کراچی ٹیسٹ: جنوبی افریقہ کی مزاحمت کے بعد پاکستان کی میچ میں واپسی


جنوبی افریقہ کے افتتاحی بلے باز ایڈن مارکرم نے شان دار 74 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جانے والے کراچی ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ کی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنا لیے ہیں جس کے بعد اسے پاکستان پر 29 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

جنوبی افریقہ کے بلے بازوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 127 رنز کی پارنٹرشپ قائم کی۔

جنوبی افریقہ کے افتتاحی بلے باز ایڈن مارکرم نے شان دار 74 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ رسی دوسین 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فاف ڈیوپلیسی 10 رنز بنا کر یاسر شاہ کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

تیسرے روز کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقہ نے چار وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنا لیے تھے۔ کپتان کوئنٹن ڈی کوک صفر جب کہ کشو مہاراج دو رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔

پاکستان کے فاسٹ بالرز دوسری اننگز میں تاحال جنوبی افریقہ کی کوئی وکٹ حاصل نہیں کر سکے۔ تاہم اسپنر یاسر شاہ نے تین جب کہ نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کر لی ہے۔

تیسرے روز کھیل کے آغاز پر پاکستان نے اپنی اننگز 308 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو حسن علی، یاسر شاہ اور نعمان علی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کا اسکور 378 رنز تک پہنچا دیا جس کے بعد پاکستان کو جنوبی افریقہ پر 158 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔

پہلی اننگز میں پاکستان کی چار وکٹیں صرف 33 رنز پر گر گئی تھیں۔ تاہم فواد عالم اور اظہر علی نے پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ کا سہارا دیا۔ فواد عالم نے شان دار 109 رنز جب کہ اظہر علی نے 51 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 220 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: کپتان بابر اعظم، اظہر علی، عابد علی، عمران بٹ، محمد رضوان، فواد عالم، فہیم اشرف، شاہین شاہ، حسن علی، نعمان علی اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم میں ڈین ایلگر، ایڈن مارکرم، رسی دوسین، فاف ڈیوپلیسی، کپتان کوئنٹن ڈی کوک، ٹیمبا باووما، کریگ لنڈے، کشو مہاراج اور کگیسو رابادا شامل ہیں۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa