کراچی کی دیواریں پر دلچسپ و عجیب اشتہارات


ہر مسئلے کا توڑ ساوتری مائی!

کراچی کی سڑکوں پر مختلف اقسام کی گند ہمیشہ پھیلی رہتی ہے۔ وہ گند کچرے کی شکل میں ہوتی ہے، گندے پانی یا گٹر کے پانی کی شکل میں ہوتی ہے۔ پھٹے ہوئے بینرز کی شکل میں ہوتی ہے، کھمبوں پر لٹکے تاروں کی شکل میں ہوتی ہے، سڑکوں پر موجود پان کی پیکوں کے نشانات سے عیاں ہوتی ہے یا پھر شہر کی دیواروں پر وال چاکنگ کی شکل میں ہوتی ہے۔

کراچی میں دیوار بعد میں کھڑی ہوتی ہے ، پہلے وال چاکنگ والے رنگ باز رنگ لیے پہنچ جاتے ہیں۔ پل بعد میں کھڑا ہوتا ہے پینٹرز پہلے رنگ مارنے پہنچ جاتا ہے۔ ایک تو دیواریں گندی ہوتی ہے ، اوپر سے ایسے وحشت بھرے نعرے درج ہوتے ہیں کہ  الامان و الحفیظ ۔ ان نعروں کو پڑھ کر حیرت ہوتی ہے کہ اگر تمام مسئلوں کا حل اسد بنگالی کے پاس موجود ہے تو عمران خان وزیر اعظم کیوں؟

کراچی کی سڑکوں پر لکھے نعرے اور اشتہارات پڑھ کر جون ایلیا  کا وہ مشہور فقرہ ذہن میں آتا ہے ”اگر دیواریں ذی روح ہوتیں تو وہ اپنے سینے پر لکھے ہوئے زہریلے نعروں کے اثر سے ہلاک ہو جاتیں۔“ کتنا زندہ جملہ ہے ناں۔ ایک تو عجیب عجیب سے اشتہارات اور پھر ایسے ایسے فسادی نعرے تحریر ہوتے ہیں کہ خدا کی پناہ۔

چلیے کراچی کی سڑکوں پر درج عجیب و غریب اشتہارات کی عبارات اور پھر اس پر اپنے  خیالات تحریر کرتے ہیں۔

من پسند شادی اسد بنگالی

اس اشتہار سے سب سے زیادہ عاشق لوگ دلچسپی لیتے ہیں، محبوب اپنا عشق حاصل کرنے کے لیے اسد بنگالی کے جال میں پھنستا ہے۔ عاشق کامیاب ہو یا نہ ہو اسد بنگالی معاشی کامیابی حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہوتا ہے۔

ہر مسئلے کا حل صرف ایک فون کال پر عامل شہباز بنگالی

ہر مسئلے کا حل عامل شہباز بنگالی کے پاس ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اتنا کمال کا شخص پاکستان کے پاس ہے جہاں عمران خان کے پاس اتنے مشیر ہے ، شہباز بنگالی کو بھی مشیر بنا لیں ، کچھ ہو یا نہ ہو کم سے کم آسرا دلانے کے لئے اس حکومت کو ایک اور مشیر میسر آ جائے گا۔

شادی سے پہلے یا شادی کے بعد حافظ دواخانے کا ساتھ

حافظ والے دواخانے  نے یہ کام کافی عرصے سے جاری رکھا ہوا ہے۔ شادی سے پہلے اور شادی کے بعد  کے تمام معاملات ادھر حل کروائے جاتے ہیں مگر کیا شادی سے پہلے ہونے والے وعدے اور شادی کے بعد ہونے والی لڑائیوں کا حل ہے ان کے پاس؟ اب اشتہار سے تو یہی سمجھ آ رہا ہے کہ وہ شادی سے پہلے یا شادی کے بعد قرض وغیرہ کی سہولیات دیتے ہوں گے۔ مطلب اشتہار مبہم سا ہے ، معصوم لوگ تو یہ اشتہارات پڑھ کر ایسے ہی سوچتے ہوں گے۔

شوہر کو راہ راست پر لانا شاکر بنگالی

یہ والے شاکر صاحب اپنے کام پر ہمیشہ شاکر رہتے ہوں گے ۔ بہت سی بیویوں (دوسروں کی) کے ہجوم میں ہوتے ہوں گے مگر اپنی والی سے دور ہوتے ہوں گے ۔ لیکن اب کوئی بیویوں کو یہ سمجھائے کہ جس شوہر سے آپ مدد لے رہی ہیں ، وہ خود راہ راست پر نہیں، جو خود بگڑا ہو وہ کیسے کسی کو سدھار سکتا ہے۔ ویسے ان بابا کا 95 فی صد کاروبار خواتین کی وجہ سے ہی چلتا ہے مگر کون سمجھائے ان بھولی بھالی خواتین کو۔

ہر تمنا پوری عامل کامل شاہ نوری

ہر تمنا پوری کامل شاہ نوری ،  مطلب بھائی کامل اگر ہر تمنا پوری کر سکتے ہو تو سب سے پہلے اپنی پوری کرو ناں، دوسروں کے  چکر میں آ کر شہر کی دیواروں کو کالا کیوں کر رہے ہو بھائی۔ اگر تمنا پوری کرنی ہے تو اپنی کر لو دوسرے خود محنت کر کے اپنی تمنا پوری کر لیں گے ، آخر تمہیں دوسروں کی تمناؤں میں اتنی دلچسپی کیوں ہے؟ ایسا تو نہیں دوسروں کی تمناؤں کے نام پر تم اپنی تمنا پوری کرتے ہو۔

رشتوں کی بندش پیر نادر شاہ

رشتوں کی بندش؟ اشتہار ادھورا ہے یا مکمل، اگر ادھورا ہے تو اچھا ہے اور اگر مکمل ہے تو سوچیے ذرا نادر بھائی رشتوں کی بندش کروا رہے ہیں ، ویسے بھی چند رشتے ہی تو بچ گئے ہیں جو چل رہے ہیں اور نادر بھائی ان رشتوں کی بندش کروانے کی چکر میں ہیں، نادر بھائی اپنے رشتے نبھا لیں ورنہ ان حرکتوں سے آپ کے رشتوں میں بندش آ جانی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).