زوم کورٹ: امریکہ میں ڈاکٹر سرجری کے دوران ہی جج کے سامنے پیش ہو گیا


کیلیفورنیا کے شہر سیکرامینٹو میں ایک ڈاکٹر ایک مریض کی سرجری کرتے ہوئے زوم پر ایک عدالتی سماعت میں پیش ہو گئے۔

سیکرامینٹو بی کے مطابق سکاٹ گرین سرجری کا لباس زیب تن کیے ہوئے آپریشن تھیٹر میں موجود تھے جب وہ جمعرات کو اپنے آن لائن ٹرائل میں پیش ہوئے۔

جب ان سے جج نے پوچھا تو ڈاکٹر گرین نے کہا کہ انھیں اس سے کوئی مسئلہ نہیں اور یہ کہ ان کے ساتھ ‘یہیں پر ایک اور سرجن موجود ہے جو میرے ساتھ سرجری کر رہا ہے۔’

مگر جج نے کہا کہ یہ ‘مناسب’ نہیں ہوگا اور پھر انھوں نے سماعت ملتوی کر دی۔

میڈیکل بورڈ آف کیلیفورنیا نے اب ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اس معاملے کی چھان بین کریں گے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ بورڈ ‘ڈاکٹروں سے توقع کرتا ہے کہ وہ مریضوں کا علاج کرتے ہوئے احتیاط کے معیار کی پاسداری کریں۔’ یوٹیوب پر لائیو سٹریم ہونے والی سیکرامینٹو سپیریئر کورٹ کی سماعت سے قبل کورٹ کے کلرک نے پلاسٹک سرجن سے پوچھا: ‘ہیلو، مسٹر گرین؟ کیا آپ ٹرائل کے لیے دستیاب ہیں؟ ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے آپ آپریٹنگ روم میں ہیں۔’

گرین نے جواب دیا: ‘جی سر! میں ابھی آپریٹنگ روم میں ہوں۔ جی ہاں میں ٹرائل کے لیے دستیاب ہوں۔ کارروائی آگے بڑھائیے۔’

https://twitter.com/AjitPai/status/1365854671622057988

کلرک نے ڈاکٹر کو بتایا کہ سماعت کو لائیو سٹریم کیا جا رہا ہے کیونکہ ٹریفک کے مقدمات کی سماعت کو قانون کے تحت عوام کے سامنے ہونا چاہیے۔

اسی وقت کورٹ میں طلب کی گئی ایک افسر نے اپنی بھنویں اچکائیں۔

کورٹ کمشنر (جج) گیری لنک کے زوم پر آنے کا انتظار کرتے ہوئے ڈاکٹر گرین بظاہر مریض کا آپریشن کرتے رہے۔

جب جج زوم پر آ گئے تو انھوں نے کہا: ‘تو اگر میں غلطی نہیں کر رہا تو میں ایسے ملزم کو دیکھ رہا ہوں جو آپریٹنگ روم میں موجود ہیں اور بظاہر مریض کو سرگرمی سے خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ مسٹر گرین کیا یہ درست ہے؟ یا مجھے ڈاکٹر گرین کہنا چاہیے؟’

جب سرجن نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ سرجری کر رہے ہیں اور انھیں سماعت کے جاری رہنے سے خوشی ہوگی تو جج نے کہا: ‘مجھے مریض کی فلاح کے لیے یہ بہتر نہیں محسوس ہوگا کہ آپ کا ٹرائل ایسے وقت میں کیا جائے جب آپ آپریشن کر رہے ہوں، باوجود اس کے کہ افسر آج عدالت میں موجود ہیں۔’

ڈاکٹر گرین نے پھر اصرار کیا کہ وہ سماعت کے آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں۔ انھوں نے کہا: ‘میرے ساتھ ابھی یہاں ایک اور سرجن موجود ہیں جو میرے ساتھ سرجری کر رہے ہیں، اس لیے میں یہاں کھڑا ہو سکتا ہوں اور وہ سرجری کر سکتے ہیں۔’

جج نے جواباً کہا: ‘مجھے نہیں لگتا۔ میرا نہیں خیال کہ یہ مناسب ہے۔ میں نئی تاریخ مقرر کروں گا جب آپ کسی مریض کی ضروریات پوری کرنے میں مصروف نہ ہوں۔’

بی بی سی نیوز نے ڈاکٹر گرین کے دفتر سے تبصرے کے لیے رابطہ کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق سرجن نے این بی سی نیوز کو بتایا: ‘یہ درست نہیں ہے اور میرے پاس کہنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔ شکریہ۔’

زوم پر یہ پہلی عدالتی سماعت کی گڑبڑ نہیں جو وائرل ہوئی ہو۔

رواں ماہ کے اوائل میں ایک وکیل اپنی سکرین سے بلی کے چہرے والا فلٹر نہیں ہٹا پا رہے تھے۔ بالآخر انھوں نے جج سے کہا کہ وہ ویسے ہی اپنی بات جاری رکھ سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا: ‘میں لائیو ہوں، میں بلی نہیں ہوں۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32490 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp