شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی بیوی ایک سال بعد عوام کے سامنے


کم ان اور ان کی بیوی ری کنسرٹ پر ہنستے مسکراتے ہوئے نظر آئے

کم ان اور ان کی بیوی ری کنسرٹ پر ہنستے مسکراتے ہوئے نظر آئے

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی اہلیہ ایک سال کے دوران پہلی بار عوام کے سامنے آئی ہیں۔

کم جونگ ان کی اہلیہ ری سول جو نے منگل کو اپنے شوہر کے ساتھ ایک کنسرٹ دیکھا جو کم جونگ ان کے مرحوم والد اور سابق رہنما کم جونگ اِل کی سالگرہ کے موقع پر منعقد کیا گیا تھا۔

ری سول اکثر ماضی میں اپنے شوہر کے ساتھ اہم تقریبات میں نظر آتی تھیں، لیکن پچھلے سال جنوری کے بعد سے انھیں نہیں دیکھا گیا تھا۔

ان کی عدم موجودگی کی وجہ سے ان کی صحت یا ممکنہ طور پر حاملہ ہونے کے بارے میں قیاس آرائیاں جنم لے رہی تھیں۔

اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا کی نیشنل انٹیلیجنس سروس نے منگل کو کانگریس کے اراکین کو بتایا کہ ری وبا کی تشویش کی وجہ سے عوامی مقامات پر جانے سے پرہیز کر رہی تھیں اور زیادہ وقت اپنے بچوں کے ساتھ گزار رہی تھیں۔

اگرچہ شمالی کوریا نے سرکاری طور پر کووڈ۔19 کا کوئی بھی کیس رپورٹ نہیں کیا ہے لیکن ماہرین کہتے ہیں کہ ایسا ناممکن ہے۔

یہ بھی پڑھیئے

کم جونگ اُن میک اپ فیکٹری کیوں جا پہنچے؟

کم جونگ ان کو جعلی پاسپورٹ کی ضرورت کیوں؟

’جنگی ہیروئن‘ اور کم جونگ اُن کی دادی

’کم جونگ ان کے سوتیلے بھائی کوالالمپور میں ہلاک‘

کنسرٹ پر کسی نے بھی ماسک نہیں پہنا ہوا تھا

کنسرٹ پر کسی نے بھی ماسک نہیں پہنا ہوا تھا

اخبار روڈونگ سن من کے مطابق جوڑا جب مانسوڈے آرٹ تھیئٹر میں داخل ہوا تو لوگوں نے ان کا پرزور استقبال کیا۔

تصاویر میں دونوں ہنستے مسکراتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ تاہم تھیئٹر میں شاید ہی کوئی شخص ہو جس نے ماسک پہنا ہو۔


ری سول جو کون ہیں؟

تجزیہ کار چیونگ سیونگ-چانگ کے مطابق ری سول جو ایک اعلیٰ گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں اور ان کے والد پروفیسر جبکہ والدہ ایک اوبسٹیٹریئشن ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ری، جن کی عمر 31 سال ہے، پہلے انہاسو آرکیسٹرا میں ایک گلوکارہ ہوا کرتی تھیں۔ یہ فنکاروں کا ایک مشہور گروہ ہے جس کے اراکین ریاست چنتی ہے۔

مسٹر چیونگ کا مزید کہنا ہے کہ خیال کیا جاتا ہے کہ جو نے شمالی کوریا کے رہنما سے 2009 میں شادی کی تھی۔ یہ شادی جلدی میں کی گئی تھی کیونکہ سنہ 2008 میں کم جونگ ان کے والد کم جونگ اِل فالج کا شکار ہو گئے تھے۔

جنوبی کوریا کی انٹیلیجنس کے مطابق جوڑے کے تین بچے ہیں۔


سابق امریکی باسکٹ بال سٹار ڈینس روڈمین نے اس سے قبل انکشاف کیا تھا کہ جوڑے کی ایک بیٹی ہے جس کا نام انھوں نے جو اے رکھا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کم ایک ’اچھے والد‘ ہیں۔

کم نے اس سے قبل کوموسین پیلس آف دی سن کا بھی دورہ کیا، جہاں ان کے والد اور دادا کی حنوط شدہ لاشیں رکھی ہوئی ہیں۔ انھوں نے ان کی برسی کے موقع پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ اس دن کو ’ڈے آف دی شائننگ سٹار‘ کہا جاتا ہے۔

ریاستی میڈیا نے ایک مرتبہ پھر کم کو ’صدر‘ کہا جو کہ روایتی سرکاری ٹائیٹل ’چیئرمین‘ سے انحراف ہے۔

صدر کا ٹائٹل گذشتہ ہفتے سب سے پہلے شمالی کوریا کی سینٹرل نیوز ایجنسی نے استعمال کیا تھا۔

عام طور پر شمالی کوریا میں صدر کا ٹائٹل کم جونگ ان کے دادا کم ال سنگ کے لیے مخصوص ہے جو ریاست کے بانی تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp