چنئی ٹیسٹ: انگلینڈ نے بھارت کو 227 رنز سے شکست دے دی


انگلینڈ نے چار میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

انگلینڈ نے بھارت کو چنئی ٹیسٹ میں 227 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر چار میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں انگلینڈ نے میزبان ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 420 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں بھارت کی پوری ٹیم کھیل کے آخری روز 192 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

بھارت کی جانب سے کپتان وراٹ کوہلی 72 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ شبمن گل نے 50 اور چتیسور پجارا نے 15 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت کے پانچ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہو سکے۔ انگلینڈ کے جیک لیچی نے چار، جیمز اینڈرسن نے تین، جوفرا آرچر، ڈوم بیس اور بین اسٹوک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں ڈبل سینچری بنانے والے انگلش کپتان جو روٹ کو ‘مین آف دی میچ’ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

یاد رہے کہ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 578 اور دوسری میں 178 رنز بنائے تھے جب کہ میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 337 اور دوسری میں 192 رنز بنا سکی۔

انگلش کپتان جو روٹ واحد بلے باز تھے جنہوں نے پہلی اننگز میں ڈبل سینچری بنا کر ٹیم کے مجموعی اسکور پر 500 کا ہندسہ عبور کرنے میں مدد کی۔ اس کے علاوہ دونوں ٹیموں کے کسی بھی بیٹسمین نے سینچری نہیں بنائی۔

بھارت کو بڑے مارجن سے شکست دینے کے بعد انگلینڈ نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن سنبھال لی ہے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سیریز میں شکست دینے کے بعد پہلی پوزیشن پر قبضہ کیا تھا جو ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر آ چکی ہے۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ میں آسٹریلیا تیسرے اور بھارت چوتھے نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ کے فروغ کے لیے 2019 میں ٹیسٹ چیمپئن شپ کا انعقاد کیا تھا۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان اگست 2019 میں کھیلی جانے والی ایشز سیریز کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا میچ قرار دیا گیا۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے آئی سی سی رینکنگ میں شامل ابتدائی نو ٹیمیں میدان میں ہیں اور ہر ٹیم کو پانچ پانچ سیریز کھیلنی تھیں۔ بیشتر ٹیمیں اپنے میچز کھیل چکی ہیں اور ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل جولائی 2021 میں انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa