ووٹ فروخت کرنے کے الزام پر عمران خان کا خیبرپختونخوا کے وزیر قانون سے استعفیٰ لینے کا فیصلہ


کچھ سابق اور موجودہ اراکینِ خیبرپختونخوا اسمبلی کی مبینہ طور پر پیسے وصول کرنے کے ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد وزیرِاعظم عمران خان نے ویڈیو میں دیکھے جانے والے خیبرپختونخواہ کے موجودہ وزیرِ قانون سلطان محمود خان سے استعفیٰ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے اس بات کا اعلان اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کیا۔

انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو احکامات دے دیے ہیں اور جلد معاملے کی انکوائری کر کے رپورٹ پیش کی جائے گی۔

منظرِعام پر آنے والی اس ویڈیو میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے متعدد سابق اور موجودہ اراکین کے سامنے نوٹوں کے انبار لگے دیکھے جا سکتے ہیں تاہم تاحال اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ یہ ویڈیوز کس وقت بنائی گئی تھیں۔

https://twitter.com/SHABAZGIL/status/1359126515502501893?s=20

یہ بھی پڑھیے

سینیٹ انتخابات: ’حکومت سیاسی اتفاق رائے پیدا کیوں نہیں کرتی؟‘

سینیٹ الیکشن میں خفیہ کی بجائے اوپن بیلٹ کے لیے سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس دائر

سینیٹ انتخابات: اوپن بیلٹ کے لیے صدارتی آرڈیننس جاری

ادھر وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے اس حوالے سے تین ٹویٹس سامنے آئی ہیں جس میں انھوں نے سینیٹ انتخابات میں مبینہ خرید وفروخت سے متعلق پاکستان کے سیاسی نظام کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ’ان ویڈیوز سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ سیاست دان سینیٹ میں کس طرح سے ووٹوں کی خرید و فروخت کرتے ہیں۔‘

خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے سینیٹ انتخابات2021 اوپن بیلٹ سے کرانے کی تجویز دی گئی ہے تاہم اپوزیشن کی جانب سے اس کی مخالفت کی جا رہی ہے۔

https://twitter.com/ImranKhanPTI/status/1359139572412743684?s=20

حکومت کا سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کا صدارتی ریفرنس بھی سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے جبکہ سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے سے متعلق صدارتی آرڈیننس بھی جاری ہو چکا ہے۔ تاہم یہ صدارتی آرڈیننس سپریم کورٹ کے فیصلے سے مشروط کیا گیا ہے۔

عمران خان نے اپنی ٹویٹس میں سیاست دانوں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہماری سیاسی اشرافیہ پیسے کی مدد سے اقتدار میں آتی ہے اور پھر طاقت کے ذریعے بیوروکریٹس، میڈیا اور دوسرے اعلیٰ عہدیداروں کو خرید کر اپنی اجارہ داری قائم کرتی ہے اورپھر قوم کا پیسہ لوٹ کر اسے منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرونِ ملک اکاؤنٹس، غیرملکی اثاثے بنانے میں استعمال کرتی ہے۔‘

انھوں نے اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ‘پی ڈی ایم اس کرپشن دوست نظام کی حمایت کر کے اسے بچانا چاہ رہی ہے۔ ہم کرپشن اور منی لانڈرنگ کے اس نظام کو ختم کرنے کے لیے پرعظم ہیں جو ہماری قوم کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

منظر پر آنے والی ویڈیو میں کیا ہے؟

منظرِعام پر آنے والی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے مختلف سیاست دانوں کے سامنے نوٹوں کے انبار لگے ہوئے ہیں۔

ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ ویڈیو مختلف ویڈیوز کو جوڑ کر بنائی گئی ہے اور اس حوالے سے تاحال اس بات کی تصدیق بھی کرنا ممکن نہیں ہے کہ یہ کس تاریخ کو اور کس جگہ بنائی گئی ہیں۔

حکومت کی جانب سے یہ الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ یہ ویڈیوز دراصل سینیٹ انتخابات سے قبل بنائی گئی تھیں، تاہم ان ویڈیوز کے ذریعے فی الحال اس بات کی بھی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp