اینا سوروکن: فرضی ارب پتی خاندان کی وارث بن کر لُوٹنے والی خاتون نیو یارک کی جیل سے رہا

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

اینا کے جرائم پر ایک نیٹ فلکس سیریز بھی بن رہی ہے
Getty Images
اینا کے جرائم پر ایک نیٹ فلکس سیریز بھی بن رہی ہے
نیو یارک میں اپنے آپ کو ایک ارب پتی خاندان کی وارث کے طور پر پیش کر کے فراڈ کرنے والی جرمن شہری کو قید کی سزا کاٹنے کے بعد جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔

امریکی میڈیا میں آنے والی رپورٹس کے مطابق اینا سوروکن کو جمعرات کو جیل سے رہا کیا گیا۔

اینا نے اپنے آپ کو دنیا کے سامنے جرمنی کے ایک ایسے دولت مند خاندان کی واحد وارث ’اینا ڈیلوی‘ کے طور پر پیش کیا تھا جسے وراثت میں 600 کروڑ ڈالر ملے تھے۔

ان پر یہ جرم ثابت ہوا تھا کہ انھوں نے 2019 میں سہولیات کی چوری اور فراڈ کیے تھے جن میں بینکوں اور لگژری ہوٹلوں سے دو لاکھ ڈالر سے زیادہ کا فراڈ بھی شامل تھا۔ خیال ہے کہ سوروکن کو ملک بدر کیا جا سکتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق انھوں نے گذشتہ اکتوبر میں پیرول کی ایک سماعت کے دوران اپنے جرائم پر معافی مانگ لی تھی۔

نیو یارک پوسٹ نے سوروکن کے حوالے سے لکھا کہ ’میں بس یہ کہنا چاہتی ہوں کہ میں بہت شرمندہ ہوں اور جو میں نے کیا میں اس پر بہت پشیمان ہوں۔ میں مکمل طور پر سمجھتی ہوں کہ اس وقت بہت سے لوگوں کو پریشانی ہوئی جبکہ میں سمجھ رہی تھی کہ میں کچھ غلط نہیں کر رہی۔‘

اینا سوروکن جو اینا ڈیلوی بن کر فراڈ کرتی تھیں، وہ ہمیشہ فائیو سٹار ہوٹلوں میں قیام کرتیں، نہایت مہنگے ڈیزائنر لباس میں نظر آتیں، خاص لوگوں کے لیے منعقد ہونے والی پارٹیوں میں شرکت کرتیں، نجی طیارے میں سفر کرتیں اور اتنی فیاض کہ ہوٹلوں میں خدمت گاروں کو بخشیش میں سو سو ڈالر دے دیتیں۔

یہ بھی پڑھیے

نیویارک کی اشرافیہ کو لُوٹنے والی جعلی دولت مند

کرپٹو کوئین: وہ خاتون جس نے اربوں لوٹے اور غائب ہو گئی

چار کروڑ ڈالرز کے ساتھ گرفتار ہونے والے انسٹاگرامرز کیا ’فراڈ‘ کرتے تھے؟

16 ملین پاؤنڈ کی شاپنگ کرنے والی خاتون کون ہیں؟

اینا نیو ریاک کے ایک فیشن شو کے دوران

Getty Images
اینا سوروکن نے جو اپنا تعارف اینا ڈیلوی کے طور پر کراتی تھی، 220 کروڑ ڈالر کا قرضہ لینے کی بھی کوشش کی تھی

مقدمے کے دوران استغاثہ نے بتایا کہ سوروکن نے جعلی دستاویز کے ذریعے بینک سے ایک لاکھ ڈالر کے بینک ڈرافٹ کا قرضہ بھی منظور کرایا تھا۔

ان کے وکیل ٹوڈ سپوڈک نے عدالت کو بتایا کہ سوروکن آسانی سے نیو یارک کی چمک دمک کی زندگی کے دام میں آ گئیں اور انھوں نے کوشش کی کہ ’جعلی بنے رہو جب تک کام چلتا ہے۔‘

ان کے مقدمے کی سماعت کے دوران صحافی اینا سوروکن کے ملبوسات پر بھی کافی بات کرتے رہے۔ یہاں تک کہ انھیں دو مرتبہ عدالت میں بھی تاخیر سے پہنچنے پر سرزش کا سامنا کرنا پڑا۔ کہا جاتا ہے کہ دونوں مرتبہ انھوں نے وہ کپڑے پہننے سے انکار کر دیا تھا جو ان کے سٹائلسٹ نے منتخب کیے تھے کیونکہ اینا کے بقول وہ ملبوسات ان کے معیار کے مطابق نہیں تھے۔

اور جب اینا سوروکن تاخیر کے بعد عدلت میں پہنچیں تو جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘یہ کوئی فیشن شو نہیں ہے۔’

بالآخر سوروکن پر آٹھ الزامات ثابت ہوئے اور دو میں انھیں بری کر دیا گیا۔

پرائیویٹ جہاز اور مہنگی سیر

اینا سوروکن نے نومبر 2016 اور اگست 2017 کے درمیانی عرصے میں نہ صرف کئی ہوٹلوں، بینکوں اور کمپنیوں سے دھوکہ دہی کی بلکہ اپنے دوستوں سے بھی فراڈ کیا۔

وہ فیشن اور آرٹ کی دنیا میں زندگی گزار رہی تھیں اور انھوں نے ایک پرائیویٹ آرٹ کلب بنانے کا بھی سوچ لیا تھا جس کا نام ‘اینا ڈیلوی فاؤنڈیشن’ رکھا جانا تھا۔

اینا سوروکن کا موقف ہے کہ انھوں نے بینکوں سے قرضے اس وجہ سے لیے کہ انہیں سرکاری دفتروں کے لمبے چوڑے قوائد کی وجہ سے اپنی دولت یورپ سے امریکہ منقتل کرنے میں مشکل ہو رہی تھی۔

انھوں نے مین ہیٹن کے علاقے میں اپنے نام کا آرٹ کلب قائم کرنے کے لیے نومبر 2016 میں جب دو کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے قرضے کے لیے درخواست دی تو اس کے ساتھ اپنی آمدنی کی جو رسیدیں اور دیگر دستاویزات جمع کرائیں وہ جعلی تھیں۔

اینا سوروکن

theannadelvey/Instagram
اینا سوروکن دس ماہ تک مین ہیٹن میں نہایت پرتعش زندگی گزارتی رہیں

اگرچہ انھیں امداد میں پوری رقم نہیں ملی تاہم مِس سوروکن کو پیشگی رقم کے طور پر ایک لاکھ ڈالر دے دیے گئے۔

استغاثہ کے مطابق اینا سوروکن نے ایک بینک سے دوسرے بینک میں رقوم منتقل کرنے کے لیے جعلی چیک استعمال کیے اور وہ چیک باؤنس ہونے سے پہلے ہی رقم نکلوا لیتی تھیں۔

ان پر یہ الزام بھی ہے کہ انھوں نے نیویارک کے سوہو کے علاقے میں ایک پرتعیش ہوٹل کا بِل ادا کرنے کے لیے جو 30 ہزار ڈالر دیے تھے وہ بھی فراڈ سے کمائے گئے تھے۔

نجی طیارہ

Getty Images
67 ملین ڈالر کی واحد وارث کی شان کا تقاضا یہی تھا کہ وہ اسی قسم کے نجی طیارے میں ہی سفر کرتیں۔

اس کے علاوہ اینا فوروکن نے ایک نجی طیارہ بھی کرائے پر لیا اور کبھی بھی اس کا کرایہ ادا نہیں کیا جو 35 ہزار ڈالر تھا۔

جن افراد کو اینا فوروکن نے دھوکہ دیا ان میں سے ایک، ریچل ولیمز نے نیویارک میگزین سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مِس فوروکن نے انھیں مراکش کی سیر کی دعوت دی اور کہا تھا کہ تمام اخراجات وہ خود اٹھائیں گی۔ لیکن جب ادائیگی کا وقت آیا تو جعلی نوابزادی کا کریڈٹ کارڈ نہیں چلا اور انھوں نے ریچل سے کہا کہ فی الحال وہ رقم ادا کر دیں اور بعد میں انھیں یہ رقم لوٹا دی جائے گی۔

مراکش کی اس سیر کے دوران اینا فوروکن نے چھ راتوں کے لیے ایک نہایت مہنگا بنگلہ بُک کروایا جہاں ہر وقت ایک باورچی ان کی خدمت کے تیار رہتا تھا۔ مِس ولیمز کے مطابق ان تمام چیزوں پر انھوں نے اپنے کریڈٹ کارڈ سے 62 ہزار ڈالر کی ادائیگی کی، لیکن اینا فوروکن نے انہیں کبھی بھی یہ رقم واپس نہیں کی۔

دنیا کو کیسے پتا چلا

ان کی کہانی بین الاقوامی توجہ کا مرکز اس وقت بنی جب 2018 میں نیو یارک میگزین میں جیسیکا پریسلر نے اس پر ایک فیچر لکھا جو بہت مقبول ہوا۔

اینا سوروکن کی زندگی کی اس کہانی پر اب ایک نیٹ فلیکس سیریز بن رہی ہے جسے مشہور ٹی وی شوز ’گریز اناٹومی‘ اور ’سکینڈل‘ کی ڈرامہ نگار اور پروڈیوسر شونڈا رائمز پیش کر رہی ہیں۔

گذشتہ ماہ جریدے ’انسائیڈر‘ نے رپورٹ کیا تھا کہ سوروکن نے شو سے ملنے والی رقم کا ایک بڑا حصہ بینکوں اور دوسرے جرمانے ادا کرنے میں لگا دیا ہے۔

اس سے پہلے ایچ بی او نے بھی اسی طرح کے ایک پراجیکٹ کا اعلان کیا تھا۔

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 17700 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp