دلی میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب بم دھماکہ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا


انڈیا، دلی، دھماکہ
انڈیا کے دارالحکومت نئی دلی اسرائیلی سفارت خانے کے قریب ایک دھماکہ ہوا ہے جس میں متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ حکام کے مطابق کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ہے۔

یہ دھماکہ شام تقریباً پانچ بج کر پانچ منٹ پر ایک فٹ پاتھ کے نزدیک ہوا جس سے اطراف میں کھڑی ہوئی کئی کاروں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

پولیس نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کر لیا ہے۔

جس وقت یہ دھماکہ ہوا اس وقت وہاں سے محض دو کلومیٹر کی دوری پرانڈین فوج کی ایک تقریب جاری تھی جس میں صدر مملکت، نائب صدر، وزیر اعظم اور تینوں افواج کے سربراہ موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیے

یروشلم پر انڈیا نے اسرائیل کا ساتھ کیوں نہیں دیا؟

کیا انڈیا اسرائیل سے ’آواکس‘ نظام خرید کر چین کے خلاف استعمال کرے گا؟

اسرائیلی سفارتخانہ انتہائی سخت سکیورٹی والے علاقے اے پی جے عبدالکلام روڈ پر واقع ہے۔

ابتدائی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ یہ دھماکہ ہلکی نوعیت کا تھا اور اس میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے۔ دھماکے کے بعد پورے علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے، اعلیٰ پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں اور دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لے رہے ہیں۔

انڈیا، دلی، دھماکہ

دلی پولیس کے ایک ترجمان انل متل نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ہم معلومات جمع کر رہے ہیں، ہماری ٹیم موقع پر ہے اور پوری معلومات ملنے کے بعد ہی کچھ کہہ سکتے ہیں۔‘

بی بی سی ہندی سروس نے دلی پولیس کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ جندال ہاؤس کے قریب اے پی جے عبدالکلام روڈ پر شام پانچ بج کر پانچ منٹ پر ایک کم شدت کا آئی ای ڈی دھماکہ ہوا ہے۔

یہ علاقہ اسرائیلی سفارت خانے کے قریب ہے۔

پولیس کے مطابق اس دھماکے میں صرف قریب کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹے ہیں اور ابتدائی طور پر یہ محسوس ہوتا ہے کہ یہ شرارت سنسنی پھیلانے کے لیے کی گئی ہے۔

یہ دھماکہ ایسے موقع پر ہوا ہے جب اسرائیل اور انڈیا اپنے سفارتی تعلقات کے 29 سال منا رہے ہیں۔

اسرائیلی سفارتخانے کے گرد سخت سکیورٹی کا انتظام ہے اور جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں۔ اب دھماکے کے بعد سفارتخانے کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کی بعض خبروں میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق ’اسرائیلی حکام اس دھماکے کو مشتبہ حملے کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔‘

روزنامہ یروشلم پوسٹ نے خبر دی ہے کہ ’انڈین سکیورٹی اہلکار اس واقعے کی تفتیش کر رہے ہیں اور اُنھوں نے اسرائیلی حکام سے رابطہ قائم کر رکھا ہے۔‘

اخبار نے اسرائیلی وزارت خارجہ کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے ’وزیر خارجہ کو اس واقعے کے بارے میں مطلع رکھا جا رہا ہے اور اُنھوں نے سفارتخانے کے اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سلامتی کے تمام ضروری اقدامات کریں۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp