جاپانی ارب پتی کی آٹھ افراد کو سپیس ایکس کی پرواز پر چاند کا مفت سفر کروانے کی پیش کش


یوساکو میزاوا

یوساکو میزاوا نے ایلون مسک کی سپیس ایکس فلائیٹ پر اپنے ساتھ آٹھ لوگوں کو جانے کی دعوت دی ہے۔

ویسے چاند کے بارے میں جتنے گانے انڈیا پاکستان میں لکھے اور گائے گئے ہیں، شاید ہی اس کی مثال کہیں اور ملے۔ کوئی چاند سے سفارش کرانا چاہتا ہے، کسی کو چاند میں محبوبہ کی صورت نظر آتی ہے، کوئی چاند لا کے دینے کا مطالبہ کرتا ہے، تو کوئی چاند کو ہی زمین پر آنے کو کہتا ہے (چندا رے چندا رے کبھی تو زمین پر آ۔)

اب چاند کو زمین پر لانا ذرا مشکل ہے، لیکن اگر آپ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں، تو ایک راستہ ہے، چاند تو زمین پر نہیں آئے گا لیکن آپ چاند کا چکر ضرور لگا سکتے ہیں! اور وہ بھی ایک بھی پیسہ خرچ کیے بغیر!

ہمیں تو لگتا ہے کہ جاپانی ارب پتی یوساکو میزاوا انڈین پاکستانی گانوں کے فین ہیں، اور چاند کے بارے میں سن سن کر تنگ آ کر ہی انھوں نے ایلون مسک کی سپیس ایکس فلائیٹ پر اپنے ساتھ آٹھ لوگوں کو جانے کی دعوت دی ہے۔

اب یوساکو میزاوا کے گانوں کے فین ہونے والی بات تو ظاہر ہے ہم مذاق میں کہہ رہے ہیں، لیکن چاند کے گرد چکر لگانے کے لیے بنا کسی خرچے کے آٹھ عام لوگوں کو اپنے ساتھ لے جانے کا اعلان بالکل مذاق نہیں!

ٹوئٹر پر پوسٹ کیے جانے والے ایک ویڈیو پیغام میں یوساکو میزاوا نے کہا ’میں چاہتا ہوں کہ ہر طرح کے لوگ اس میں حصہ لیں۔‘ اس پیغام میں انھوں نے ایپلیکیشن فارم کی تفصیلات بھی واضح کیں۔

انھوں نے کہا کہ اس سفر کا سارا خرچہ وہ خود اٹھائیں گے، یعنی جو بھی ان کے ساتھ چاند پر جائے گا، یہ سفر اور تجربہ ان کے لیے بالکل مفت ہو گا۔

’ڈئیر مون‘ نامی یہ مشن 2023 میں پرواز بھرنے والا ہے۔

اپلائی کرنے کے لیے بس دو شرائط ہیں: آپ جس بھی شعبے میں ہوں اس میں ایسا کام کریں ’جس سے دوسرے لوگوں اور معاشرے کی مدد‘ ہو، اور ’عملے کے دوسرے ارکان کی مدد کرنے کے لیے تیار ہوں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’میں اس خلائی جہاز پر تمام سیٹیں خرید چکا ہوں، تو یعنی یہ ایک نجی اڑان ہو گی۔‘

https://twitter.com/yousuckMZ/status/1366872890390454272?s=20

یوساکو میزاوا فیشن کی دنیا سے منسلک ہیں اور انھیں فن پارے جمع کرنے کا شوق ہے۔ اس سے پہلے وہ کہہ چکے تھے کہ وہ ’فن کاروں‘ کو اس سفر کی دعوت دیں گے، لیکن پھر انھوں نے یہ کہا کہ وہ ’دنیا بھر سے لوگوں کو اس کا حصہ بننے کا موقع‘ دینا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ’اگر آپ خود کو ایک آرٹسٹ تصور کرتے ہیں، تو آپ ایک آرٹسٹ ہی ہیں۔‘

2018 میں ایلون مسک کی کمپنی سپیس ایکس نے کہا کہ یوساکو میزاوا اس سفر پر جانے والے پہلے نجی مسافر ہوں گے۔

یہ سفر انھیں کتنا مہنگا پڑا اس کی تفصیلات تو سامنے نہیں آئی ہیں لیکن یوساکو میزاوا کے مطابق ’بہت بڑی رقم‘ تھی۔

ویسے کیا آپ کو پتا ہے کہ پچھلے سال یوساکو میزاوا نے اس سفر پر ان کے ساتھ جانے کے لیے ایک گرل فرینڈ کی تلاش کا بھی آغاز کیا تھا، لیکن پھر ’متضاد احساسات‘ کی وجہ سے اسے منسوخ کر دیا۔ اب اس موقع پر چاند والا کون سا گانا موزوں رہتا؟


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32503 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp