جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں کامیابی، پاکستان 100 ٹی ٹوئنٹی جیتنے والی پہلی ٹیم


پاکستان نے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ کو چار وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان 100 ٹی ٹوئنٹی میچ جیتنے والی دنیا کی پہلی کرکٹ ٹیم بن گئی ہے۔

محمد نواز کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جب کہ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو بہترین کارکردگی دکھانے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیوڈ ملر نے 45 گیندوں پر 85 رنز کی شان دار اننگز کھیل کر جنوبی افریقہ کی لڑکھڑاتی بیٹنگ کو سنبھالا دیا۔ جنوبی افریقہ کی چھ وکٹیں صرف 48 رنز کے مجموعی اسکور پر گر گئیں۔ تاہم اس کے بعد ڈیوڈ ملر نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ اُنہوں نے گراؤنڈ کے چاروں جانب خوبصورت اسٹروکس کھیلے۔

ڈیوڈ ملر نے اپنی اننگز کے دوران پانچ چوکے اور سات چھکے لگائے۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے لیگ اسپنر زاہد محمود نے چار اوورز میں 40 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے چار اووز میں 28 رنز دیے۔ محمد نواز نے دو اوور میں 13 رنز دیے۔ حسن علی نے چار اوورز میں 29 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

عثمان قادر نے تین اوور میں 12 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ کپتان بابر اعظم نے سب سے زیادہ 44 رنز بنائے۔ محمد رضوان نے 42، حیدر علی نے 15، حسین طلعت پانچ، آصف علی سات، فہیم اشرف نے 10، محمد نواز نے 18 جب کہ حسن علی نے 20 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی نے چار اوورز میں 25 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ جب کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ نے کامیابی حاصل کی تھی۔

پاکستان، 100 ٹی ٹوئنٹی جیتنے والی پہلی ٹیم

جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان 100 ٹی ٹوئنٹی میچز جیتنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے اب تک 163 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں جن میں سے اب وہ 100 میچ جیت چکی ہے جب کہ 58 میچوں میں اسے شکست ہوئی۔ تین میچز ٹائی ہوئے جب کہ دو میچز ہار، جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوئے۔

پاکستان ٹیم کی کامیابی کا تناسب 62.57 فی صد رہا۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments