رفال طیاروں کی نچلی پرواز سے گاؤں کی بجلی منقطع ہو گئی


A French Air Force Rafale fighter jet takes part in a joint military drill in Greece in February 2021

رفال (فائل فوٹو)

فرانس کے جنوب میں دو جنگی رفال طیارے ایک فوجی ٹریننگ کے دوران نچلی پرواز کرتے ہوئے بجلی کی تاروں سے جا ٹکرائے جس سے ایک گاؤں کی بجلی منقطع ہو گئی۔

یہ واقعہ بدھ کی سہ پہر کو مینسک کے قریب واقع کاسٹیلیٹ گاؤں میں پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ دونوں رفال طیارے وہاں ایک قریبی ایئربیس سے اڑے تھے اور ان کا مقصد کم اونچائی پر پرواز کی تربیت کرنا تھا۔

اس واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس گاؤں کے میئر نے فرانس کے ایک خبر رساں ادارے کو بتایا کہ یہ طیارے انتی کم اونچائی پر پرواز کر رہے تھے کہ ’ان کی آواز نے ہی ایک خوفناک سماں پیدا کر دیا اور جب میں نے مڑ کر دیکھا تو اوپر ایک اور طیارہ بھی موجود تھا۔‘

میئر بینوٹ گوئین اس وقت اپنی کار چلا رہے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ طیارے اتنی کم اونچائی پر تھے کہ میں نے اپنے آپ سے کہا: یہ تو بجلی کی تاروں کے نیچے سے گزر گیا‘۔

یہ بھی پڑھیے

انڈیا: ائیر ہوسٹس طیارے سے گر کر زخمی

کیا جے ایف 17 تھنڈر رفال طیاروں کا مقابلہ کر سکتے ہیں؟

’رفال طیاروں کی فکر انھیں ہونی چاہیے جو ہماری سالمیت کے لیے خطرہ ہیں‘

اس کے بعد جب میئر مزید آگے بڑھے تو دیکھا بجلی کی تاریں لٹکی ہوئی تھیں۔ ان کے مطابق ایک طیارہ ان تاروں سے ٹکرایا جس سے یہ کٹ گئیں، جس کے بعد انھوں نے فوری طور پر ایمرجنسی سروسز اور بجلی فراہم کرنے والی کمپنی ’ایندس‘ کی ٹیم کو فون کر کے اس واقعے کی اطلاع دی۔

ایک مقامی اخبار کے مطابق بجلی کی تاریں گرنے سے آگ لگ گئی جس پر جلد ہی قابو پا لیا گیا۔

چند گھنٹوں تک گاؤں بجلی سے محروم رہا اور سکیورٹی کی وجہ سے اس گاؤں کی رابطہ سڑک کو بھی بند کر دیا گیا۔

اس واقعے میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ فرانس کی فضائیہ کے ایک ترجمان نے لاپروینس اخبار کو بتایا کہ اس طیارے کے پائلٹ نے اورینج ایئربیس پر مقامی وقت کے مطابق دو بجکر 11 منٹ پر بحفاظت لینڈنگ کر لی تھی۔ انھوں نے اپنی نوعیت کے اس منفرد واقعے پر دکھ کا اظہار بھی کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32497 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp