پلی بارگین کا قانون بدلیں یا مجھے بھی کرپشن کا موقع دیں


\"\"حقیقت یہی ہے یقین اٹھ گیا آج اس نظام سے، اس حکمران سے عدالت سے عدل سے انصاف سے۔ سینکڑوں نہیں ہزاروں ایسے ہیں جن کا جرم کچھ بھی نہیں۔ ہزاروں کی تو کبھی سینکڑوں کی چوری بس حضور اکثرنے تو روٹی تک چرائی تو سزا پائی۔ ہفتوں مہینوں نہیں مدتوں سے جیلوں میں پڑے سزائیں بھگت رہے کہ کیس کی تاحال سنوائی ہی نہیں۔ وکیل ہے کہ جس کو پیسے دیے کبھی آتے ہی نہیں، جج صاحبان کی چھٹیاں ختم ہو کر نہیں دیتیں۔

آخر فیصلے وقت پر ہو کیوں نہیں جاتے؟ اس میں کون سی راکٹ سائنس ہے؟ کیا انصاف میں تاخیر انصاف کا قتل نہیں؟ عدالتوں کا مذاق پھر کیوں نا بنے، کیا آپ کا عہدہ ہی مقدس ہے؟ عزت عام آدمی کی نہیں، ہفتہ نہیں ہوا ابھی کل ہی کی بات ہے سابق آمر نے سر بازار عدلیہ کا مذاق بنا دیا جب انہوں نے کہا کہ انھیں عدالتوں سے چھڑانے کے لئے سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے دباؤ ڈالا اور یہ کہ عدالتیں پاکستان میں دباؤ میں کام کرتی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا واقعی سابق آرمی چیف عدلیہ پر اثر انداز ہوتے رہے اور منتخب وزیراعظم کو مسلسل دباؤ میں رکھا گیا تھا؟ آخر کوئی کچھ پوچھتا کیوں نہیں؟ مشرف جھوٹ کہتے ہیں تو تردید کی جائے، وزیر اعظم تو تردید کرچکے مگر آئی ایس پی آر کی خاموشی کا کیا مطلب ہے؟ اک ٹویٹ ہی کر دیا ہوتا۔

پہلے پس پردہ با اثر لوگ قانون کا مذاق اڑاتے تھے اب سرعام قانون کو منہ چڑھاتے ہیں۔ بچہ بچہ سن چکا عدالتیں انصاف نہیں قانون کے مطابق فیصلہ دیتی ہیں۔ حد ہوئی اس قوم میں یہ ضرب المثل ہوچکا ہے کہ رب دشمن کو بھی اسپتال، جیل اور عدالت سے بچائے۔ آپ کی ناکامیوں کی داستانیں نہ جانے کیوں اس قدر دراز ہیں۔

اس ہی برس کی بات ہے بلوچستان کے سیکٹری خزانہ کے گھر سے 65 کروڑ سے زائد کی نقدی برآمد ہوئی۔ کوئی الزام نہیں تھا بلکہ مناسب شواہد کے ساتھ موصوف رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔ ملزم نے اعتراف جرم کیا اور معاونین کے نام تک بتا دیے۔ گرفتاریاں ہوئیں، تبصرے تجزیے سب کچھ کئے گئے مگر پھر کیا؟ نیب نے پلی بارگین کی درخواست منظور کرلی۔ آخر اس کا مطلب کیا ہے؟

قوم کو پیغام کیا دیا جا رہا ہے؟ آپ کرپشن کریں مگر پکڑے نہ جائیں اور اگر پکڑے جائیں تو پلی بارگین کا آپشن موجود ہے، پیسے دیں اور جان بخشی کروائیں۔ پھر سے کرپشن کریں اور مزے اڑائیں۔

میں اس فورم سے یہ مطالبہ کرنا چاہتا ہوں یا تو مجھے بھی کرپشن کا موقع فراہم کیا جائے یا پھر پلی بارگین کا یہ قانون تبدیل کیا جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments