دوپہر کو چند منٹ کی نیند انسانی صحت کے لئے بے حد مفید ہے


چینی سائنسدانوں نے اپنی نئی تحقیق میں بتایا ہے کہ دوپہر کے وقت قیلولہ انسان کی دماغی کارکردگی کو بڑھاتا، یادداشت کو تیز کرتا اور اسے ڈیمنشیا جیسی ذہنی و اعصابی بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

اس تحقیق میں سائنسدانوں نے بیجنگ، شنگھائی اور ژیان کے رہائشی 2400 سے زائد شہریوں کی خوراک اور دوپہر کے وقت قیلولے کی عادت کا جائزہ لیا اور ان کی دماغی صحت کے ساتھ اس کا موازنہ کر کے نتائج مرتب کیے۔ ان شہریوں کی عمریں 60 سال یا اس سے زائد تھیں۔ معلوم ہوا کہ جو لوگ دوپہر کے وقت قیلولہ کرنے کے عادی تھے ان کی دماغی صحت دوسروں کی نسبت کئی گنا بہتر اور یادداشت تیز تھی۔ ان لوگوں میں شعور کی حالت بھی دوسروں کی نسبت بہت بہتر تھی اور یہ دوسروں کی نسبت زیادہ روانی کے ساتھ بول سکتے تھے۔

تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر جن ژن لی کا کہنا تھا کہ ”ہماری تحقیق میں شامل 60 فیصد لوگ دوپہر کے کھانے کے بعد سونے کے عادی تھے۔ یہ لوگ 30سے 90 منٹ کی نیند لیتے تھے۔ ان میں واضح اکثریت اوسطاً 63 منٹ سوتی تھی اور یہی وہ لوگ تھے جن کے دماغ اپنے دیگر ہم عمر لوگوں کی نسبت سب سے زیادہ تیز اور طاقتور تھے اور ان کو ڈیمنشا اور دیگر ایسی بیماریاں لاحق ہونے کا خطرہ سب سے کم تھا۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).