوران کئی مرتبہ انٹرنیٹ سروسز جزوی طور پر بحال کی گئیں۔ تاہم وانا ان چھ برسوں میں انٹرنیٹ سروس سے محروم رہا اور اب بدھ سے وہاں ایک مرتبہ پھر یہ سروس فراہم کی جا رہی ہے۔

وانا سے تعلق رکھنے والے نوجوان نیک محمد وزیر نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا تھا۔ اب یہ مسائل اور مشکلات حل ہوجائیں گی۔

جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی دلاور وزیر نے بھی انٹر نیٹ کی سہولیات کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے جنوبی وزیرستان کے لوگوں کو ملک اور دنیا کے ساتھ رابطے قائم کرنے میں آسانی ہو گی۔

ddd

یاد رہے کہ وانا میں گزشتہ دو برسوں سے دو موبائل کمپنیوں کی سروسز فراہم کی جا رہی ہے۔ البتہ قبائلی ضلع کے دیگر علاقوں میں موبائل فون سروس نہیں ہے۔

وانا کے سوا لدھا، مکین، سرائے مولا خان اور شکئی میں پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی فراہم کردہ ٹیلی فون سروس موجود ہے۔

صحافی دلاور وزیر نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انٹرنیٹ کی سروس پورے جنوبی وزیرستان میں فراہم کی جائے تاکہ طلبہ آن لائن کلاسز اپنے گھروں میں بیٹھ کر لے سکیں۔

یاد رہے کہ وزیرستان میں انٹرنیٹ سروس نہ ہونے کی وجہ سے وہاں مقیم طلبہ کو آن لائن کلاسز کے لیے دیگر علاقوں کا رُخ کرنا پڑتا ہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa