حفیظ اور سرفراز کے درمیان ٹوئٹر پر تکرار: سوشل میڈیا صارفین کی حفیظ پر تنقید تو کہیں سرفراز کو صبر کے مشورے


حفیظ اور سرفراز
شعیب اختر اور محمد آصف، محمد یوسف اور شعیب ملک، شاہد آفریدی اور وقار یونس کی جوڑیوں میں کیا قدر مشترک ہے؟

گھبرائیں نہیں اس کا جواب اعداد و شمار پر مبنی نہیں بلکہ یہ اس صدی کے وہ پاکستانی کرکٹرز ہیں جن کے آپس کے اختلافات خاصے مقبول بھی رہے اور شہ سرخیوں کی زینت بھی بنے رہے۔

اب اس فہرست میں سرفراز احمد اور محمد حفیظ بھی شامل ہو گئے ہیں اور بظاہر سوشل میڈیا پر شروع ہونے والی اس چپقلش کے باعث معاملات تاحال خاصے گرم ہیں۔

ابھی چند ہی روز قبل محمد رضوان کی جانب سے کی گئی سنچری کے باعث پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں تین رن سے شکست دی تھی۔

ایسے میں جہاں سرفراز کی جانب سے ایک ٹویٹ میں انھیں خوب سراہا گیا، وہیں محمد حفیظ کی خاصی طنزیہ ٹویٹ نے اس تنازعے اور اس کے بعد دیے جانے والے جوابات کی بنیاد رکھی۔

یہ بھی پڑھیے

’حفیظ کو باہر جاتی گیند چھیڑنے کا پرانا شوق ہے‘

#CWC19: مونچھیں ہوں تو محمد حفیظ جیسی

سرفراز احمد کی بدقسمتی

بیٹسمین سرفراز، کپتان سرفراز سے ہار گئے

حفیظ نے ٹویٹ میں لکھا ’رضوان کو ٹی ٹوئنٹی میں سنچری کرنے پر مبارکباد، تم ایک چمکتا ستارہ ہو لیکن مجھے کئی مرتبہ خیال آتا ہے کہ تمہیں کب تک یہ ثابت کرنا پڑے گا کہ تم پاکستان کے لیے تمام فارمیٹس میں نمبر ون وکٹ کیپر بیٹسمین ہو؟ جسٹ آسکنگ (صرف پوچھ رہا ہوں)۔‘

یوں تو سرفراز پریس کانفرنسز اور انٹرویوز کے دوران تنازعات سے بچتے دکھائی دیتے ہیں لیکن گذشتہ روز رات گئے سرفراز احمد نے حفیظ کی ٹویٹ کا جواب دیا اور انھیں آڑے ہاتھوں لیا۔

سرفراز نے اپنی ٹویٹ میں لکھا: ’محمد حفیظ صاحب پاکستان کے لیے کھیلنے والے سارے ہی وکٹ کیپرز نمبر ون ہیں اور قابلِ احترام بھی۔ چاہے وہ وسیم باری ہوں یا تسلیم عارف، امتیاز احمد ہوں یا سلیم یوسف، راشد لطیف ہوں معین خان ہوں یا کامران اکمل۔ یا آج کل رضوان۔‘

انھوں نے مزید کہا ’ہم سب رضوان کے ساتھ ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ ملک کے لیے زیادہ سے زیادہ بہترین اننگز کھیلیں اور آئندہ بھی پاکستان کے لیے جس کو بھی کھیلنے کا چانس ملے گا وہ نمبر ون ہی ہو گا۔ ہم ایک طویل عرصے تک پاکستان کی نمائندگی کرنے والے انٹرنیشنل کرکٹر سے صرف مثبت رویے کی امید کرتے ہیں۔ جسٹ سیئنگ یعنی صرف کہہ رہا ہوں۔‘

اس سے پہلے کہ ہم سرفراز احمد کی جانب سے دیے گئے جواب کے بارے میں بات کریں ہمارے لیے اس تنازع کا پسِ منظر جاننا ضروری ہے۔

حفیظ کی ٹویٹ کا پسِ منظر

یوں تو سرفراز احمد نے اپنا ون ڈے ڈیبیو سنہ 2007 اور ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو سنہ 2010 میں کیا تاہم وہ اور محمد رضوان گذشتہ لگ بھگ چھ برسوں سے کسی نہ کسی حیثیت سے پاکستانی ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔

سرفراز احمد کو جب سنہ 2017 میں تینوں فارمیٹس کی کپتانی سونپی گئی تو محمد رضوان کبھی بطور بارویں کھلاڑی اور کبھی بطور بلے باز ٹیم کا حصہ رہے۔

ایسے میں جہاں سرفراز احمد نے ٹیم میں بطور کپتان چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا وہیں وہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کو بھی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر لانے والے کپتان تھے۔ ت

اہم ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی ابتر کارکردگی اور سرفراز کی اپنی بیٹنگ اور کیپنگ فارم میں تنزلی کے باعث انھیں سنہ 2019 کے ورلڈکپ کے بعد کپتانی سے ہٹا دیا گیا اور وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری محمد رضوان کو دے دی گئی۔

حفیظ اور سرفراز

گذشتہ ڈیڑھ سال کے دوران محمد رضوان نے وکٹ کیپنگ ہی نہیں بلکہ عمدہ اور جارحانہ بیٹنگ کے ذریعے بھی اپنا لوہا منوایا تاہم وہ اکثر انٹرویوز میں سرفراز احمد کی جانب سے کی جانے والی حوصلہ افزائی کا ذکر کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ادھر محمد حفیظ اس سے پہلے بھی سرفراز احمد کے خلاف بیانات دے چکے ہیں۔ سنہ 2019 کے ورلڈ کپ کے بعد ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں حفیظ نے کہا تھا ’کپتان صرف ٹاس کرنے والا ہی نہیں ہونا چاہیے، آخر میں ہم کھلاڑی ہیں اور ہمیں پرفارم بھی کرنا ہوتا ہے، ٹیم میں ہماری موجودگی صرف اس لیے نہیں ہونی چاہیے کہ ہم کپتان ہیں۔‘

حفیظ اور سرفراز

بابو آپ آج بھی نمبر ون ہیں

جب بات چل نکلی تو پھر محمد عامر نے بھی اس حوالے سے تبصرہ کرنے سے گریز نہیں کیا اور سرفراز احمد کی حمایت میں سامنے آ گئے۔

انھوں نے لکھا: ’بابو آپ آج بھی پاکستان کے نمبر ون وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں اور آپ کی ہی کپتانی تھی جب ٹیم دو سال تک نمبر ون رہی اور سب سے بڑھ کر چیمپیئنز ٹرافی (جیتی)۔ اس لیے آپ پاکستان کا فخر ہیں اور قابلِ عزت ہیں اور مزے کی بات لوگوں کا کام ہے خواہ مخواہ کا بولنا اس لیے آپ انجوائے کریں۔‘

خیال رہے ک محمد عامر کو سپاٹ فکسنگ کے باعث لگائی گئی پابندی کے بعد ٹیم میں واپس لانے کی بحث میں حفیظ اور اظہر علی نے عامر اور دیگر کو ٹیم میں شامل نہ کرنے پر زور دیا تھا۔

سرفراز احمد کی جانب سے ٹویٹ کے بعد محمد حفیظ نے اپنے ردِ عمل میں کسی کا نام لیے بغیر لکھا: ’کھوکھلی سوچ کا مظاہرہ، بے نقاب ہو گیا۔‘

’اج ویکھے گا کراؤڈ پھڈا ٹوئٹر تے‘

اکثر سوشل میڈیا صارفین نے اس صورتحال پر مزاحیہ تبصرے کیے۔ کچھ نے کہا کہ حفیظ کی ٹویٹ کے جواب میں سرفراز احمد کا ردِعمل ضروری تھا جبکہ چند لوگوں نے سرفراز کو حفیظ کی باتیں دل پر نہ لینے کا مشورہ دیا۔

ایک صارف نے حال ہی میں پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے گانے کا ذکر کرتے ہوئے پنجابی میں کہا: ’اج ویکھے گا کراؤڈ پھڈا ٹوئٹر تے۔‘ یعنی آج سب لوگ ٹوئٹر پر لڑائی دیکھیں گے۔

اکثر صارفین حفیظ سے یہ گلہ کرتے دکھائی دیے کہ سرفراز احمد نے اپنی کپتانی کے دوران نمبر چار پر اپنی جگہ حفیظ کو کھلا کر قربانی دی اور آج حفیظ ایسی باتیں کر رہے ہیں۔

اسی طرح ایک صارف نے لکھا کہ سرفراز کو تنقید کا جواب اپنے بلے اور گلووز سے دینا چاہیے اور حفیظ کو بھی اس طرح اپنے ساتھی کرکٹرز کے خلاف تنقید نہیں کرنی چاہیے۔

صارف بلال ڈار نے اس ساری صورتحال کا خلاصہ کچھ ایسے کیا: ’حفیظ نے غلط کیا، ٹیم پلیئر ہوتے ہوئے کسی کو نمبر ون کہہ کر اور سرفراز بھی اسے دل پر ہی لے گئے۔ جب کوچ رضوان کو فرسٹ چوائس کہتے ہیں تب بھی تو صبر آ ہی جاتا تھا اس بات کا گلہ ذاتی طور پر حفیظ سے کر لیتے تو وہ وضاحت یا معذرت کرتے۔ باقی عامر نے سوچا کہ میں بھی حصہ ڈال لوں اپنا شاباش سب کو۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp