پی ایس ایل 6 میں روایتی حریف لاہور اور کراچی مدِ مقابل: لاہور قلندرز کا کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ


پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا گیارہواں میچ آج روایتی حریف کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

دونوں ٹیموں میں ایک ایک تبدیلی کی گئی ہے، لاہور کی جانب سے نوجوان بلے باز ذیشان اشرف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ کراچی کی جانب نوجوان فاسٹ بولر محمد الیاس ٹیم کا حصہ ہے۔

ٹاس کے موقع پر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے ہر دوسرے میچ کے جیسا ہی ہے اور وہ چاہیں گے کہ گذشتہ میچوں میں ان سے فیلڈنگ میں جو غلطیاں ہوئیں وہ نہ دہرائی جائیں۔

دوسری جانب لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس ٹورنامنٹ میں اچھا کھیلتے آ رہے ہیں اس لیے اس مرتبہ بھی ہم بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

بابر اعظم کے 90 رنز کی بدولت کراچی کنگز کی ملتان سلطانز پر باآسانی فتح

شمالی وزیرستان کا محمد وسیم جسے دہشتگردی بھی کرکٹ کھیلنے سے روک نہ سکی

شاہنواز دھانی: ’ٹرائلز کے لیے میرے پاس جوتے، جرابیں نہیں تھیں‘

یہ دونوں ٹیموں کے درمیان اس ٹورنامنٹ کا پہلا میچ ہے اور عموماً دونوں ہی شہروں کے باسی اس ٹاکرے کا بڑی شدت سے انتظار کرتے ہیں۔

اس ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں نے اب تک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے کہ اور تین تین میچ کھیلنے کے بعد دو میں فتح جبکہ ایک میں شکست کھائی ہے۔ کراچی کنگز پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے اور لاہور قلندرز کی تیسری پوزیشن ہے۔

اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان پی ایس ایل کے گذشتہ پانچ سیزنز کے دوران 11 میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں کراچی نے سات میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ لاہور صرف چار میں فاتح رہا ہے۔

اب تک پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کے تمام میچوں میں جس ٹیم نے پہلے فیلڈنگ کی ہے وہی فاتح رہی ہے اس لیے آج بھی ٹاس انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

دونوں جانب سے کھلاڑیوں کی کارکردگی کے بارے میں بات کی جائے تو اگر یہ کہا جائے کہ لاہور قلندرز کے محمد حفیظ اپنی زندگی کی بہترین فارم میں ہیں تو غلط نہ ہو گا۔ ادھر لاہور ہی کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی بھی عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

کراچی کنگز کے کپتان تو عماد وسیم ہیں تاہم ان کے لیے بیٹنگ کو اوپن کرنے والے پاکستان کے تینوں فارمیٹس کے کپتان بابر اعظم ہیں جنھوں نے پچھلے میچ میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 90 گیندوں پر 60 رنز بنائے تھے۔

ان کے علاوہ انگلش بلے باز جو کلارک بھی اچھی فارم میں دکھائی دیتے ہیں اور نوجوان فاسٹ بولر ارشد اقبال بھی اچھی بولنگ کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp