جیف بیزوس کے ایمازون کے چیف ایگزیکٹیو کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد ان کی جگہ لینے والے اینڈی جیسی کون ہیں؟


جیف بیزوس
آن لائن شاپنگ پلیٹ فارم ایمازون کے بانی جیف بیزوس رواں سال اپنی کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو کے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔

جیف بیزوس نے تقریباً تین دہائیوں قبل ایمازون کی بنیاد رکھی تھی۔

کہا جا رہا ہے کہ جیف ایمازون کے چیف ایگزیکٹیو کا عہدہ چھوڑنے کے بعد کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین بن جائیں گے تاکہ وہ کمپنی کے دیگر منصوبوں پر توجہ مرکوز کر سکیں۔

کمپنی کے مطابق جیف بیزوس کے عہدے میں یہ تبدیلی ممکنہ طور پر سنہ 2021 کے نصف میں ہوگی۔

فوربز میگزین کی فہرست کے مطابق جیف بیزوس دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص ہیں۔ کووڈ لاک ڈاؤن کے دوران ان کی کمپنی نے خوب کمائی کی ہے۔ پچھلے سال جیف بیزوس کے کل اثاثوں کا تخمینہ 200 بلین ڈالر سے زیادہ لگایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

ایمازون کے 25 سال: کامیابی کی ایک داستان

جیف بیزوس کی سابقہ اہلیہ نے چار ماہ میں چار ارب ڈالر عطیہ کر دیے

2020 میں پانچ شخصیات کی اربوں کی دولت میں اربوں کا اضافہ ہوا

ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص، مگر اتنی دولت کا کیا کریں گے؟

جیف بیزوس کے اس اعلان نے بلاشبہ دنیا کو حیرت میں ڈال دیا ہے لیکن سرمایہ کاروں پر اس کا اثر نظر نہیں آیا۔

بی بی سی نارتھ امریکہ ٹیکنالوجی کے رپورٹر جیمز کلیٹن نے لکھا ‘اگر لوگ یہ سوچ رہے ہیں کہ جیف بیزوس کے بغیر کمپنی کیسے چلے گی تو اس کا آسان جواب یہ ہے کہ انھوں نے کمپنی کو خیرباد نہیں کہا ہے۔ انھوں نے ابھی صرف اپنی حیثیت تبدیل کی ہے اور وہ اب بھی کمپنی میں زیادہ طاقت کے مالک ہیں۔’

جیف بیزوس کی جگہ لینے والے اینڈی جیسی کون ہیں؟

خط میں جیف بیزوس نے بتایا ہے کہ ان کی جگہ اینڈی جیسی لیں گے جو اس وقت ایمازون کے ‘کلاؤڈ سروسز بزنس’ کی سربراہی کر رہے ہیں۔

جیف بیزوس نے لکھا ’اینڈی کو سبھی جانتے ہیں۔ وہ ایک عظیم لیڈر ہیں اور مجھے ان پر پورا اعتماد ہے۔’

بی بی سی کے نامہ نگار جیمز کلیٹن لکھتے ہیں کہ ‘اینڈی جس طرح ایمازون کے بڑھتے ہوئے کلاؤڈ بزنس ڈویژن کو سنبھالتے ہیں ان کا کمپنی کے اعلیٰ عہدے پر آنا یہ بتاتا ہے کلاؤڈ کمپیوٹنگ کاروبار ایمازون کے لیے کتنا اہم ہے۔’

اینڈی

جیف بیزوس نے کہا ہے کہ ان کی جگہ اینڈی جیسی لیں گے جو اس وقت ایمازون کے ‘کلاؤڈ سروسز بزنس’ کی سربراہی کر رہے ہیں

53 سالہ اینڈی جیسی نے 1997 میں ایمازون کمپنی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس سے قبل انھوں نے ہارورڈ بزنس سکول سے ایم بی اے کیا تھا۔

ایک انٹرویو میں اینڈی نے بتایا ‘یہ مئی 1997 کا پہلا جمعہ تھا جب میں نے ہارورڈ بزنس سکول میں آخری امتحان دیا تھا اور اس کے دو دن بعد میں سوموار کو ایمازون میں شامل ہوا تھا۔ اس وقت مجھے نہیں معلوم تھا کہ میرا وہاں کیا ہوگا۔ مجھے کون سا عہدہ ملے گا، لیکن وہ لوگ جو اس دن مجھ سے ملے تھے وہ میرے لیے اہم تھے۔’

اینڈی کی اہلیہ کا نام ایلانا کیپلان ہے اور ان کے دو بچے ہیں۔ اینڈی جیسی کو کھیل اور موسیقی سے رغبت ہے۔

سنہ 2006 میں اینڈی نے ‘ایمازون ویب سروسز’ کی بنیاد رکھی تھی، ایک ایسا پلیٹ فارم جسے اب دنیا بھر میں لاکھوں کاروبار استعمال کرتے ہیں۔ ایمازون ویب سروسز کا مقابلہ مائیکروسافٹ کے ازیور اور الفابیٹ کے گوگل کلاؤڈ سے رہتا ہے۔

اینڈی سوشل میڈیا پر زیادہ سرگرم نہیں ہیں۔

وہ جدت کے حق میں ہیں۔ جیف بیزوس نے ان پر اعتماد کرنے کی بات کی ہے اور تازہ ترین اعلان کے مطابق اینڈی جلد ہی ان کی جگہ لیں گے۔

کچھ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ‘لوگوں کو ایمازون کے اعلان سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔ جیف اب بھی بڑی طاقت ہیں۔ وہ اس کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین ہوں گے۔’

ایمازون نے آن لائن کتابوں کی فروخت سے کاروبار کا آغآز کیا تھا اور اس کے بعد کتابوں کی دکانیں بھی بنائیں

ایمازون نے آن لائن کتابوں کی فروخت سے کاروبار کا آغآز کیا تھا اور اس کے بعد کتابوں کی دکانیں بھی بنائیں

جیف بیزوس کیا کرنے والے ہیں؟

57 سالہ جیف بیزوس ایمازون کے بانی اور سنہ 1994 سے کمپنی کے سربراہ ہیں۔ اس وقت ایمازون کتابیں فروخت کرنے والا ایک آن لائن پورٹل ہوا کرتا تھا۔

منگل کے روز ایمازون کے سٹاف کے نام اپنے خط میں جیف بیزوس نے لکھا کہ ’ایمازون کے سی ای او کی حیثیت سے کام کرنا ایک بڑی ذمہ داری ہے، جس میں بہت وقت لگانا ہوتا ہے۔ لہذا آپ کسی دوسرے کام میں توجہ نہیں دے سکتے۔ لیکن ایگزیکٹیو چیئرمین بننے کے بعد کمپنی کے باقی کام بھی دیکھ سکوں گا۔ میں اپنی توانائی اور اپنا وقت ان کاموں کے لیے وقف کرسکوں گا۔ میں بیزوس ارتھ فنڈ، بلیو اوریجن، واشنگٹن پوسٹ اور اپنی دلچسپی کے دیگر کاموں پر بھی توجہ مرکوز کر سکوں گا۔‘

اپنے خط میں انھوں نے واضح کیا ہے کہ ‘وہ ریٹائر نہیں ہو رہے بلکہ وہ اپنے دوسرے منصوبوں کو آگے بڑھانے کی کوشش کرنا چاہتے ہیں۔

فی الحال ایمازون کمپنی میں تقریباً 13 لاکھ افراد کام کرتے ہیں۔ کمپنی مختلف قسم کی خدمات پیش کرتی ہے، جیسے پیکیجز کی فراہمی، آن لائن ویڈیو سٹریمنگ، کلاؤڈ سروسز اور اشتہار وغیرہ۔

جیف بیزوس نے واضح کیا ہے کہ ‘وہ ریٹائر نہیں ہو رہے ہیں’۔ انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ‘وہ آگے بڑھیں گے اور ایمازون کے دوسرے منصوبوں پر بھی توجہ دیں گے۔’

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جیف ‘ڈے ون فنڈ’ کے نام سے ایک مہم کو فروغ دے رہے ہیں۔ اس کا اعلان ستمبر سنہ 2018 میں کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد بے گھر افراد کو مدد فراہم کرنا اور غریب خاندانوں کے بچوں کے لیے پری سکول تیار کرنا ہے۔

بیزوس اپنی خلائی کمپنی ‘بلیو اوریجن’ کو بھی آگے بڑھانا چاہتے ہیں جو اس وقت ایسے راکٹ سسٹم کی جانچ کر رہی ہے جس کی مدد سے لانچ کرنے والی گاڑی کو ایک سے زیادہ بار استعمال کیا جا سکتا ہے۔

جیف بیزوس نے گذشتہ سال عہد کیا تھا کہ وہ ماحولیات کو بچانے کے لیے کام کرنے والے سائنسدانوں، کارکنوں اور اداروں کی مدد کریں گے۔ جیف بھی اس سمت میں کام کرنا چاہتے ہیں۔

ان کے علاوہ، بیزوس نے واشنگٹن پوسٹ اخبار کو سنہ 2013 میں خریدا تھا، وہ اسے بھی ٹیکنالوجی کی مدد سے نئی بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں۔ جیف بیزوس متعدد مواقع پر اس کے بارے میں بات کرتے رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32557 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp