ہالی ووڈ میں کورین فلم ‘مناری’ کے چرچے، کئی ایوارڈز کے لیے نامزد


فلم کی کہانی 1980 کی دہائی میں امریکہ نقل مکانی کر کے آنے والے ایک خاندان کے گرد گھومتی ہے۔
ویب ڈیسک — طنز و مزاح پر مبنی جنوبی کوریا کی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ‘پیراسائٹ’ کے بعد ایک اور کورین فلم ہالی وڈ میں دھوم مچانے کو تیار ہے۔

کورین فلم ‘مناری’ سے متعلق ہالی وڈ میں ایسے موقع پر چرچے ہو رہے ہیں جب ایوارڈز کے دن قریب آ رہے ہیں۔ یہ فلم امریکی سنیما گھروں میں دکھائی جا رہی ہے اور مارچ میں اسے جنوبی کوریا میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

یہ فلم ایک روایتی امریکی کہانی پر مبنی ہے جو 1980 کی دہائی میں امریکہ نقل مکانی کر کے آنے والے ایک خاندان کے گرد گھومتی ہے جو آرکنسا میں ایک فارم کی شروعات کے ساتھ اپنی زندگیاں بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ جنوبی کورین فلم ‘پیراسائٹ’ نے 2020 میں بہترین فلم کا آسکر ایوارڈ جیت کر نئی تاریخ رقم کی تھی کیوں کہ غیر ملکی زبان کی یہ پہلی فلم تھی جس نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

پیراسائٹ جنوبی کوریا میں ایک خاص طبقے اور جدید معاشرے پر گہرے طنز پر مبنی فلم تھی اس کے برعکس فلم ‘مناری’ امریکہ میں لکھی اور پروڈیوز کی گئی ہے۔

‘مناری’ پہلے ہی گولڈن گلوبز سمیت کئی ایوارڈز کے لیے نامزد ہو چکی ہے۔ تاہم آسکر ایوارڈ کے لیے اب تک اس کی نامزدگی سامنے نہیں آئی۔

فلم کے ڈائریکٹر لی آئی سیک چنگ کا کہنا ہے کہ فلم میں موجود کردار کوریائی زبان بولتے ہیں اور یہ ایک کورین گھرانے سے متعلق ہے۔ لیکن یہ فلم امریکہ کے متعلق بہت کچھ بیان کرتی ہے۔

اُن کے بقول فلم میں بہت سے لوگ ہیں جو مختلف کام کرتے ہیں، جن کا تعلق مختلف شعبہ ہائے زندگی سے ہے اور یہ ‘پیراسائٹ’ سے بہت مختلف ہے۔

فلم میں ایک شخص کی کہانی دکھائی گئی ہے جو امریکی ریاست آرکنساس میں پل بڑھ رہا ہوتا ہے۔ فلم میں کوئی طنز نہیں اور نہ ہی کسی طرح کے نسلی امتیاز کا شائبہ ہوتا ہے۔

کورین امریکن اداکار اسٹیون یوون جنہوں نے اس فلم میں باپ کا کردار ادا کیا ہے، کہتے ہیں کہ وہ یہ کردار لیتے ہوئے خوف زدہ تھے۔

اُن کے بقول، “یہ بہت خوف زدہ کر دینے والی بات تھی کہ میں اپنے والد کی نسل اور زمانے میں جا رہا تھا اور یہ محض خاکوں کی حد تک نہیں تھا بلکہ اس وقت کی انسانی اقدار کے اندر اترنا تھا۔ اس نے میری اپنی آنکھیں کھول دیں اور یہ ممکن تھا کہ میں اپنے والد یا اس نسل کے بارے میں چیزوں کو غلط انداز میں لے سکتا تھا۔”

یان، کو ٹیلی ویژن ڈرامے ‘دا واکنگ ڈیڈ’ میں اپنے کردار کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے۔ فلم ‘مناری’ میں ان کے ساتھ ایک کورین اداکارہ ییری ہان نے اُن کی ایک پریشان حال بیوی کا کردار ادا کیا ہے۔

اسی طرح یو جنگ یون نے فلم میں ایک منفرد ساس کا کردار ادا کیا ہے۔

فلم کے پروڈیوسر اس کی کامیابی کے لیے پرامید ہیں اور اُن کا کہنا ہے کہ فلم پر جو رسپانس مل رہا ہے وہ توقع سے کہیں زیادہ ہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments