امریکی ٹی وی کے معروف ٹاک شو میزبان لیری کنگ 87 برس کی عمر میں وفات پا گئے


لیری کنگ
امریکی ٹیلی ویژن کے شہرہ آفاق ٹاک شو میزبان لیری کنگ جنھیں عالمی سطح پر شہرت اور پہچان ملی اور جو بین الاقوامی سیاسی رہنماؤں اور مقبول شخصیات سے انٹرویو کے لیے جانے جاتے ہیں 87 برس کی عمر میں وفات پا گئے ہیں۔

لیری کنگ نے چھ دہائیوں پر مشتمل اپنے کیرئیر میں تقریباً پچاس ہزار انٹرویوز کیے جن میں سے پچیس برس وہ امریکی ٹی وی چینل سی این این کے ٹاک شو لیری کنگ لائیو کی میزبانی کرتے رہے۔

اورا میڈیا کمپنی جس کے وہ شریک بانی بھی تھے کے مطابق ان کی موت امریکی شہر لاس اینجلس کے سیڈر سنائی میڈیکل سینٹر میں ہوئی جہاں وہ علالت کے باعث زیر علاج تھے۔

رواں ماہ اس سے قبل امریکی میڈیا کا کہنا تھا کہ وہ کووڈ 19 کے باعث ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ لیری کنگ گذشتہ چند برسوں سے دل کے دوروں سمیت مختلف طبی مسائل اور بیماریوں میں مبتلا تھے۔

یہ بھی پڑھیے

’دیکھتی آنکھوں، سنتے کانوں‘ کو طارق عزیز کا آخری سلام

جیمز بانڈ کا کردار نبھانے والے شان کونری 90 برس کی عمر میں وفات پا گئے

فٹبال کے عظیم کھلاڑی میراڈونا وفات پا گئے

لیری کنگ

اورا میڈیا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ' 63 برسوں سے ریڈیو ، ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل میڈیا کے پلیٹ فارمز پر، لیری کے ہزاروں انٹرویوز، ایوارڈز اور عالمی سطح پر سراہنے والے ایک براڈکاسٹر کی حیثیت سے ان کی منفرد اور دیرپا صلاحیتوں کا ثبوت ہیں۔'

لیری کنگ نے 1970 کی دہائی میں ایک کمرشل نیٹ ورک میوچل براڈکاسٹنگ سسٹم پر اپنے ریڈیو پروگرام دی لیری کنگ شو سے شہرت حاصل کی تھی۔

اس کے بعد وہ 1985 سے 2010 کے درمیان امریکی ٹی وی چینل سی این این پر لیری کنگ لائیو کے میزبان تھے ۔ جہاں انہوں نے بہت سے مہمانوں کے بطور میزبان انٹرویو کیے۔

انھوں نے امریکی اخبار یو ایس اے ٹوڈے کے لیے 20 برس سے زیادہ عرصے تک کالم نگاری بھی کی۔

ابھی حال ہی میں لیری کنگ نے روس کے زیر انتظام بین الاقوامی نشریاتی ادارہ ہولو اور آر ٹی پر نشر ہونے والے ایک اور پروگرام لیری کنگ ناؤ کی میزبانی بھی کی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32495 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp