دور دراز پہاڑوں میں سات دنوں تک ’میرے کتے نے زندہ رہنے میں میری مدد کی‘


اٹلی کے پہاڑی سلسلے میں اپنے کتے کے ہمراہ ہائیکنگ کے لیے جانے والے اس شخص کو بچا لیا گیا ہے جو گرنے کے بعد اپنا ٹخنا ٹوٹنے کے باعث سردی میں سات دن تک کھلے آسمان تلے بے یارومددگار پڑا رہا۔

جمعرات کو ایک ہیلی کاپٹر میں امدادی کارکنوں نے شمال مشرقی اٹلی کے علاقے اوڈائن میں ایک شخص کو ندی کے قریب پڑے ہوئے دیکھا۔ ریکسیو ٹیم کو یہ شخص تقریباً 700 میٹر (2300 فٹ) کی اونچائی پر ملا۔

اس شخص کا کہنا ہے کہ ان سات دنوں کے دوران ان کے کتے ایش نے ان کا ساتھ دیا۔

33 برس کا یہ شخص بھوکا پیاسا تھا اور بتایا کہ ’میرے کتے نے زندہ رہنے میں میری مدد کی۔‘

امدادی کارکن اب ایش کی دیکھ بھال کر رہے ہیں جبکہ یہ شخص ہسپتال میں صحت یاب ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ٹوٹی ہوئی ٹانگ اٹھا کر رینگنے والے ہائیکر کو بچا لیا گیا

کتا انسان کا دوست کیوں ہوتا ہے؟

یہ شخص شمال مشرقی شہر ٹریسٹ کا رہنے والا ہے جو وادی وینزوناسا کے ایک حصے میں تھا جہاں فون سے رابطہ ممکن نہیں۔

یہ شخص خود کو گھسیٹ کر ندی کے قریب لانے اور تھوڑا سا پانی پینے میں کامیاب ہو گیا۔ وہ ہوش میں لیکن انتہائی زخمی حالت میں ملا۔

اس شخص کی گرل فرینڈ نے بدھ کو فرولی پہاڑ اور غار ریسکیو سروس (سی این ایس اے ایس) کو الرٹ کر دیا تھا کیونکہ اس شخص کی ہائیکنگ سے واپسی پیر کو متوقع تھی۔

وہ گذشتہ برسوں میں بھی اس طرح کی ہائیکنگ پر جا چکے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp