مذہبی کارڈ کھیلنے والے


پاکستانی سیاست میں مذہبی کارڈ کھیلنا کوئی نئی بات نہیں۔ یہ کارڈ ہمیشہ اس وقت کھیلا جاتا ہے جب اپنے دشمن کے خلاف کچھ کہنے کے لیے باقی نہ رہے۔ یہی حال موجودہ سیاسی صورتحال میں دیکھا جا سکتا ہے جہاں اپوزیشن رہنما وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے خلاف ہر قسم کے الزامات لگانے کے بعد اب مذہبی کارڈ کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

کچھ دن پہلے پاکستان مسلم لیگ نون کے اہم رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے بیان دیا کہ قادیانیوں کو اعلیٰ عہدوں سے ہٹایا جائے اور ساتھ میں یہ بھی فرماتے ہیں کہ ہم سب ممتاز قادری کہ طرح پھانسی پر لٹکنے کو تیار ہیں۔

کیپٹن صفدر کا بیان وسیع تر تناظر میں دیکھا جائے تو اس کا مطلب یہ بنتا ہے کہ ہم ممتاز قادری کے نظریے کے ساتھ ہیں، یہ وہ نظریہ ہے جس میں کسی بھی انسان کو نفرت کی بنیاد پر قتل کرنا قانونی و مذہبی طور پر جائز ہے۔

کیپٹن صفدر کے اس بیان کے بعد حالیہ سیاسی صورت حال کو دیکھتے ہوئے یہ سوال بھی جنم لیتا ہے کیا پاکستان پیپلز پارٹی اپنے سابق گورنر پنجاب جناب سلمان تاثیر کو ہیرو سمجھتی ہے یا اپنی اتحادی جماعت کی طرح ممتاز قادری کو ہیرو سمجھتی ہے؟

اپوزیشن کی تحریک پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان کے حالیہ جلسے میں بھی نعرے لگ رہے تھے کہ وزیر اعظم عمران خان قادیانیوں اور اسرائیلیوں کا یار ہے۔ جب کہ حقیقت یہ ہے کہ عمران خان کی حکومت میں احمدیوں کے لیے پاکستان کی سر زمین مزید تنگ ہوتی جا رہی ہے۔

احمدی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کا مسلسل قتل عام بھی ہو رہا ہے، ابھی حالیہ واقعے میں پشاور کے علاقے بازید خیل میں ایک احمدی ڈاکٹر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ہے۔ یہ پچھلے چند ماہ میں آٹھواں واقعہ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ احمدیوں کی عبادت گاہوں پر لگے مینار بھی توڑے جا رہے ہیں اور ان پر توہین کے مقدمے بھی بنائے جا رہے ہیں۔

ریاست پاکستان میں اپنے شہریوں کے متعلق  ایسے نفرت انگیز بیانات پر حکومت وقت کی خاموشی یہ بات ثابت کرتی ہے کہ نئے پاکستان میں  نئے نظریہ پاکستان کے مطابق احمدی برادری سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کافر اور واجب القتل ہونے کے علاوہ غدار بھی ہیں اور ان کو پاکستان میں زندہ رہنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ یہ تشویش ناک ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments