انڈیا میں کسان نے دودھ کے کاروبار کے لیے ہیلی کاپٹر خرید لیا


انڈیا کی ریاست مہاراشٹر کے ایک ڈیری کسان نے دودھ کی خرید وفروخت میں آسانی اور پورے ملک میں دودھ کا کاروبار پھیلانے کی غرض سے سفر کے لیے 30 کروڑ روپے کا ایک ہیلی کاپٹر خرید لیا ہے۔

بھیونڈی کے جناردھن بھویر تعمیرات کے شعبے میں کام کرتے ہیں اور اب انھوں نے ڈیری کا کاروبار شروع کیا ہے۔

میڈیا میں بتایا گیا ہے کہ دودھ کے کاروبار کے سلسلے میں انہیں اکثر ہریانہ، پنجاب، راجستھان، گجرات اور دوسری ریاستوں میں جانا ہوتا ہے۔ جن مقامات پر وہ جاتے ہیں وہاں بیشتر جگہوں پر ہوائی اڈے نہیں ہیں۔ جس کے سبب انہیں کار یا ٹرین کے ذریعے لمبی مساقت طے کرنی پڑتی تھی۔

جناردھن نے بتایا کہ انھوں نے اپنے دوست کی صلاح کے بعد سفر کی سہولت کے لیے ایک ہیلی کاپٹر خرید لیا ہے۔

’مجھے اپنے کاروبار کے سلسلے میں اکثر سفر کرنا پڑتا ہے۔ اسی لیے میں نے ایک ہیلی کاپٹر خرید لیا۔ مجھے اپنے ڈیری کے کاروبار اور کھیتی دیکھنے کے لیے اس کی ضرورت ہے۔‘

یہ ہیلی کاپٹر تیس کروڑ روپے کا ہے۔ انھوں نے ہیلی کاپٹر کھڑا کرنے کے لیے مہاراشٹر میں ڈھائی ایکڑ زمین پر ایک ہیلی پیڈ تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس کے گرد ایک چار دیواری تعمیر کرائی جائے گی۔ وہاں ہیلی کا پٹر کے لیے ایک گیراج ہو گا۔ ساتھ میں پائلٹ اور ٹیکنیشین کے لیے بھی ایک ایک کمرہ بنایا جائے گا۔

انھوں نے بتایا کہ ’میرا ہیلی کاپٹر 15 مارچ کو میرے حوالے کیا جائے گا۔ میرے پاس یہاں ڈھائی ایکڑ زمین ہے میں وہاں ہیلی کاپٹر اترنے اور رکھنے کے انتظامات کروں گا۔‘

اس ہیلی کاپٹر کو ٹرائل رن کے لیے جناردھن کے گاؤں لے جایا گیا تھا۔ انھوں نے اس پرواز میں گاؤں کی پنچایت کے ارکان اور دیگرگاؤں والوں کو سیر کرائی تھی۔

ممبئی کے قریب میں واقع بھیونڈی میں بڑے بڑے گودام اور ویئر ہاؤسز واقع ہیں۔ ان گوداموں کا بہت بھاری کرایہ ملتا ہے۔ جناردھن اس طرح کے کئی ویئر ہاؤسز کے مالک ہیں۔ بعض اطلاعات میں ان کی املاک کی ملکیت سو کروڑ سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔

انڈیا میں صنعت کاروں کے علاوہ اب امیر تاجر بھی اپنے ذاتی استعمال کے لیے چھوٹے جہاز اور ہیلی کاپٹر خرینے لگے ہیں۔ کئی امیر لوگ تو شادی بیاہ وغیرہ میں بھی سفر کے لیے چارٹرڈ ہیلی کاپٹر یا جہاز کا استعمال کرتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp