شوبز ڈائری: ’میری جگہ کوئی اور لڑکی ہوتی تو شاید وہ حالات کے سامنے ہتھیار ڈال دیتی‘


شوبز میں اپنی جدو جہد کے بارے میں آئٹم نمبرز کے لیے مشہور اداکارہ نورا فتحی کا کہنا ہے کہ جن حالات سے وہ گزری ہیں ان کی جگہ کوئی اور لڑکی ہوتی تو شاید وہ حالات کے سامنے ہتھیار ڈال دیتی۔

حال ہی میں دبئی کے ایک یو ٹیوب چینل پر ہوسٹ انس بوخاش کے ساتھ ایک انٹرویو میں اپنے کریئر اور جدو جہد کی بات کرتے ہوئے نورا اتنی جذباتی ہوئیں کہ خود کو نہ سنبھال پائیں اور رونے لگیں۔

کینیڈا میں پیدائش اور پرورش پانے والی نورا کے والدین کا تعلق مراکش سے ہے اور ماڈلِنگ کے ساتھ ساتھ انھوں نے 2014 میں بالی وڈ میں قدم رکھا۔ لیکن انھیں پہچان ’دلبر‘، ’اوساقی‘ اور ‘ایک تو کم زندگانی’ جیسے گانوں سے ہی ملی اور نورا آئٹم نمبر کوئن کہلانے لگیں۔ اس کے علاوہ اپنے کرئیر کے آغاز میں نورا نے بگ باس نائن میں بھی شرکت کی تھی۔

نورا نے بدھ کے روز یہ انٹرویو اپنے انسٹاگرام پیج پر شیئر کیا۔

نورا کا کہنا تھا کہ وہ پختہ یقین رکھتی ہیں کہ اگر ابتدا سے ہی آپ میں ‘امید اور اعتماد‘ قائم ہے تو آپ ہر طرح کے چیلنجز کا سامنا کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

سشمیتا سین: ’بہترین تحفہ‘ 45ویں سالگرہ پر ملا ہے

’مودی کو ٹانگیں دکھانے‘ پر پرینکا پر تنقید

کیا سلمان خان پرینکا کو کبھی معاف کریں گے؟

’کرداروں کی آفر احسان کے طور پر دی گئی جو قبول نہیں تھا‘

نورا کہتی ہیں کہ ’مغربی ملکوں میں آکر بسنے والے والدین اکثر بچوں پر پابندیاں لگاتے ہیں کہ وہ کیا پہنیں اور کیا نہ پہنیں، یہ نہ کریں وہ نہ کریں کہاں جائیں اور کہاں نہ جائیں اس سے بچوں میں اعتماد کا فقدان پیدا ہوتا ہے اور وہ آنے والے حالات کے لیے تیار نہیں ہو پاتے۔‘

اداکارہ نے دنیا بھر کے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو دنیا کا سامنا کرنے کی ترغیب دیں اور ان پر پابندی عائد کرنے کے بجائے بالغ زندگی کی حقیقتوں سے آگاہ کریں اور ان کے ساتھ بات چیت کریں کیونکہ اگر والدین بچوں کو اعتماد میں لیتے ہیں تو بچے آگے چل کر زندگی میں کامیاب رہتے ہیں۔

نورا نے اپنی زندگی یا جدو جہد کے بارے میں کھل کر تو کچھ نہیں کہا لیکن نورا کی ان باتوں سے ظاہر ہے کہ انھیں نہ صرف باہر کی دنیا بلکہ اپنے گھر میں سخت جدو جہد کا سامنا رہا ہو گا۔

ریا

’چہرے‘ کے پوسٹر سے ریا کا چہرہ غائب

لگتا ہے بالی وڈ اداکارہ ریا چکرورتی کا امتحان ابھی تک ختم نہیں ہوا۔ اپنے دوست سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد میڈیا ٹرائل، ٹرولز اور جیل کی سختیاں جھیلنے کے بعد اب شاید انھیں لگتا تھا کہ وہ بالی وڈ میں ایک بار پھر اپنی نئی زندگی کا آغاز کر پائیں گی۔

لیکن ان کی نئی فلم ‘چہرے’ کا پوسٹر ریلیز ہوا جس میں امیتابھ بچن، عمران ہاشمی یہاں تک کے انو کپور تک کے چہرے نمایاں طور پر دکھایا گیا ہے لیکن ان کی فلم ‘چہرے ‘ کے پوسٹر سے ریا کا چہرے غائب ہے۔

ریا کی ایک قریبی دوست نے ویب سائٹ بالی وڈ ہنگامہ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے سال کے دردناک واقعات کے بعد ریا اب اپنے بکھرے ہوئے وجود کو سمیٹنے کی کوشش کر رہی تھی لیکن بالی وڈ میں اس طرح کی واپسی سے ان کا دل ٹوٹ گیا ہے۔

سوشانت سنگھ راجپوت کے کچھ مداحوں نے اسے کامیابی قرار دیتے ہوئے جشن منایا جبکہ کچھ لوگوں نے اسے ریا کے ساتھ نہ انصافی قرار دیا۔ حالانکہ فلم میں ریا کے کردار کے تمام مناظر شوٹ کر لیے گئے ہیں اب دیکھنا ہے کہ ریا صرف پوسٹر سے ہی غائب ہوئی ہیں یا پھر انھیں فلم سے بھی نکال دیا گیا ہے۔

کنگنا کے نوجوانوں پر طنز

کنگنا رناوت کے بارے میں اب یہ کہا جانے لگا ہے جب تک و ہ کسی کو دو چار کھری کھوٹی نہ سنادیں ان کا دن پورا نہیں ہوتا۔ یوں تو سوشل میڈیا پر وہ بالی وڈ کے اپنے ساتھیوں کو تقریباً روز ہی لتاڑتی رہتی ہیں جن میں کبھی عالیہ تو کبھی کرن، کبھی سوارا باکسر تو کبھی تاپسی پنوں شامل ہیں۔

اس بار باری تھی انڈیا کے نوجوانوں کی۔ کنگنا کو یو ٹیوب پر ملک کے نوجوانوں سے ملک کی تاریخ اور سیاست پر پوچھے جانے والے سوالوں کے جواب پر اتنا غصہ آیا کہ انھوں نے ٹوئٹر پر نوجوانوں پر طنز کرتے ہوئے انھیں ’کُند ذہن‘ کہہ ڈالا۔

انھوں نے شدید افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس نسل کے لیے لڑ رہی ہیں اور سب کی مخالفت جھیل رہیں ہیں جسے اپنی تاریخ اور حالاتِ حاضرہ کے بارے میں کچھ نہیں معلوم۔

کنگنا نے لکھا ‘بہت سارے لوگوں نے اس قوم کی تعمیر کے لیے قربانیاں دیں، آج بھی بہت سے اس کو متحد رکھنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں ، میں اپنا وقت اور توانائی ان لوگوں کی خاطر صرف کر رہی ہوں جب میں نے اس طرح کے نوجوانوں کو دیکھا تو حیرت ہوتی ہے کہ کیا یہ اس کے قابل بھی ہیں۔‘

لگتا ہے کہ کنگنا نے فلم ‘منی کارنیکا جھانسی کی رانی کرنے کے بعد تاریخ کے مخصوص حصے ضرور پڑھے ہوں گے لیکن حالاتِ حاضرہ پر ان کی پکڑ کبھی کھبی سوشل میڈیا پر پکڑ لی جاتی ہے اور پھر انھیں اپنی ہی ٹوئٹ ڈیلیٹ کرنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے۔ دیکھتے ہیں کہ اب کنگنا کا اگلا نشانہ کون ہو گا۔

’کترینہ سے موازنہ جائز نہیں‘

زرین خان

اداکارہ زرین خان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کی شکل کترینہ کیف سے بہت ملتی ہے۔ زرین کا کہنا ہے کہ کترینہ سے شکل ملنے کے سبب ہمیشہ ان کا موازنہ کترینہ سے کیا جاتا رہا جو بالکل جائز نہیں اور انھیں لگتا ہے کہ اس سے ان کا کریئر متاثر ہوا ہے۔

انڈین رزوزنامہ ٹائمز آف انڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے زرین کا کہنا تھا کہ لوگ ہمیشہ انھیں کترینہ کی ہمشکل کے طور ہی دیکھتے رہے اور بطور زرین خان ان کی صلاحیتو ں کو نکھارنے یا دکھانے کا موقع نہیں دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا تقریباً دس سال پہلے جب وہ انڈسٹری میں آئی تھیں تو سوشل میڈیا اتنا عام نہں تھا لیکن میڈیا نے ہمیشہ انھیں کترینہ کی ہمشکل کے طور پر پیش کیا اور لوگوں کو بھی ان کی شخصیت یا اداکاری کے بارے میں آزاد رائے قائم کرنے کا موقع نہیں ملا۔

یہ کسی حد تک درست ہے کہ ان کی فلم ویر کی ریلیز سے پہلے ہی انھیں کترینہ کی ہمشکل بنا کر پیش کیا گیا شاید یہی وجہ تھی کہ انھیں اپنی پہلی فلم ‘ویر’ سلمان خان کے ساتھ ملی تھی فلم ناکام رہی لیکن زرین کسی نہ کسی طرح انڈسٹری میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کرتی رہیں۔

ویسے سلمان خان کی جانب سے اپنی مبینہ گرل فرینڈز کی شکل سے ملتی جلتی ہیروئنز متعارف کروانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں اس سے پہلے سلمان ایشوریہ رائے کی ہمشکل کہی جانے والی سنیہا الہاس کو بھی لیکر آئے تھے جن کا آج تک کچھ پتہ نہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp