کراچی ٹیسٹ: فواد عالم کی سینچری سے پاکستان کی پوزیشن مستحکم


کراچی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت میزبان ٹیم نے جنوبی افریقہ پر 88 رنز کی سبقت حاصل کر لی۔

کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے دوسرے روز کے اختتام تک پاکستان نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنا لیے ہیں۔

پاکستان نے دوسرے دن اننگز کا آغاز کیا تو اظہر علی اور فواد عالم پانچ پانچ رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

میچ پہلے روز جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 220 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی جب کہ دن کے اختتام تک پاکستان کے بھی چار بلے باز 33 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ چکے تھے۔

بدھ کو دوسرے دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو اظہر علی اور فواد عالم نے ٹیم کے مجموعی اسکور کو آگے بڑھایا اور پانچویں وکٹ پر 96 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔

پاکستان کا مجموعی اسکور 121 تک پہنچا تو اظہر علی وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے چار چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔

چھٹی وکٹ پر فواد عالم کا ساتھ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے دیا لیکن وہ 33 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

کھیل کے دوسرے روز دو وکٹیں گرنے کے باوجود فواد عالم نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے۔ انہوں نے آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے اپنے کریئر کی تیسری سینچری مکمل کی۔

پاکستان ٹیم کا مجموعی اسکور 278 تک پہنچا تو فواد عالم 109 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ انہیں لنگی نگیڈی نے آؤٹ کیا۔

حسن علی 11 اور نعمان علی 6 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا، کشو مہاراج اور نگیڈی دو دو جب کہ اینرچ نورٹجی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa