کراچی ٹیسٹ: چوتھے دن پاکستان پہلے ٹیسٹ پر گرفت مضبوط کرنے کے لیے پرامید


کرکٹ
کراچی میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں آج چوتھے روز جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز جاری ہے۔

تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے چار وکٹوں کے نقصان پر 187 تنز بنا لیے تھے۔ اس وقت کریز پر کپتان کوئنٹن ڈی کاک اور کیشو ماہراج موجود ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

جنوبی افریقہ کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی ڈین ایلگر تھے جو کہ 29 کے انفرادی سکور پر یاسر شاہ کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل پاکستانی ٹیم جمعرات کی صبح آخری وکٹ کے لیے نعمان علی اور یاسر شاہ کی 55 رنز کی شراکت کی بدولت پہلی اننگز میں 378 بنانے میں کامیاب رہی۔

تیسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو دن کے دوسرے اوور میں ہی جنوبی افریقہ کو نویں کامیابی مل گئی جب حسن علی 21 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوگئے۔ یہ جنوبی افریقہ کے بولر ربادا کی ٹیسٹ میچوں میں 200ویں وکٹ بھی تھی۔

میچ میں دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر پاکستانی ٹیم نے پہلی اننگز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے تھے۔ اس دن کی خاص بات فواد عالم کی سنچری تھی جنھوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 109 رنز بنائے۔

ان کے علاوہ آل راؤنڈر فہیم اشرف نے 64 رنز کی باری کھیلی اور فواد کے ساتھ 102 رنز کی شراکت قائم کی جس نے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔

کرکٹ

اس سے قبل اظہر علی 51 رنز جبکہ محمد رضوان 33 کے سکور پر آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج، نورکیا، نگیڈی اور ربادا نے دو، دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔

بدھ کی صبح جب دوسرے دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان نے 33 رنز پر چار کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز شروع کی تھی۔ منگل کے آخری سیشن میں پاکستان کی چار وکٹیں گِر چکی تھیں۔

میچ کے پہلے دن جب جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ان کے بلے بازوں کو کافی مشکلات رہیں اور پاکستانی بولرز ان پر حاوی رہے۔ مہمان ٹیم 220 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

مگر پھر پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کے دونوں اوپنر 15 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز عابد علی تھے جو چار رنز بنا سکے جبکہ اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے عمران بٹ کے ٹیسٹ کریئر کی پہلی اننگز صرف نو رنز پر تمام ہوئی۔ یہ دونوں وکٹیں ربادا نے حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں زخمی ہونے کی وجہ سے حصہ نہ لینے والے پاکستانی کپتان بابر اعظم کا سکور بھی دوہرے ہندسوں تک نہ پہنچ سکا اور وہ سات رنز بنا کر کیشو مہاراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ یہ بابر اعظم کا بطور کپتان پہلا ٹیسٹ میچ ہے۔

چوتھی وکٹ نائٹ واچ مین شاہین شاہ آفریدی کی گری جو صرف چار گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور نورجے کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

پاکستان، جنوبی افریقہ

میچ کے پہلے روز پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی اور مہمان ٹیم کو 70ویں اوور میں 220 رنز کے مجموعے پر پویلین بھیج دیا

اس سے قبل منگل کی صبح نیشنل سٹیڈیم میں 14 برس کے وقفے کے بعد پاکستان آنے والی جنوبی افریقہ کی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی اور مہمان ٹیم کو 70ویں اوور میں 220 رنز کے مجموعے پر پویلین بھیج دیا۔

مہمان ٹیم کی جانب سے ڈین ایلگر کے علاوہ کوئی بھی بلے باز وکٹ پر جم نہ سکا۔ ایلگر نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ جارج لنڈے 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے سپنر یاسر شاہ تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ شاہین آفریدی کے علاوہ اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے نعمان علی نے دو، دو وکٹیں لیں جبکہ ایک وکٹ حسن علی کو ملی۔

پاکستانی فیلڈرز نے پہلی اننگز میں عمدہ فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا اور جنوبی افریقہ کے دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

مبصرین کے مطابق اس میچ میں سپنرز کی کارکردگی انتہائی اہم رہے گی اور دونوں ٹیموں کی جانب سے اس پر خاص توجہ دی گئی ہے۔ پاکستان کی جانب سے تجربہ کار یاسر شاہ اور اپنا پہلا میچ کھیل رہے نعمان علی کو بطور سپیشلسٹ سپنر شامل کیا گیا ہے۔ ادھر جنوبی افریقہ کی طرف سے بھی دو سپنر کیشو مہاراج اور جارج لد ٹیم میں شامل ہیں۔

اس میچ میں پاکستان کے دو کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کریئر کا آغاز ہوا ہے اور بلے باز عمران بٹ اور سپنر نعمان علی کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہیں۔

پاکستان کی ٹیم:

عابد علی، عمران بٹ، اظہر علی، بابر اعظم، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، حسن علی، تعمان علی، یاسر شاہ، اور شاہین آفریدی

جنوبی افریقہ کی ٹیم:

ڈین ایلگر، ایڈن مکرم، راس وین ڈاڈیوسن، فاف ڈو پلسی، ٹیمبا باوما، کوئنٹن ڈی کاک، جارج لد، کیشو ماہراج، کاگیسو ربادا، انریچ نورتہے، اور لونگی نگیڈی


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp