اپنی بیوی کے ساتھ یہ پانچ کام لازمی کیجیے


خوشیوں بھری ازدواجی زندگی گزارنے کے لئے شوہر کا کردار بیوی کی نسبت زیادہ ہوتا ہے کیونکہ جس طرح کے سمجھوتے اور قربانیاں بیوی ادا کرتی ہے ویسا ہی سب کچھ مرد کی طرف سے کم کم دیکھنے میں آتا ہے۔

شوہر کا اپنی بیوی کے ساتھ بے تکلف رویہ رکھنے سے بیوی کو ذہنی سکون ملتا ہے کیونکہ لاڈوں میں پلی لڑکیاں شادی کے بعد صرف اپنے شوہر کی بھرپور توجہ، خیال اور دوستانہ برتاؤ چاہ رہی ہوتی ہیں چاہے سسرال میں اور کوئی ایسا سب کرے یا نہ کرے۔

جہاں پر شوہر کی طرف سے بنیادی ضروریات، نان و نفقہ کا خیال رکھا جاتا ہے وہیں پر ہی مزید کچھ خاص کام بھی ہیں جن کے ادا کرنے سے ذہنی آسودگی حاصل ہوتی ہے۔ اسی حوالے میں آپ کو آج پانچ ایسے کام بتا رہا ہوں جن کے ہونے سے ازدواجی رشتہ میں نکھار پیدا ہوتا جاتا ہے۔

1۔ سرپرائز گفٹ دیں

اپنی بیوی کو تحفہ دینے کے لیے زیادہ پیسوں کے ہونے یا کسی خاص موقع کا انتظار مت کریں۔ کسی بھی عام دن میں کوئی سستا سا تحفہ بھی آپ کی بیوی کو خوش کرنے کے لئے کافی ہوتا ہے۔ ہم اکثر خاص موقعوں پر ہی بیوی کو گفٹ دیتے جو کہ ایک روٹین کی طرح ہی ہوتا ہے۔ بے موقع سرپرائز تحفہ دینے کا اپنا ہی مزہ ہے۔ اگر یقین نہیں آتا تو آپ آج ہی اس بات کو آزما کر دیکھ لیں۔

2۔ تعریف کیجیے

اپنی بیوی کی سچے اور کھلے دل سے تعریف ضرور کریں۔ خاص کر سب کے سامنے تو لازمی سراہتے رہا کریں۔ چاہے آپ سے یہ کہا جائے کہ یہ جھوٹی تعریف ہے، کسی خاص مقصد کے لئے ہے، بلا وجہ ہے، کوئی ضرورت نہیں وغیرہ تو ایسی تمام باتوں کی پروا کیے بغیر اپنی بیوی کی تعریف کے لیے جو کچھ اچھا و برملا کہہ سکتے اسے لازمی کہیں۔ کسی کے سامنے تعریف کرنے میں کبھی بھی جھجھک محسوس نہ کریں۔

3۔ اکیلے وقت گزاریے

اکثر شوہر خاص لمحات کی تنہائی کے علاوہ اپنی بیوی ساتھ اکیلے وقت بہت کم گزارتے ہیں خاص کر بچے ہونے کے بعد ۔ یا پھر جائنٹ فیملی میں رہنے کی وجہ سے بھی مشکل پیش آتی۔ مگر جو بھی ہو اپنی بیوی ساتھ اکیلے میں بات چیت کے لئے لازمی وقت نکالیں۔ گھر میں نہیں ہو سکتا تو باہر نکل جائیے۔ کہیں گھومیے، پھریے یا واک کے لئے نکل جائیے اور آپس میں کبھی خاموش ہوتے یا صرف ایک دوسرے کو سنتے وقت گزارئیے۔

4۔ گپ شپ اور مذاق

یقین مانیں آج کل کے وقت میں بھی میں نے اکثر جوڑے ایسے دیکھے ہیں جو آپس میں نہایت سنجیدہ چہروں کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں ، تبھی مجھے یہ بھی کہنے کی ضرورت پڑ رہی کہ خدارا ایک دوسرے ساتھ ہنسی مذاق، موج مستی اور گپ شپ لازمی کریں۔ آپ کے ایسا کرنے سے جو چہروں پر رونق اور شگفتگی آتی ہے، اسے دیکھ کر فمیلی کے باقی لوگوں پر بھی مثبت اثر پڑتا۔ شوہر کا بیوی ساتھ ہمیشہ سنجیدہ برتاؤ آپس میں دلی و ذہنی دوری کا سبب بنتا ہے۔

5۔ لاڈ اٹھائیں

اکثر بیوی کی طرف سے کوئی فرمائش ہو یا وہ کسی عام سے بھی تکلیف کا اظہار شوہر سے کرے تو مکمل توجہ نہیں ملتی۔ یاد رکھا کریں کہ لڑکی ہمیشہ ماں باپ کے گھر سے لاڈ میں پلتی ہیں۔ جب وہ شوہر کے گھر آتی تو اس لاڈ کو کسی حد تک برقرار رکھنا شوہر کی ذمہ داری ہونی چاہیے۔ بیوی کی چھوٹی سے بھی تکلیف یا عام سی خواہش کو بھی لاڈ کرتے توجہ دینے سے رشتہ میں عمدہ مضبوطی آتی ہے۔

تو دوستو یہ وہ چند خاص کام تھے جن کو ہونا تو دونوں لائف پارٹنرز کی طرف سے چاہیے مگر شوہر کی طرف سے ادا ہونا زیادہ ضروری ہے کہ ہمارے ہاں اکثر شوہر کو بہت رعب دبدبہ والا اور رکھ رکھاؤ والا بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔ اسی کی طرف سے ایسی کچھ عادتوں کی پہل ہو تو کیا ہی خوبصورت بات ہے۔

اگر آپ پہلے سے ہی ایسا سب کر رہے تو شاباش، ورنہ آج سے ہی ان باتوں کو اپنا کر اپنی زندگی میں خوش گوار تبدیلی لائیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments