بائیڈن کا اسرائیلی وزیرِ اعظم کو فون، دوطرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال
واشنگٹن میں نئی انتظامیہ آنے کے بعد امریکہ کے صدر جوبائیڈن اور اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو کے درمیان پہلی بار ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
امریکہ اور اسرائیل میں گہرے تعلقات ہونے کے باوجود جو بائیڈن کا صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے لگ بھگ ایک ماہ بعد وزیرِ اعظم نیتن یاہو سے رابطہ ہوا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو کے بعد اسرائیل کے وزیرِ اعظم کے دفتر سے بن یامین نیتن یاہو کی تصویر جاری کی گئی جس میں وہ مسکرا رہے ہیں۔
اس تصویر کے ساتھ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں میں گفتگو انتہائی دوستانہ ماحول میں گرم جوشی سے ہوئی۔ جب کہ بات چیت کا سلسلہ ایک گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا۔
Prime Minister Benjamin Netanyahu spoke this evening with US President @JoeBiden. The conversation was very warm and friendly and continued for approximately one hour. pic.twitter.com/AF3x6aTM36
— Prime Minister of Israel (@IsraeliPM) February 17, 2021
دوسری جانب صدر جوبائیڈن نے اول آفس میں مزدور رہنماؤں سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں اسرائیل کے وزیرِ اعظم سے ہونے والی بات چیت پر کہا کہ “ہماری اچھی گفتگو ہوئی ہے۔”
نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اسرائیل اور امریکہ کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کی گفتگو میں ایران کے جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے درپیش خطرے، کرونا وائرس کے انسداد کی کوششوں اور اسرائیل کے عرب ممالک سے تعلقات میں وسعت کے امکانات بھی زیرِ بحث آئے۔
بعد ازاں وائٹ ہاؤس سے بھی ایک بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ صدر جو بائیڈن نے ذاتی طور پر اسرائیل کی سیکیورٹی اور اس سے تعلقات کو وسعت دینے کے ارادے جب کہ دفاعی تعلقات کی مضبوطی کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔
I spoke today with @IsraeliPM Netanyahu and affirmed the United States’ steadfast commitment to our ally Israel’s security. Our teams are in constant touch to strengthen U.S.-Israel strategic cooperation on all regional security issues, including Iran.
— President Biden (@POTUS) February 17, 2021
وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ دونوں رہنماؤں نے ایران کے معاملے پر بھی گفتگو کی۔
بیان میں کہا گیا کہ جو بائیڈن نے عرب ممالک سے اسرائیل کے تعلقات معمول پر آنے کے معاہدوں کی بھی حمایت کی جب کہ جو بائیڈن نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن سمیت خطے میں امن کے اقدامات کے لیے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).