’یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پارٹی ہو رہی ہے‘: دنانیر مبین، وہ لڑکی جو ایک وائرل میم بن گئی


ایک نوجوان لڑکی نے اپنے ہاتھ میں کیمرہ پکڑ رکھا ہے جو پہلے اپنے پیچھے کھڑی ایک گاڑی دکھاتی ہے، پھر اپنے چند دوست دکھاتی ہے اور ساتھ ساتھ ہی کہتی ہیں: ’یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پارری (یعنی پارٹی) ہو رہی ہے‘۔

اپنے دوستوں کے ساتھ بنائی گئی محض چارسیکنڈ کی یہ عام سی ویڈیو بنانے والی لڑکی دیکھتے ہی دیکھتے اتنی وائرل ہو گئیں کہ ناصرف انٹرنیٹ پر ہر دوسرے شخص نے اس کے میمز بنا ڈالے بلکہ یہ سرحد پار انڈیا بھی جا پہنچی جہاں ایک گلوکار نے ان کی ویڈیو کو استعمال کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں ایک ’میش اپ‘ گانا بنا لیا ہے۔

راتوں رات ’میم‘ بن جانے والی یہ لڑکی 19 سالہ دنانیر مبین ہیں جن کا تعلق پشاور سے ہے اور وہ خود کو ایک ’کونٹینٹ کریئٹر‘ کہتی ہیں جو میک اپ اور فیشن سے لے کر ذہنی صحت کے مسائل سے متعلق ہر چیز پر بات کرتی ہے۔

انھیں اپنے خاندان والوں کے ساتھ وقت بِتانے کے علاوہ پینٹنگ کرنا اور گلوکاری کرنا پسند ہے اور انھیں کتوں سے بہت پیار ہے۔

دنانیر کی انسٹا گرام پر شائع ہونے والی اس ویڈیو کو اب تک 1,250,463 افراد دیکھ چکے ہیں اور وائرل ہونے کے بعد انسٹاگرام پر ان کے فالووز کی تعداد بڑھ کر دو لاکھ 41 ہزار ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

’شکل اور حلیے پر نہ جائیں، ہمارا کوئی مقصد بھی ہے‘

حریم شاہ نے وائرل ویڈیو کس سرکاری عمارت میں بنائی؟

وائرل گلوکارہ کے والد کے گھر میں ’موسیقی ممنوع تھی‘

https://www.instagram.com/p/CK9JmaXBEtc/?utm_source=ig_web_copy_link

تو کیا سوچ کر ویڈیو بنائی تھی جو وائرل میم بن گئی؟

بی بی سی بات کرتے ہوئے دنانیر بتاتی ہیں کہ یہ پہلے سے طے شدہ منصوبہ نہیں تھا۔ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ نتھیا گلی گھومنے گئیں اور کھانا کھانے کے لیے رکیں تھیں جب بس اچانک ہی اپنا موبائل فون نکال ک ویڈیو بنالی اور اپ لوڈ کر دی۔

کیا وہ عام طور پر بھی اسی انداز میں بات کرتی ہیں؟

اس بارے میں دنانیر کہتی ہیں کہ یہ میرا انداز نہیں ہے، میں ایسے بات نہیں کرتی اور صرف ویڈیو بنانے کے لیے یہ مزاحیہ انداز اختیار کیا تھا۔

وہ کہتی ہیں ’مجھے ’پارٹی‘ کہنا آتا ہے اور مجھے پتا ہے کہ یہ ’پارری‘ نہیں پارٹی ہوتا ہے۔

’میں نے تو صرف آپ سب (میرے انسٹاگرام فالوور) کو ہنسانے کے لیے ایسا کیا۔‘

دنانیر پر میمز بنانے والوں میں صرف پاکستانی ہی نہیں انڈین بھی شامل ہیں۔ حتیٰ کہ ایک انڈین گلوکار، یش راج میکھاتے نے ان کا وائرل ویڈیو استعمال کرتے ہوئے ایک میش اپ بھی بنا ڈالا ہے۔

تو انھیں یہ میش اپ دیکھ کر کیسا لگا؟

دنانیر کا کہنا ہے کہ جہاں دنیا بھر میں اتنی تقسیم ہے، ایسے وقت میں سرحد پار پیار بانٹنے سے بہتر کیا ہو سکتا ہے؟

’مجھے خوشی ہے کہ میری ویڈیو کے باعث اب ہم اور ہمارے ہمسائے ملک کے لوگ مل کر ’پارٹی‘ کر رہے ہیں۔‘

یش نے اپنے میش اپ میں لکھا ہے ’آج سے میں پارٹی نہیں صرف پارری کروں گا کیونکہ پارٹی کرنے میں وہ مزا نہیں جو پارری کرنے میں ہے۔‘

دنانیر کی ویڈیو پر بےشمار میمز بنیں، تو ان میں سے ان کی سب سے پسندیدہ کون سی ہے؟

اس بارے میں وہ کہتی ہیں کہ میرا نہیں خیال کوئی ایک ویڈیو میری پسندیدہ ہے کیونکہ ’جب میمز کی بات آئے تو پاکستانی بہت اعلیٰ پائے کے میمز تخلیق کرتے ہیں اور وہ سب کے سب اتنے ہمہ گیر اور دل کو چھونے والے ہیں کہ میں کسی یک کا انتخاب نہیں کر سکتی۔‘

کیا سوچا تھا کہ ویڈیو اتنی وائرل ہو جائے گی؟ دنانیر کہتی ہیں ’سچ بتاؤں تو جب میں ویڈیو اپ لوڈ کر رہی تھی، اس وقت میرا وائرل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔‘

وہ بتاتی ہیں کہ وہ تو بس سب کو ہنسانا چاہتی تھیں اور ان کا خیال ہے کہ وہ اس سے زیادہ ہی کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔

’اب میرے پاس ایک بڑا خاندان ہے جس کے لیے میں اس کے لیے اپنے تمام فالورز کی بہت شکر گزگرار ہوں۔‘

اپنے خاندان کے ردِعمل کے بارے میں بتاتے ہوئے دنانیر کا کہنا تھا کہ میرے گھر اور دوستوں میں سب کو پتا ہے کہ میں ذرا مزاحیہ باتیں کرتی ہوں۔

’میں عجیب و غریب تبصرے اور احمقانہ مذاق کرتی رہتی ہوں اور میں اپنے قریبی افراد کے ساتھ بس ایسی ہی ہوں۔‘

سوشل میڈیا پر ردِعمل:

سوشل میڈیا پر #pawrihoraihai پیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہا ہے اور پاکستان کیا، انڈیا اور دنیا بھر میں عام لوگوں سے لے کر مشہور شخصیات حتیٰ کہ کئی نوعمر لڑکے لڑکیاں بھی تک اس ہیش میں اپنی ویڈیوز بنا بنا کر شئیر کر رہے ہیں۔

کوئی کہتا ہے ’یہ ہماری گاڑی ہے، یہ ہم ہیں اور اور ہم خوار ہو رہے ہیں تو کوئی خاتون اپنے بیٹی کی ویڈیو دکھا کر کہتی ہیں ’یہ میں ہوں، یہ میری بیٹی ہے اور یہاں ہماری نیندیں حرام ہو رہی ہیں‘۔

جہاں ایک بچے نے ویڈیو بنائی ’یہ ہماری کتابیں ہیں، یہ ہم ہیں اور یہ سر کھپائی ہو رہی ہے‘ وہیں ایک لڑکی نے کچھ ایسی ویڈیو اپ لوڈ کی ’یہ ہماری تنہائی ہے، یہ ہم ہیں اور ہم بور رہے ہیں۔‘

تاہم کچھ لوگ یہ بھی پوچھتے نظر آئے کہ بھائی یہ ’پارری‘ کیا چیز ہے؟ شاید ان لوگوں کو ابھی تک واٹس ایپ پر کسی نے دنانیر کی کلپ نہیں بھیجی اور وہ ’پارری‘ کرنے سے محروم رہ گئے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp