سمیع چوہدری کا کالم: پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن ورلڈ کپ تک پہنچائے گا؟


پی ایس ایل

کوئی بھی کاروباری مہم جوئی تب تک کامیاب نہیں ٹھہرتی جب تک کہ وہ مالی طور پہ خود کفیل نہ ہو جائے۔ یہ کسی بھی برانڈ یا پروڈکٹ کے مستحکم ہونے کی پہلی منزل ہے۔ مالی استحکام کے بعد اسے دیگر اغراض بھی پورے کرنا ہوتے ہیں۔

اس اعتبار سے دیکھا جائے تو ایک کامیاب چوتھے سیزن کے بعد پی ایس ایل کا سابقہ ایڈیشن کچھ سود مند ثابت نہ ہو سکا۔ کورونا کے سبب آخری چند میچز کا التوا اور ٹکٹ سیلز کی آمدن بند ہونا اس کے بنیادی عوامل رہے۔ اور اسی پہ بعد ازاں فرنچائزز اور بورڈ کا ڈیڈ لاک عدالتوں تک پہنچتے پہنچتے تھما۔

پی ایس ایل کا حالیہ ایڈیشن بھی مالی اعتبار سے مفید ہونے کے امکانات بہت کم ہیں۔ پہلے مرحلے میں صرف 20 فیصد کراؤڈ کی اجازت دی گئی ہے، سو ٹکٹوں کی آمدن کا 80 فیصد حصہ تو آغاز سے پہلے ہی خسارے میں شامل ہو چکا۔

سمیع چوہدری کے دیگر کالم بھی پڑھیے

ہر روز ’جمعرات‘ نہیں ہوتی

’شکر ہے، کرائسٹ چرچ ٹیسٹ ختم ہو گیا‘

حسن علی سبھی سوالوں کے جواب دے گئے

سمیع چوہدری کا کالم: اب نمبر ون رینکنگ والے دن دور نہیں

پی ایس ایل

لیکن چونکہ بورڈ اور فرنچائزز نے سوچ بچار کے بعد ہی اس گنگا میں پاؤں دھرے ہیں تو شاید اس بار خسارے کے چھینٹوں کے شکوے بھی سنائی نہ دیں گے اور دیگر سبھی کاروباری مہم جوؤں کی طرح پی ایس ایل کے سٹیک ہولڈرز بھی ’پوسٹ کووڈ‘ دنیا کے تقاضوں سے نباہ کر لیں گے۔

لیکن چونکہ یہ سال ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا سال ہے تو ہر کرکٹ بورڈ اپنے شیڈول میں زیادہ سے زیادہ ٹی ٹونٹی مقابلوں کو ترجیح دے گا۔ متعلقہ کرکٹ لیگز کی ذمہ داری بھی یہی ہو گی کہ وہ اپنے اپنے قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ کے خلا پر کریں اور ورلڈ کپ ٹائٹل کے لیے بہتر مواقع پیدا کریں۔

پاکستانی ٹیم کبھی ٹی ٹونٹی عالمی درجہ بندی کی پہلی ٹیم ہوا کرتی تھی۔ شومئی قسمت کہ آئی سی سی کے عجیب وغریب شیڈولنگ معاملات کے طفیل اس سارے دور میں ایک بھی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ نہ آیا۔ اور ستم یہ کہ پی ایس ایل کے پہلے سیزنز کا پیش کردہ ٹیلنٹ بھی دھیرے دھیرے جھڑتا گیا۔

پی ایس ایل

اب پاکستان ٹی ٹونٹی کی ایک مسابقتی ٹیم تو ضرور ہے مگر ویسی ناقابلِ شکست نہیں رہی کہ جس کی بولنگ کا سامنا کرنا جوئے شیر لانے سے کم نہیں تھا۔ پاور پلے میں عماد وسیم اور محمد عامر کو کھیلنا ناممکن ہوتا تو مڈل اوورز میں شاداب خان اور حسن علی کا چیلنج درپیش ہوتا۔ ڈیتھ اوورز میں وہاب ریاض کے یارکرز بلے بازوں کی جارحیت اڑا دیا کرتے۔

حالیہ ٹی ٹونٹی سیریز میں جنوبی افریقہ کے خلاف بھی ہمیں یہ ساری تشنگیاں دیکھنے کو ملیں۔ گو سیریز پاکستان کے نام رہی مگر نوآموز جنوبی افریقی سکواڈ کی ہمت نے بابر اعظم کے سکواڈ کے کئی ڈھیلے گوشے بے نقاب کر دیے۔

محمد حفیظ اور شعیب ملک کی عدم موجودگی میں یہ مڈل آرڈر اکثر سہارے ڈھونڈتا نظر آتا ہے۔ ٹی ٹونٹی میچ کے درمیانی اوورز میں بیٹنگ کرنا ون ڈے کے آخری پاور پلے جیسا ہوتا ہے۔ یہ ایک خاص آرٹ ہے اور اس کے لیے چنیدہ قسم کے مشاق کھلاڑی درکار ہوتے ہیں۔

پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کو اس سوال کا بھی جواب دینا چاہیے کہ پہلے دو تین سیزنز میں جیسے پے در پے اچھے کھلاڑی قومی دھارے کا حصہ بنے تھے، وہ پچھلے دو سیزیز میں کیوں نہیں ہو پایا۔ جو گنے چنے کھلاڑی پچھلے دو سیزنز میں قومی ٹیم تک پہنچے بھی، وہ ابھی تک اپنی حیثیت ثابت نہیں کر پائے۔

شاہین آفریدی

ڈیتھ اوورز میں شاہین شاہ آفریدی کا ساتھ دینے کے لیے پاکستان کو ایک برق رفتار بولر کی ضرورت ہے جو رفتار کے بدلاؤ کے ساتھ یارکرز پھینکنے میں مہارت رکھتا ہو۔ پی ایس ایل کے حالیہ سیزن میں نوجوان پیسرز کے لیے بے شمار مواقع ہوں گے کہ وہ قومی سکواڈ تک کا ٹکٹ جیت پائیں۔

رواں برس کا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ پی ایس ایل کے اب تک کے سفر کا تقریباً پہلا ٹائٹل ہے اور اگر پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن اس عالمی ٹائٹل کی دوڑ کو پاکستان کے لیے آسان کر سکتا ہے تو مالی خسارے کے باوجود یہ گھاٹے کا سودا نہیں ہو گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32470 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp