فرانس: گم جانے والی ہونہار طالبہ مل گئی، وہ دراصل ’حواس بحال کرنے کے لیے بریک لے رہی تھی‘


فرانس میں بظاہر 'لاپتہ' ہو جانے والی سینیگال کی ایک باصلاحیت طالبہ اور ناولسٹ واپس آ گئی ہیں۔ انھوں نے سینیگال کے ایک وزیر کو اپنے خط میں بتایا کہ وہ 'حواس بحال کرنے کے لیے بریک لے رہی تھیں۔'

بیس سالہ ڈائری سو کرسمس کی چھٹیوں کے بعد پیرس میں اپنے سکول سے واپس نہیں لوٹی تھیں جس کے باعث سینیگال اور فرانس میں تشویش کا اظہار کیا جا رہا تھا۔

سو نے سینیگال کی بہترین طالب علم کے دو ایوارڈ جیتے ہیں اور وہ شہرت یافتہ لوئی لی گرینڈ سکول میں تعلیم حاصل کر رہی تھیں۔

فرانسیسی حکومت نے ان کی گمشدگی کے بارے میں تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

سینیگال کی پہلی خاتون سرفر سے ملیے

تیرانگا: وہ لفظ جو سینیگال کی مہمان نوازی کا تعارف کرواتا ہے

مگر سینیگال کے ایک وزیرِ سیرائن ایمبائے تھیام کے نام ایک خط میں سو نے لکھا کہ وہ ‘کسی قسم کے دباؤ کی شکار’ نہیں تھیں اور انھوں نے اُن لوگوں سے معذرت کی جو ان کی وجہ سے پریشان ہوگئے تھے۔

انھوں نے لکھا: ‘میں چھپ نہیں رہی ہوں۔ میں بھاگ نہیں رہی ہوں۔ اسے میں اپنی زندگی سے ایک خوش گوار بریک کے طور پر دیکھتی ہوں۔’

ان کے مطابق چار جنوری کو سکول واپس نہ جانے کی وجہ ‘کام کی زیادتی، دباؤ، یا آزادی کی خواہش’ نہیں تھی۔

‘میں چلے جانے پر شرمندہ نہیں ہوں، مجھے اپنے جانے کی وجہ سے پیدا ہونے والی پریشانی پر شرمندگی ہے، ان لوگوں کے لیے جنھیں میں نے پریشان کیا۔’

سینیگال کے وزیر کا کہنا تھا کہ سو اور اُن کے خاندان نے انھیں خط کے کچھ حصے ٹوئٹر پر جاری کرنے کی اجازت دی تھی۔

کئی سالوں تک سو کی تعلیم کو سپانسر کرنے والے تھیام نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ‘یہ ٹویٹ واقعی میری ہے۔’

سینیگال

ڈائری سو لوئی لی گرینڈ سکول میں تعلیم حاصل کر رہی ہیں

سو نے کئی قومی تعلیمی انعامات جیتے تھے اور انھوں نے گذشتہ سال اپنا پہلا ناول ’فیس آف این اینجل‘ بھی شائع کروایا تھا۔

سو لوئی لی گرینڈ سکول میں پری یونیورسٹی پروگرام میں دوسرے سال کی طالبہ ہیں۔ انھیں تعلیمی قابلیت کی وجہ سے سکالرشپ ملی ہے۔ یہاں پر وہ فزکس، کیمسٹری اور انجینیئرنگ پڑھتی ہیں۔

فرانس کے شہر تولوز میں سینیگالی طلبہ کی ایک تنظیم کا کہنا تھا کہ سو نے اپنے سال کے وسط کی چھٹیاں اپنی بہترین دوست کے ساتھ یہاں گزاری تھیں۔

پیرس میں سینیگال کے قونصل جنرل نے سات جنوری کو ان کی گمشدگی کی اطلاع دی تھی جس کے بعد ان کی تلاش کے لیے ایک سوشل میڈیا مہم شروع ہوگئی تھی۔

کئی فرانسیسی سلیبریٹیز بشمول اداکار عمر سے نے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر یہ اپیل شیئر کی۔ تاہم بدھ کو ایک ٹویٹ میں سینیگال کے قونصل جنرل نے ٹویٹ کی کہ سو ‘بالکل محفوظ اور ٹھیک ہیں۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32559 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp