اسلام آباد دھرنا: ‘لاپتا منگیتر کی بازیابی کو ہی زندگی کا مقصد بنا لیا ہے’


پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں مبینہ لاپتا ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔

اسلام آباد کے جناح ایونیو کا اختتام یوں تو دارالحکومت کی سب سے اہم عمارت پارلیمنٹ ہاؤس پر ہوتا ہے مگر گزشتہ تین روز سے اس سڑک کے آخری پڑاؤ ڈی چوک کا نقشہ بدلا ہوا ہے۔

بند ٹریفک سگنل اور سڑک کے ساتھ لگی رکاوٹوں کو عبور کریں تو نظر خاکی رنگ کے ایک قالین کے ٹکڑے پر رکھی درجنوں تصاویر پر پڑتی ہے۔ یہ تصاویر، اُنہیں تھامے بیٹھی خواتین کے مطابق اُن کے اہل خانہ کی ہیں جو برسوں سے لاپتا ہیں۔

‘وائس آف بلوچ مسنگ پرسنز’ نامی تنظیم کے زیرِ انتظام یہ دھرنا پہلے ایک ہفتے تک اسلام آباد پریس کلب کے سامنے واقع ایک میدان میں جاری رہا۔ لیکن تین روز قبل مبینہ طور پر جبری گمشدہ افراد کی بازیابی کے لیے بلوچستان سے آئے 30 سے زائد خاندانوں نے دھرنے کا رخ پریس کلب کے بجائے ڈی چوک کی جانب کیا۔

وائس آف امریکہ کی ٹیم وہاں پہنچی تو رات بسر کرنے کے لیے رکھے کمبل اور چادروں کے ڈھیر کے ساتھ وہاں تنظیم کے چیئرمین نصراللہ بلوچ اور دیگر احتجاج کرنے والوں کو اپنے نو ساتھیوں کی تلاش کرتے ہوئے پایا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ان نوجوانوں کو مبینہ طور پر قانون نافذ کرنے والے ادارے لے گئے ہیں اور ان کا اِس وقت تک کچھ سراغ نہیں مل رہا۔

دھرنا مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ان کے پیاروں کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔
دھرنا مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ان کے پیاروں کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔

پاکستان میں جبری گمشدگی کا ذمہ دار اکثر ملک کے خفیہ ادارے، فوج یا دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو قرار دیا جاتا ہے۔ تاہم ان اداروں کی جانب سے ان الزامات کی ہمیشہ تردید کی جاتی رہی ہے۔

پاکستان میں 2011 سے لاپتا افراد کے مسئلے کے حل کے لیے ایک کمیشن کام کر رہا ہے اور حال ہی میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کابینہ کی خصوصی کمیٹی بھی بنائی ہے جس کی سربراہی وزیرِ قانون فروخ نسیم کر رہے ہیں۔

گو کہ انسانی حقوق کے کئی عالمی ادارے ‘مسنگ پرسنز کمیشن’ کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کر چکے ہیں۔ لیکن کمیشن کے اپنے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ مسنگ پرسنز کا یہ کمیشن دسمبر 2020 تک چار ہزار سے زائد کیسز نمٹا چکا ہے۔

انسانی حقوق کی وفاقی وزیر شیریں مزاری جبری طور پر لاپتا افراد کے حوالے سے بل لانے کا عندیہ ایک سال پہلے دے چکی ہیں اور چند روز قبل ہی انہوں نے اپنی وزارت کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ جبری لاپتا افراد کے حوالے سے قانون سازی پر کام جاری ہے۔

تاہم اب تک اس ضمن میں کوئی ایسی پیش رفت سامنے نہیں آئی، جس سے ڈی چوک میں بیٹھے مظاہرین کی تسلی ہو سکے۔

حکومت کا جبری گمشدگیوں کے معاملے پر قانون سازی تیز کرنے کا عندیہ

لاپتا افراد کے دھرنے میں شریک ایک خاتون راج بی بی نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے اپنے ہاتھ میں پکڑی تصویر کی طرف اشارہ کیا۔ وہ اپنے دس سال سے لاپتا بیٹے ذاکر بلوچ کی تلاش میں کوئٹہ سے یہاں آئی ہیں۔

کھلے آسمان تلے درجنوں خواتین دن رات کیسے گزار رہی ہیں؟ اس پر راج بی بی کا کہنا تھا کہ وہ زندگی میں کبھی تنہا گھر سے باہر نہیں نکلیں۔ لیکن بیٹے کے لاپتا ہو جانے کے بعد اُنہیں گھر میں ذہنی اذیت گھیر لیتی ہے۔ اس لیے وہ ان مشکل حالات میں بھی اسلام آباد کے دھرنے میں بیٹھی ہیں۔

راج بی بی کے ساتھ ہانی گل کھڑی تھیں، جن کا کہنا ہے کہ ان کے منگیتر 2019 سے لاپتا ہیں۔ اُن کے بقول، “محمد نسیم پیشے کے لحاظ سے وکیل اور کراچی کی ایک یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم تھے لیکن اب وہ لاپتا ہیں جن کی بازیابی کی جدوجہد کو ہی میں نے زندگی کا مقصد بنا لیا ہے۔”

اس سے پہلے کہ احتجاج کرنے والوں کا چھوٹا سا وفد ‘مسنگ پرسنز’ کے لیے بنائے گئے کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) جاوید اقبال سے ملاقات کے لیے جاتا، وفد کی رکن سمی بلوچ نے بتایا کہ وزیرِ داخلہ شیخ رشید اور کابینہ کی خصوصی کمیٹی کے سربراہ وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے اُنہیں یقین دلایا ہے کہ گمشدہ افراد کا نہ صرف پتا لگایا جائے گا بلکہ اُنہیں اگلے تین ہفتوں میں بازیاب کر لیا جائے گا۔

سمی بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کا یہی مطالبہ ہے کہ اگر دھرنا ختم نہیں کیا جا سکتا تو اسے ڈی چوک سے واپس پریس کلب کے سامنے منتقل کر دیا جائے۔

لاپتا افراد کے اہلِ خانہ اسلام آباد کے ڈی چوک میں دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔
لاپتا افراد کے اہلِ خانہ اسلام آباد کے ڈی چوک میں دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔

ہانی گل کہتی ہیں کہ پریس کلب کے باہر ایک ہفتے سے بھی زیادہ عرصے تک دھرنے کے باوجود اُن کی داد رسی نہیں ہو رہی تھی اور تھوڑی بہت شنوائی صرف ڈی چوک میں آجانے کی وجہ سے ہوئی ہے۔

جب راج بی بی سے یہ پوچھا گیا کہ اتنے سالوں میں کیا ان کا بیٹے سے کبھی رابطہ ہوا تو انہوں نے نفی میں سر ہلا دیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ اُنہیں تو بیٹے کا چہرہ اب صرف خواب میں ہی دکھائی دیتا ہے۔ مگر وہ ہمت ہارنا نہیں چاہتیں۔

راج بی بی کے بقول، “اتنے برس بیت جانے کے باجود میں جانتی ہوں کہ میرا بیٹا صحیح سلامت ہے اور وہ ایک دن ضرور گھر واپس آ جائے گا۔ اگر ہم مائیں یہ سوچ لیں کہ ہماری اولاد زندہ نہیں تو شاید ہمارے لیے سانس لینا بھی دشوار ہو جائے۔”

اس تمام گفتگو کے دوران درجنوں نوجوان لڑکے جو کہ دھرنے میں شریک ہیں، آتی جاتی گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کو یہ بتاتے نظر آئے کہ یہ راستہ فی الحال عام ٹریفک کے لیے بند ہے۔

کچھ لوگ شام کے کھانے کا انتظام کرنے میں لگے تھے اور زیادہ تر مرد شرکا فٹ پاتھ کے کنارے ٹیک لگائے اس وفد کا انتظار کر رہے تھے جو ‘مسنگ پرسنز کمیشن’ کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال سے ملاقات کے لیے گیا تھا۔

وہاں موجود دھرنے کے شرکا ہم سے بات تو کرنا چاہتے تھے۔ لیکن اتنے میں اُن کا وفد جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال سے ملاقات کے بعد واپس آ چکا تھا اور دھرنے کے شرکا کو اب صرف اس بات کا بے چینی سے انتظار تھا کہ اُنہیں یہ بتایا جائے کہ وفد نے اُن کے مطالبات کے حوالے سے کمیشن کے سربراہ سے کیا بات کی۔

سمی بلوچ خواتین شرکا کو یقین دلا رہی تھیں کہ مذاکرات میں کوئی ایسی بات سامنے نہیں آئی جو نئی ہو۔ اس لیے دھرنا اسی طرح جاری رہے گا جب تک کہ وزیرِ اعظم عمران خان خود شرکا کو لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق اعتماد میں نہ لیں۔

ہانی گل سے جب یہ پوچھا کہ حکومت سے اُنہیں آخر کیا جواب ملنے کی امید ہے؟ تو اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کو لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے مزید وقت نہیں دیا جا سکتا۔ وزیرِ اعظم خود دھرنے کے شرکا سے ملیں اور اُنہیں دوٹوک الفاظ میں بتائیں کہ ان کے پیارے کب گھروں کو لوٹیں گے۔

ہانی گل کا کہنا تھا کہ ان کے گھروں تک تو شاید ان کی آواز سننے کوئی نہیں آئے گا۔ اس لیے یہ سب اپنے پیاروں کو تلاش کرتے خود وزیرِ اعظم تک آگئے ہیں۔

جب ایک بڑی کالے رنگ کی فور ویلر گاڑی شرکا کے پاس آ کر رکی تو سبھی اس میں سوار جے یو آئی ایف کے سربراہ اور سینٹ کے سابق ڈپٹی چیئرمین مولانا عبدالغفور حیدری کو ملنے آگے بڑھے۔ وہ بھی کئی دیگر سیاسی رہنماؤں کی طرح شرکا سے اظہار یکجہتی کرنے ڈی چوک آئے تھے۔

راج بی بی الفاظ میں ’’ جو خواتین گھر سے کبھی اکیلی نہیں نکلتی تھیں، فروری کی سردی میں زمین پر اس امید کے ساتھ اسلام آباد میں بیٹھی ہیں کہ اُنہیں وزیرِ اعظم انصاف دلائیں گے‘‘۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments