امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک شہر کا پانی زہریلا کرنے کی کوشش

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

پانی
BBC
امریکہ میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک کمپیوٹر ہیکر نے ریاست فلوریڈا کے ایک شہر کے آبی نظام تک رسائی حاصل کر لی تھی اور اس نے پانی میں ایک کیمیکل کی مقدار 'خطرناک' حد تک بڑھانے کی کوشش کی۔

اولڈسمر شہر میں اس ہیکر نے مختصر عرصے کے لیے پانی کی صفائی کے نظام میں سوڈیئم ہائیڈرو آکسائیڈ (کاسٹک سوڈا یا لائے) کی مقدار بڑھا دی تھی۔ لیکن ایک ملازم نے یہ دیکھ لیا اور اس عمل کو ختم کیا۔

پانی میں تیزابیت کو کنٹرول کرنے کے لیے لائے کی تھوڑی سی مقدار ملائی جاتی ہے۔ لیکن پانی میں اس کی بڑی مقدار ملانے سے کئی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔

اولڈسمر کے میئر ایرک سیڈل کہتے ہیں کہ ’یہاں ایک بُرا کردار باہر کھلے عام گھوم رہا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

انٹرنیٹ نگرانی کے قواعد: ’حکومت کو ناقدین کے گرد گھیرا تنگ کرنےمیں آسانی ہو گی‘

’امریکہ پر سائبر حملے میں ’واضح‘ طور پر روس ملوث ہے:‘ مائیک پومپیو

وہ سائبر جال جس میں ہزاروں افراد پھنسے اور سینکڑوں اداروں کی جاسوسی ممکن ہوئی

فوری طور پر گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی اور یہ بھی معلوم نہیں ہے کہ آیا یہ شخص امریکہ سے تعلق رکھتا ہے یا امریکہ کے باہر سے۔

جمعے کو شہر کے آبی نظام کو دفتر کے باہر سے کنٹرول کیا گیا تھا۔

اخبار ٹیمپا بے ٹائمز کی خبر کے مطابق صبح کو پلانٹ کے آپریٹر نے دیکھا کہ سسٹم کو باہر سے آپریٹ کرنے کی کوشش کی گئی۔ لیکن یہ سمجھا گیا کہ یہ ان کے نگران نے کیا ہوگا۔

پانی

BBC

لیکن سہ پہر کو ایسی ایک اور کوشش کی گئی اور اس بار ہیکر نے پانی کی صفائی کے سافٹ ویئر تک رسائی حاصل کر کے لائے کی مقدار 100 پی پی ایم (پارٹس پر ملین) سے بڑھا کر 11 ہزار 100 پی پی ایم کردی۔

آپریٹر نے فوراً اس کی مقدار کم کر کے عام سطح پر کر دی۔

نالوں کی صفائی کے مادے کا مرکزی جزو سوڈیئم ہائیڈرو آکسائیڈ ہوتا ہے۔ اس سے آنکھوں اور جلد پر جلن ہوسکتی ہے۔ اس سے عارضی طور پر بال بھی گِر سکتے ہیں۔‘

اسے پینے سے منھ، گلے اور معدے کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور قہ آنے کے علاوہ طبیعت خراب یا اسہال کی شکایت ہوسکتی ہے۔

پنالس کاؤنٹی کے شیرف باب گالٹیری کا کہنا ہے کہ ’میں کوئی کیمسٹ نہیں۔ لیکن مجھے یہ معلوم ہے کہ اس مقدار میں یہ چیز پانی میں ڈالنا کوئی اچھی چیز نہیں۔‘

’جس پانی کی صفائی کی جا رہی تھی اس پر فوری طور پر کوئی اثرات مرتب نہیں ہوئے۔ اہم بات ہے کہ لوگ کبھی خطرے میں نہیں آئے۔‘

اولڈمر کا پلانٹ 15000 رہائشیوں اور کاروباروں کو پانی فراہم کرتا ہے۔

پلانٹ کے باہر سے آبی نظام کنٹرول کرنے کے پروگرام کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

’بُرا کردار باہر کھلے عام گھوم رہا ہے‘

جو ٹیڈی، سائبر رپورٹر

آپ اس خوف کے بارے میں سوچ سکتے ہیں جو اس ورکر نے محسوس کیا ہوگا جب ایک نامعلوم ہاتھ ان کے کمپیوٹر ماؤس کو سکرین پر ہلا رہا تھا۔ پھر جب اس نے کلک کر کے سافٹ ویئر کھولا اور اس شحض کے سامنے پانی میں زہر ملانے کی کوشش کی۔

لیکن یہ بات زیادہ خوفناک ہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا۔

سنہ 2016 کی ایک سکیورٹی رپورٹ کے مطابق ایسا ہی ایک حملہ امریکہ کے ایک اور پانی کے پلانٹ پر ہو چکا ہے۔ سنہ 2020 میں کئی بار اسرائیل کے پانی کے پلانٹس کو ہیک کرنے کی ناکام کوششیں کی گئیں۔

ماہرین سائبر سکیورٹی کئی برسوں سے اس کے بارے میں متنبہ کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ قومی انفراسٹرکچر میں کئی تنصیبات ہیکروں کا ہدف ہیں۔

پانی، بجلی، جوہری تنصیبات اور آمد و رفت کے ڈیجیٹل نظام کے کمزور ہونے کی بارہا بات کی جاتی ہے کیونکہ انھیں ممکنہ طور پر بڑے پیمانے پر ہیک کیا جاسکتا ہے۔ لیکن اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ یہ سافٹ ویئر پرانی اور آسان ہدف بننے والے آئی ٹی سسٹم پر چل رہے ہیں۔

تاہم اب تک پانی کے نظام پر تمام حملے روکے جاچکے ہیں۔

میئر سیڈل نے اپنی پریس کانفرنس میں بھی یہی کہا کہ باہر ایسے بُرے کردار کھلے عام گھوم رہے ہیں اور ایسا واقعی ہو رہا ہے۔

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 17834 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp