انڈین نژاد بھاویا لال امریکی خلائی ادارے ناسا کی قائم مقام سربراہ تعینات


انڈین نژاد امریکی شہری بھاویا لال کو سوموار کو امریکہ کے نیشنل ایروناٹکس اینڈ سپیس ایڈمنسٹریشن یعنی ناسا کا قائم مقام سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

بھاویا لال امریکی صدر جو بائیڈن کی ناسا میں تبدیلی کا جائزہ لینے کی ٹیم کی رکن ہیں اور بائیڈن انتظامیہ کے تحت ایجنسی میں ہونے والی تبدیلیوں کی نگرانی کر رہی ہیں۔

ناسا نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا: ‘ناسا نے ایجنسی میں اعلیٰ عہدے پر تقرریاں کی ہیں۔ بھاویا لال ایجنسی کی ایگزیکٹو ہیڈ کی حیثیت سے شامل ہو رہی ہیں۔ فلپ تھامسن وائٹ ہاؤس سے رابطے کے لیے، مارک ایٹکنڈ ایجنسی میں آفس مواصلات کے ایسوسی ایٹ ایڈمنسٹریٹر اور جیکی میک گنز ایجنسی کے پریس سکریٹری کے طور پر اپنی خدمات انجام دیں گے۔ ان کے علاوہ ایلیسیا براؤن اور ریگن ہنٹر کی بھی تقرریاں عمل میں آئی ہیں۔’

یہ بھی پڑھیے

انڈیا کی ’خاتون روبوٹ‘ خلا میں جانے کے لیے تیار

انڈین مسلم نوجوان نے ‘سب سے ہلکا’ سیٹیلائٹ بنا لیا

ناسا اپنے ہیڈ کوارٹرز کا نام اپنی پہلی سیاہ فام انجنیئر سے منسوب کرے گا

نیوکلیئر انجینئرنگ میں ڈگری

بھاویا لال کو انجینیئرنگ اور خلائی ٹیکنالوجی کا وسیع تجربہ ہے۔ وہ سنہ 2005 سے 2020 تک انسٹی ٹیوٹ فار ڈیفنس اینیلیسس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پالیسی انسٹی ٹیوٹ (ایس ٹی پی آئی) کے ریسرچ اسٹاف کی رکن رہ چکی ہیں۔

بھاویا لال نے نیوکلیئر انجینئرنگ میں بی ایس سی اور ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی ہے۔ انھوں نے میسا چوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے ٹیکنالوجی اور پالیسی میں ماسٹرز کی ڈگری بھی حاصل کی۔

انھوں نے جارج واشنگٹن یونیورسٹی سے پبلک پالیسی اور پبلک ایڈمنسٹریشن میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی حاصل کر رکھی ہے۔ وہ اٹامک انجینیئرنگ اینڈ پبلک پالیسی آنر سوسائٹی کی بھی رکن ہیں۔

ناسا نے بتایا ہے کہ ‘بھاویا لال نے وائٹ ہاؤس آفس آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پالیسی، نیشنل سپیس کونسل، ناسا، وزارت دفاع اور انٹلیجنس کمیونٹی کے لیے خلائی ٹیکنالوجی، حکمت عملی اور پالیسی کے تجزیہ کی قیادت کی ہے۔’

دیگر کارنامے

بھاویا نے قومی، سمندری اور ماحولیاتی انتظامیہ کی وفاقی ایڈوائزری کمیٹی برائے کمرشل ریموٹ سینسنگ میں لگاتار دوبار خدمات انجام دیں۔

اس کے ساتھ وہ ناسا کے اختراعی جدید نظریات پروگرام اور ناسا کی مشاورتی کونسل کی ٹیکنالوجی، انوویشن اور انجینئرنگ کی مشاورتی کمیٹی میں خارجی کونسل کی رکن رہ چکی ہیں۔

ایس ٹی پی آئی میں شامل ہونے سے پہلے بھاویا لال سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پالیسی ریسرچ اور مشاورتی کمپنی سی-ایس ٹی پی ایس، ایل ایل سی کی صدر بھی رہ چکی ہیں۔ وہ میساچوسٹس، کیمبرج میں قائم ایک عالمی پالیسی تحیقی کنسلٹینسی ایبٹ ایسوسی ایٹس کے سینٹر فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پالیسی اسٹڈیز کی ڈائریکٹر بھی رہ چکی ہیں۔

وہ ناسا میں بجٹ اور فنانس کے لیے سینیئر مشیر کے عہدے پر بھی فائز رہی ہیں۔

بھاویہ خلا میں نیوکلیئر اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز سے متعلق امریکی نیوکلیئر سوسائٹی (این ای ٹی ایس) کی سالانہ کانفرنس کے پالیسی ٹریک کے شریک بانی اور شریک صدر بھی ہیں۔ وہ سمتھسونین نیشنل ایئر اینڈ سپیس میوزیم کے ساتھ خلائی تاریخ اور پالیسی سے متعلق ایک سیمینار سیریز کی مشترکہ طور پر میزبانی کرتی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32465 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp