اثاثے چھپانے کا الزام: فواد چوہدری کے خلاف نا اہلی کی درخواست سماعت کے لئے مقرر


اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کر دی جس میں وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نااہلی کیس پیر کے روز سماعت کے لئے مقرر ہوئی ہے. فواد چودھری کے خلاف درخواست معروف صحافی سمیع اللہ ابراہیم نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کر رکھی ہے جس میں فواد چوہدری پر اثاثے چھپانے کا الزام عائد کیا گیا ہے.

درخواست گزار نے اپنے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ فواد چوہدری نے جہلم کی زمین گوشواروں میں ظاہر نہیں کی ہے جن کی وجہ سے وفاقی وزیر فواد چوہدری صادق اور امین نہیں رہے اس لئے ان کو آئین کے آرٹیکل 62 (ون) ایف کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔

فواد چودھری نااہلی کیس کی سماعت سنگل بنچ کریگی جن کی سربراہی چیف جسٹس اطہر من اللہ کررہے ہیں اور پیر کے روز وہ خود کیس پر سماعت کریں گے. عدالت نے درخواست میں فواد چوہدری اور الیکشن کمیشن کو پہلے ہی نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل فواد چوہدری نے ایک تقریب میں سمیع اللہ ابراہیم کو تھپڑ مار دیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).