کورونا وائرس: سعودی عرب نے پاکستان سمیت 20 ممالک پر عارضی سفری پابندیاں عائد کر دیں


سعودی عرب نے بدھ سے پاکستان سمیت 20 ممالک کے مسافروں پر عارضی سفری پابندی عائد کر دی ہے۔

حکام کے مطابق یہ اقدام کورونا وائرس کی عالمی وبا کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

سعودی حکام کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق پاکستان، برطانیہ، جرمنی، انڈیا، آرجنٹینا، سویڈن، فرانس، مصر، جاپان اور دیگر کچھ ملکوں کے مسافروں کے سعودی عرب داخلے پر عارضی پابندی رہے گی۔

یہ بھی پڑھیے

امریکہ: جو بائیڈن نے ٹرمپ کی متعدد پالیسیاں پلٹا کر اپنے کام کا آغاز کر دیا

کورونا کی نئی قسم: برطانیہ سے مسافروں کی پاکستان آمد پر پابندی

کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی، مگر یہ پہلے ملے گی کس کو؟

ان ممالک سے آنے والے سعودی شہریوں اور سفارتکاروں کو 15 روز قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس پابندی کا اطلاق تین فروری یعنی آج رات رات 9 بجے کو ہو گا۔

’واپس آنے والوں کے لیے پروازیں جاری رہیں گی‘

پاکستان کی قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پابندی کے اطلاق سے قبل پی آئی اے کی پروازیں سیالکوٹ، دمام، ملتان تا مدینہ اور اسلام آباد تا ریاض معمول کے مطابق چلیں گی۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ’سعودی عرب سے پاکستان آنے والے مسافروں کو واپس لانے کے لیے پروازیں جاری رکھی جائیں گی۔‘

’جو مسافر پاکستان تا سعودی عرب پروازوں پر بُک تھے ان کی بکنگ پابندی کے خاتمے تک ملتوی کی جا رہی ہیں۔ پابندی ختم ہوتے ہی تمام بکنگ کو پہلی پروازوں پر بحال کر دیا جائے گا۔‘

پی آئی اے نے تمام مسافروں سے درخواست کی ہے کہ مزید معلومات یا بکنگ کی تبدیلی کے لیے پی آئی اے سے رابطے میں رہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال

تین فروری کو جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ 19 کے 1384 نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ اسی دوران اس وائرس سے 56 اموات ہوئی ہیں۔

ویکسین، پاکستان

ملک میں مجموعی طور پر کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد اب ساڑھے پانچ لاکھ کے لگ بھگ ہو چکی ہے جبکہ اب تک اس عالمی وبا سے ملک میں 11,802 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی ویکسینیشن مہم کا آج سے آغاز ہو چکا ہے۔ منگل کو وزیراعظم عمران خان کی موجودگی میں پہلے شخص کو کورونا ویکسین لگا دی گئی۔ ابتدائی مرحلے میں پاکستان میں ویکسین ہیلتھ ورکرز کو لگائی جا رہی ہے۔

کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی پہلی کھیپ چین سے پاکستان پہنچ چکی ہے۔ حکام کے مطابق چین کی سرکاری دوا ساز کپمنی کی تیارکردہ ویکسین سائنو فارم کی پانچ لاکھ خوراکیں چین کی جانب سے پاکستان کو عطیہ کی گئی ہیں۔

دوسری طرف جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں کورونا کے اب تک 368,639 متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے اور یہاں 6,383 اموات ہوئی ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی کل تعداد 10 کروڑ سے زیادہ ہے جبکہ 2,252,812 اموات ہوئی ہیں۔

’ویکسین کی مانگ بہت زیادہ ہے، سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں‘

سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس ویکسین مکمل سکیورٹی انتظامات کے ساتھ صوبے بھر میں متعلقہ مقامات تک پہنچائی جا رہی ہے۔

ویکسین

ان کا کہنا تھا کہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے ویکسین کی نقل و حمل، سٹوریج اور انتظامات کے لیے تمام متعلقہ اداروں کا تعاون حاصل کیا ہے۔

’ویکسین کی بہت زیادہ ڈیمانڈ ہونے کی وجہ سکیورٹی خدشات اور تدارک کے باعث سکیورٹی اداروں کا تعاون حاصل کیا گیا۔‘

’ویکسین کی نقل و حمل کے دوران چوری، جعلی آفیسرز کا کھیپ موصول کرنا اور جعلی ویکسین بھیجنے جیسے خطرات ہو سکتے تھے۔‘

کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا ہے کہ ’ویکسین بردار گاڑیوں پر دہشت گردوں کا حملہ، حادثہ، راستے میں جعلی ویکسین سے تبدیلی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔‘

’ویکسین کی ترسیل کے دوران سکیورٹی کا ہونا لازم تھا۔‘

دوسری طرف صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں ویکسینیشین مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔

اسی طرح سندھ اور بلوچستان میں بھی صوبائی سطح پر ویکسین کی فراہمی کی مہم کا آغاز بدھ سے متوقع ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32541 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp