کیلوں کی پیٹیوں میں کروڑوں کی کوکین سمگل کرنے کی کوشش ناکام


افریقی ملک کمبوڈیا سے کیلوں کی پیٹیوں میں برطانیہ سمگل ہونے والی 18 کروڑ چالیس لاکھ سے زیادہ مالیت اور 2300 کلو وزنی کوکین حکام کی جانب سے قبضہ میں لے لی گئی ہے۔

برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے مطابق ان پیٹیوں کو پورٹسماؤتھ میں روکا گیا جہاں پر ان میں سے منشیات کو نکال دیا گیا ہے۔

ان خالی پیٹیوں کو پھر مصنوعی سامان سے بھر دیا گیا اور انھیں شمالی لندن میں ان کی منزل ٹوٹینہم انڈسٹریئل اسٹیٹ بھجوا دیا گیا جس کے بعد اس سلسلے میں اب تک دس افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ این سی اے کے مطابق تین افراد پر فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔

یہ وزن کے اعتبار سے برطانیہ میں منشیات برآمد ہونے کا اب تک کے سب سے بڑے واقعات میں سے ایک ہے۔

یہ بھی پڑھیے

منشیات کے کارٹیل وبا کا کیسے فائدہ اٹھا رہے ہیں؟

کوکین کے استعمال سے ہونے والی اموات میں اضافہ

’اس نے میرے ہاتھ پر کوکین رکھی اور میں کمزور پڑ گئی‘

جاسوسوں سے تفصیلات حاصل ہوئیں

اس کارروائی کے دوران این سی اے اور میٹروپولیٹن پولیس کی جانب سے ایک ہفتہ طویل تحقیقات کے بعد ایک مشترکہ آپریشن کیا گیا۔ انھیں اس حوالے سے تفصیلات اپنے جاسوسوں کے ذریعے حاصل ہوئی تھیں۔

افسران کی جانب سے پورٹسماؤتھ آنے سے قبل 41 پیٹیوں میں کوکین کی موجودگی کے لیے کھوج لگائی گئی اور پھر یہاں پہنچنے پر برطانوی بارڈر فورس کے افسران نے کوکین کو ان پیٹیوں سے نکالا۔

پولیس کی جانب سے کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی جب اس جگہ سے ایک جاسوسی کے آپریشن کے دوران شواہد اکھٹے کیے جا چکے تھے۔

جسم پر نصب کیمروں کی مدد سے بنائی گئی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا تھا کہ اسلحے سے لیس پولیس افسران ان سٹوریج یونٹس میں داخل ہو رہے ہیں جہاں منشیات پہنچائی جانی تھیں۔

‘پچاس لاکھ مالیت کی منشیات کی ڈیلز’

میٹروپولیٹن پولیس کے سائمن مورنگ کے مطابق منظم جرائم پیشہ عناصر کو منافع کی مد میں 10 کروڑ پاؤنڈ سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ‘جب تک انھیں اسے مزید ڈیلز (یعنی چھوٹے پیمانے پر منشیات کی فروخت) میں تقسیم کرنے کا موقع ملتا، ہم نے شاید ان سے پچاس لاکھ ڈیلز لے لی ہیں۔’

‘یعنی پچاس لاکھ ڈیلز اب برطانیہ کی گلیوں سے ختم ہو چکی ہیں۔‘

این سی اے میں ہیڈ آف سپیشلسٹ آپریشن جان کولز کا کہنا ہے کہ ‘غیرقانونی منشیات ایک بہت بڑا خطرہ ہیں اور جو افراد کوکین کی فروخت میں ملوث ہوتے ہیں وہ اکثر پرتشدد اور استحصال کرنے والے ہوتے ہیں۔ کوکین سپلائی اسلحے کا استعمال، چاقو بردار حملوں اور نوجوان اور کمزور افراد کا استحصال کرنے سے بھی منسلک ہے۔

برطانیہ میں پکڑی جانے والی کوکین کی یہ پیٹیاں دراصل یہاں اوسطاً پورے سال میں پکڑی جانے والی کوکین کا نصف ہے۔

مارچ 2020 سے لے کر اب تک برطانیہ سے 4200 کلوگرام منشیات پکڑی جا چکی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32299 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp