ایما کورونل ایسپورو: منشیات کی دنیا کے 'گاڈ فادر' ایل چاپو کی اہلیہ کون ہیں؟


ایما

ایما کو واشنگٹن میں گرفتار کیا گیا

جب ایل چاپو گوزمین نیویارک کی اس عدالت کے کٹہرے میں کھڑے ہوتے تھے تو ان کی نظریں اکثر اس جانب ہوتی تھیں جہاں پبلک آکر بیٹھتی ہے۔

بظاہر ایسا معلوم ہوتا تھا کہ وہ اپنی اہلیہ ایما کورونل ایسپورو کو دیکھ کر ان کی موجودگی کو یقینی بنانے کا کوئی موقع جانے نہیں دیتے تھے۔

اسی عدالت سے ایل چاپو کو سنہ 2019 میں عمر قید کی سزا ہوئی تھی اور اب ان کی اہلیہ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

امریکہ کے حکام کا کہنا ہے کہ میکسیکو سے تعلق رکھنے والے منشیات کے سمگلر ایل چاپو گوزمان کی بیوی کو امریکہ میں منشیات کی سمگلنگ کے شہبے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ایما کورونل ایسپورو کو واشنگٹن کے ڈیولز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے باہر سے گرفتار کیا گیا ہے۔

ایما کورونل جن کے شوہر ایل چاپو پہلے ہی امریکہ کی قید میں ہیں انھیں مختلف منشیات کوکین، ہیروئن اور چرس عام کرنے کی ایک سازش میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

منشیات کی دنیا کے ‘گاڈ فادر’ ایل چاپو گوزمین کون؟

میکسیکو:منشیات فروشوں کے ساتھ گزرے آٹھ ماہ کی کہانی

منشیات کی تجارت پر لکھنے والے میکسیکن صحافی ہلاک

ایل چاپو

ایل چاپو اس وقت عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں

ایل چاپو فی الوقت نیویارک کے ایک قید خانے میں منشیات کی سمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے جرائم میں عمر قید کاٹ رہے ہیں۔

تریسٹھ سالہ ایل چاپو گوزمان سینالاؤ کارٹیل نامی منشیات فروخت کرنے والے ایک گروہ کے سربراہ تھے جس کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ وہ امریکہ میں منشیات سمگل کرنے والا سب سے بڑا بین الاقوامی گروہ تھا۔

سنہ 2019 میں ان پر چلنے والے مقدمے میں ان کی زندگی کے حیران کن واقعات سامنے آئے جن میں کم سن لڑکیوں کو نشے کی لت میں مبتلا کرنے، ان کا ریپ کرنے کے علاوہ مخالف گروہوں اور اپنے مد مقابل لوگوں کو راستے سے ہٹانے کے لیے قتل کرنے کی تفصیلات بھی سننے کو ملیں تھیں۔

ایما کورونل ایسپورو کے خلاف الزامات

Emma Coronel

El gobierno de EE.UU. llevaba cerca de dos años investigando a Coronel.

امریکہ کے محکمۂ انصاف کے مطابق ایل چاپو کی بیوی کورونل ایسپورو کو واشنگٹن ڈی سی کی ایک وفاقی عدالت میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔

منشیات کی سمگلنگ کے علاوہ ایما کورونل کے خلاف جن الزامات میں مقدمہ چلایا جائے گا ان میں سنہ 2015 میں اپنے شوہر کے میکسیکو کی ایک جیل سے فرار ہونے کی سازش کرنے کا الزام بھی شامل ہے۔

ایل چاپو میکسیکو کی انتہائی محفوظ تصور کی جانے والی جیل ایل تیپانو سے ایک سرنگ کے ذریعے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ ان کے بیٹے نے جیل کے نزدیک ایک گھر خریدا جس کے بعد جیل کے اندر ایل چاپو کو ‘جیوگرافیل لوکیشن سسٹم’ یا جغرافیائی محل وقوع کی نشاندہی کرنے والی گھڑی سمگل کی گئی اور یوں ایل چاپو کی کوٹھری تک سرنگ کھود کر انھیں جیل سے فرار کروایا گیا۔ اس زیر زمین سرنگ کے اندر ایک چھوٹی سی موٹر سائیکل بھی پہنچائی گئی جس پر بیٹھ کر وہ سرنگ سے نکلے۔

ایما کورونل کی طرف سے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات پر ابھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

ایما کورونل ایسپورو کون ہیں؟

Emma Coronel

Los datos comprometedores para Emma Coronel están lejos de ser recientes.

کورونل ایسپورو کے پاس امریکہ اور میکسیکو کی دوہری شہریت ہے۔ وہ ماضی میں حسن کے مقابلوں میں شرکت کرتی رہی ہیں اور زمانہ طالب علمی میں صحافت کی طالب علم رہیں ہیں۔ گوزمان سے ان کے ہاں دو جڑواں بچے پیدا ہوئے تھے۔

امریکی ذرائع ابلاغ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انھوں نے بتایا تھا کہ گوزمان سے ان کی پہلی ملاقات رقص کی ایک محفل میں ہوئی تھی جب ان کی عمر صرف 17 برس تھی اور گوزمان اس وقت انچاس سال کے تھے۔

اپنے شوہر پر نیویارک کی ایک عدالت میں تین ماہ تک جاری رہنے والی ہر سماعت کے دوران وہ عدالت میں موجود رہتی تھیں جہاں ان کے شوہر کے جرائم جس میں ریپ، اغوا اور قتل کی تفصیلات بیان کی جاتی تھیں۔ ان تفصیلات میں یہ معلومات بھی سامنے آئی تھیں کہ ایل چایو کس طرح ان پر اور اپنی داشتاوں پر نظر رکھتے تھے۔

ایل چاپو پر مقدمے کی سماعت کے دوران ان کی اہلیہ بھی ذرائع ابلاغ کی نظروں میں آئیں۔ ایک موقعے پر جب ایل چاپو کی ایک داشتہ رو رو کر ان کے خلاف گواہی دے رہی تھیں تو ان کی اہلیہ کمرۂ عدالت میں ہنستی رہیں۔ ایک دن سماعت کے دوران دونوں میاں بیوی نے ایک ہی رنگ کی جیکٹ پہن رکھی تھی جس پر لوگوں کا کہنا تھا یہ ان کے ساتھ اپنی وفاداری ثابت کرنے کی ایک کوشش تھی۔

وہ مقدمے کے دوران گوزمان کی آخری وقت تک حمایت کرتی رہیں اور مقدمے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ایل چاپو کو جس طرح کا شخص ثابت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ان کے شوہر ایسے نہیں ہیں۔

گوزمان کا تعلق ایک غریب گھرانے سے تھا۔ ان کے منظم جرائم کا کاروبار اس قدر بڑھا کہ سنہ 2009 میں فوربز میگزین نے ان کا نام دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں 701 نمبر پر شائع کیا اور ان کے اثاثوں کی مالیت کا تخمینہ ایک ارب ڈالر تک لگایا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp