سائنس کی دنیا سے



1۔ ایف ڈی اے نے فائزر اور بائیو این ٹیک کی کوویڈ ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دے دی ہے۔

2۔ جینیاتی علاج کو متاثرہ خلیوں تک پہنچانے والا کیریئر ”ویکٹر“ اگر ایک آنکھ میں بھی انجیکٹ کیا جائے تو دونوں آنکھوں کی بینائی پر مثبت اثر پڑتا ہے۔

3۔ فریب نظر یا ہذیان کے لیے استعمال کی جانے والی DMT نامی دوا کی ڈپریشن کے علاج میں افادیت جاننے کے لیے کلینیکل ٹرائلز کیے جا رہے ہیں۔

4۔ سائنسدانوں نے ایک ایسا کوانٹم آلہ ایجاد کیا ہے جو 2.6 ارب سال کی کمپیوٹیشن کو صرف چار منٹ میں سر انجام دے سکتا ہے۔

5۔ نوجوان کوؤں کی جسمانی، معاشرتی اور سوچنے سمجھنے کی صلاحیتیں بالغ بندروں کے برابر ہوتی ہیں۔

6۔ شہد کی مکھیاں جانوروں کے فضلے کو بڑی بھڑوں کے حملوں سے بچنے کے لیے ڈھال کے طور پر استعمال کرتی ہیں۔

7۔ ذہنی دباؤ سرطان کے خوابیدہ خلیوں کو دوبارہ جگا سکتا ہے جس کی وجہ سے کامیاب علاج کے بعد بھی کینسر دوبارہ لوٹ سکتا ہے۔

8۔ خلائی تحقیق کے اداروں کے خیال میں ہمارا سورج اپنی زندگی کے ایک نئے اور طاقتور دور میں داخل ہو گیا ہے۔ اس امر کا مزید مطالعہ ابھی جاری ہے۔

9۔ ماؤں میں وٹامن ڈی کی کمی کو لڑکوں میں ظاہر ہونے والی ”آٹزم“ نامی بیماری سے جوڑا گیا ہے۔

10۔ سائنسدانوں نے نظام شمسی میں سپر ہائی وے کی طرح کا نیٹ ورک تلاش کیا ہے جس سے نظام شمسی میں پہلے سے کہیں تیز رفتاری سے سفر کرنا ممکن ہو سکتا ہے۔

11۔ کرونا وائرس کو سیکنڈوں میں ختم کرنے والی بالائے بنفشی اور ایل ای ڈی روشنیوں کا نظام ائرکنڈیشننگ ویکیوم اور پانی کے سسٹمز میں کامیابی سے انسٹال کیا جا سکتا ہے۔

12۔ پلاسٹک کے انتہائی باریک ذرات کو پہلی دفعہ انسانی نال میں موجود پایا گیا ہے۔ یہ ذرات ماں اور بچے دونوں میں پائے گئے۔

13۔ چوہوں میں جب بصارت سے متعلق نینوذرات انجیکٹ کیے گئے تو وہ دو مہینے تک انفراریڈ روشنی میں بھی دیکھنے کے قابل ہو گئے۔

14۔ جاپانی سائنسدانوں نے Hayabusa 2 نامی کیپسول کو کھول لیا ہے جو Ryagu ایسٹرائیڈ سے نمونے لے کر کامیابی سے آسٹریلیا کے صحرا میں اترا تھا۔ نمونوں کا تجزیہ جاری ہے۔

15۔ چالیس ہزار تنہا لوگوں پر کیے گئے ایک مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ ایسے لوگوں کے دماغ ایک مخصوص طرز میں ڈھل جاتے ہیں۔ سائنسدانوں کے خیال میں ایسا ان کے معاشرتی تعلقات بنانے کی بہت زیادہ خواہش کی وجہ سے ہوتا ہے۔

16۔ زکام کا باعث بننے والے جراثیم کے خلاف ایک وسیع العمل ویکسین نے کلینکل ٹرائل کے پہلے فیز میں مریضوں میں قابل ذکر قوت مدافعت پیدا کی ہے۔ اس ویکسین کی کامیابی سے ہر سال فلو شاٹ لگانے سے جان چھوٹ جائے گی۔

17۔ اسپین، سویڈن، اٹلی، سوئٹزرلینڈ، فن لینڈ، ڈنمارک، آسٹریلیا، کینیڈا، سنگاپور اور جاپان نے برطانیہ میں سامنے آنے والے تبدیل شدہ کرونا وائرس کے پہلے مریض کا انکشاف کیا ہے۔

18۔ سائنسدانوں نے ہر انجن سے خارج ہونے والی گرین ہاؤس گیس کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جہازوں کے ایندھن میں تبدیل کرنے کا ایک نیا طریقہ دریافت کیا ہے۔

19۔ کینیڈا کے علاقے یوکون میں 57 ہزار سال سے فریز ہوئے مادہ بھیڑیا کو دریافت کیا گیا ہے۔

20۔ خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ آدمی کی قدیم انواع شدید سردیوں میں بعض جانوروں کی طرح سست اور غیر فعال ہوجاتی تھیں اور سردیوں کے لمبے دن رات سو کر گزار دیتی تھیں۔

21۔ سائنس دانوں نے معلوم کائنات کی بعید ترین کہکشاں دریافت کی ہے جو اس وقت سے روشنی بکھیر رہی ہے جب کائنات صرف 700 ملین سال قدیم تھی۔

22۔ کورین سائنسدانوں نے مصنوعی سورج کے 20 سیکنڈ پر محیط عمل میں سو ملین سنٹی گریڈ کا درجہ حرارت حاصل کرنے کا دعوی کیا ہے۔

23۔ حیات دانوں نے بحر ہند میں بلیو ویل کی ایک نئی آبادی کا پتا لگایا ہے جو ایک مخصوص طرز کی آواز نکالتی ہیں۔

24۔ آکٹوپس بعض اوقات اپنا شکار ہتھیانے کے لیے مچھلیوں کو مکے رسید کرتی ہیں۔

25۔ مشہور مصور لیونارڈو ڈاؤنچی کے فن پاروں پر ایک مخصوص نوعیت کا جراثیمی نظام پایا گیا ہے جس کا مطالعہ قدیم فن پاروں کی تباہی کے اسباب کا پتہ لگانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

26۔ فلکیات میں مستعمل ”ڈریک مساوات“ کے ایک نئے ماڈل سے اخذ کیا گیا ہے کہ شاید کائنات میں بہت سی نابود ہو چکی تہذیبیں موجود تھیں جن میں سے کچھ بہت زیادہ ترقی کرنے کے نتیجے میں نابود ہوئیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments