جشن بہار :چین میں نئے قمری سال کا آغاز


چین دنیا بھر میں اپنی رنگا رنگ اور متنوع ثقافت کی وجہ سے بہت مشہور ہے۔ چین میں اپنے قیام کے دوران ہمیں مختلف قسم کی ثقافتی سرگرمیوں کو دیکھنے اور ان میں شرکت کرنے کا موقع ملتا رہتا ہے۔ انہی سرگرمیوں میں سب سے بڑی ثقافتی سرگرمی چین میں نئے سال کی آمد ہے۔ چین میں نئے سال کو جشن بہار بھی کہا جاتا ہے۔ یہ موقع اپنے اہل خانہ سے ملاقات کا ہوتا ہے۔ آج کل چینی عوام کے معیار زندگی کے بلند ہونے کے ساتھ ساتھ جشن بہار منانے میں بھی تبدیلیاں آ رہی ہیں۔

اب وی چیٹ کے ذریعے ریڈ پیکٹ ایک دوسرے کو ٹرانسفر کیے جاتے ہیں نئے سال کے موقع پر کچھ امیر لوگ دیگر ممالک کی سیاحت کے لئے بھی جاتے ہیں۔ یہ نئے دور میں بدلتے ہوئے چینی جشن تہوار کے نئے رنگ ہیں۔ اس موقع پر بہت سی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ دنیا کی سب سے بڑی انسانی ہجرت بھی ہوتی ہے۔ جشن بہار کے موقع پر چین میں چالیس روزہ تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ پوری دنیا میں مقیم چینی نہایت جوش و خروش سے یہ تہوار مناتے ہیں۔ اس تہوار کے موقع پر گھروں، دکانوں اور بازاروں کی سجاوٹ کے لیے سرخ رنگ کے استعمال کو ترجیح دی جاتی ہے۔ جشن بہار کے موقع پر لباس میں سرخ رنگ غالب نظر آتا ہے۔

جشن بہار کی تاریخ اور اہمیت

ہماری عیدین کی طرح چین کا سب سے بڑا تہوار جشن بہار ہے وقت کے ساتھ ساتھ جشن بہار منانے کے طریقہ کار میں تبدیلیاں آتی رہی ہیں تاہم چینیوں کی زندگی اور تصور میں جشن بہار کی حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ اس تہوار کی تاریخ چار ہزار سال پرانی ہے۔ آغاز میں اس تہوار کا نہ کوئی خاص نام تھا اور نہ ہی منانے کی کوئی مقرر تاریخ تھی۔ دو ہزار ایک سو سال قبل مسیح کے زمانے میں چینیوں نے سیارہ مشتری کی ایک مکمل گردش کے عرصے کو ایک سال کی مدت قرار دیا اور جشن بہار کو زوئی کا نام دیا یعنی سال۔ پھر ہزار سال قبل مسیح کے زمانے میں چینی لوگ جشن بہار کو نیان کے نام سے پکارنے لگے نیان کا مطلب ہے عمدہ فصل کا سال

چین میں جشن بہار کب منایا جاتا ہے؟

چین کے رسم و رواج کے مطابق جشن بہار قمری کیلنڈر کے بارہویں یعنی آخری مہینے ”لایوئے“ کی 23 ویں تاریخ سے شروع ہوتا ہے اور اگلے سال کے پہلے ماہ یعنی ”چنگ یوئے“ کی 15 ویں تاریخ کو لالٹین تہوار تک منایا جاتا ہے۔ اس دوران سال گزشتہ کی آخری رات اور نئے سال کا پہلا دن سب سے اہم دن ہیں۔ اس سلسلے کے تمام تہوار ترتیب سے جانتے ہیں۔

گھروں کی سجاوٹ اور دعائیہ اشعار

لایوئے کی 28 سے 30 تاریخ کے دوران دروازوں کے اوپر دعائیہ اشعار آویزاں کیے جاتے ہیں۔ کھڑکیوں پر کاغذ کاٹ پر بنائی گئی تصاویر آویزاں کی جاتی ہیں۔ دیواروں پر نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لئے خیر مقدم تصاویر لگائی جاتی ہیں۔ ان تمام کا مقصد نیک خواہشات اور تمناؤں کا اظہار کرنا ہے

قمری مہینے لا یوئے کی 30 تاریخ سال نو کی شام چاند رات ( شو سوئی)

یہ جشن بہار کی شام ہے۔ خاندانوں کے ملن میں اس قمری مہینے لایوئے کی 30 تاریخ کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ عیسوی کلینڈر کے مطابق اس سال 4 فروری کی شام چین میں چاند رات ہوگی۔ اس روز وہ نوجوان یا افراد جو اپنے گھروں اور شہروں سے تعلیم حاصل کرنے یا نوکری کی کی غرض سے باہر گئے ہوتے ہیں وہ واپس لوٹ آتے ہیں۔ اس رات لوگ اپنے اہل خانہ کے ساتھ اکٹھے ہو کر ایک بڑی ضیافت کا اہتمام کرتے ہیں۔ وہ رات دیر تک جاگتے ہیں۔ ان کی آنکھیں نئے سال کے استقبال کے لئے منتظر رہتی ہیں۔ اس رات وہ چیز جو ضرور کھائی جاتی ہے وہ ہے ڈمپلنگ۔ اس رات بزرگ بچوں کو سرخ لفافے دیتے ہیں جن میں ان کے لئے رقوم ہوتی ہیں۔

چاند رات کا ٹی وی شو

وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ چین میں بہت سی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ ایسی ہی ایک خوشگوار تبدیلی چاندرات کو پیش کیا جانے والا چائنا سینٹرل ٹیلی ویژن کا ”ایوننگ گالا شو“ ہے۔ یہ شو 1980 کی دہائی سے باقاعدگی کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ یہ چین میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ٹیلی ویژن پروگرام ہے

نئے سال کا پہلا دن: یعنی عید کا روز

چینی قمری کلینڈر کے پہلے مہینے کو ”چنگ یوئے“ کہا جاتا ہے۔ عیسوئی تقویم کے مطابق اس سال 5 فروری جشن بہار کا پہلا روز ہوگا۔ اس دن لوگ اپنے دوستوں اور رشتے داروں کے گھروں میں مبارکباد دینے جاتے ہیں۔ ان کے ساتھ نئے سال کے تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کرتے ہیں۔ ایک دوسرے کے لئے نیک تمناؤں کے اظہار کے لئے خوبصورت الفاظ کا چناؤ کیا جاتا ہے۔ یہ رسم چینی زبان میں ”بائی نیان“ کہلاتی ہے میزبان مہمانوں کی تواضع مٹھائیوں سے کرتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments