فن لینڈ کے عوام دنیا میں سب سے زیادہ خوش، اقوام متحدہ کی رپورٹ


فن لینڈ

دنیا میں گذشتہ ایک سال میں جتنے بھی چیلنجز آئے ہوں مگر اچھی خبر یہ ہے کہ اب بھی ایسے ممالک موجود ہیں جہاں لوگ بہت زیادہ خوش ہیں۔

اقوام متحدہ کی طرف سے کرائی گئی ایک تحقیق کے مطابق فن لینڈ مسلسل چوتھے سال بھی دنیا کے سب سے خوش ترین ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق ڈنمارک دوسرے نمبر پر ہے، جس کے بعد سوئٹزرلینڈ، آئس لینڈ اور ہالینڈ کا نمبر آتا ہے۔

برطانیہ کی درجہ بندی اس سال متاثر ہوئی ہے اور وہ 13ویں نمبر سے گر کر 17ویں نمبر پر چلا گیا ہے جبکہ یورپ سے باہر نیوزی لینڈ وہ واحد ملک ہے جو دس خوش ترین ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیے

جنوبی ایشیا میں پاکستانی سب سےزیادہ خوش قوم

دنیا کی ثقافت کا تعین کرنے والے پانچ ممالک

خاموش ملک: جہاں بات کرنے کو زباں بھی ترس جائے

یہ تحقیق کس طرح کی گئی؟

اس تحقیق کے لیے انالیٹکس ریسرچر گیلپ نے 149 ممالک کے شہریوں سے کہا کہ وہ بتائیں کہ وہ کتنے خوش ہیں۔ واضح رہے کہ اس رپورٹ کی تیاری کے لیے اقوام متحدہ نے مالی معاونت فراہم کی تھی۔

اقوام متحدہ کی 149 ممالک کے اعداد و شمار پر مبنی ’ورلڈ ہیپی نس رپورٹ‘ کے مطابق اِن ملکوں کی درجہ بندی وہاں بسنے والوں لوگوں کی آمدن، صحت مند زندگی، مشکل وقت میں سہارا ملنے کی توقع، فراخدلی، آزادی اور اعتماد جیسے عناصر کی کسوٹی پر پرکھنے کے بعد کی گئی۔

اس درجہ بندی کے مطابق دنیا میں افغانستان، لیسوتھو، بوٹسوانا، روانڈا اور زمبابوے کے لوگ سب سے زیادہ ناخوش ہیں۔

اس رپورٹ کے مصنف کا کہنا ہے کہ دنیا میں ایک تہائی سے زائد ممالک کے لوگوں میں منفی رحجانات نمایاں طور پر زیادہ پائے گئے ہیں اور ممکنہ طور پر کورونا وائرس کی وبا اس کی ایک بڑی وجہ ہو۔

تاہم 22 ایسے ممالک ہیں جہاں صورتحال میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

گذشتہ برس کے مقابلے میں متعدد ایسے ایشیائی ممالک ہیں جن کی درجہ بندی میں بہت بہتری دیکھنے میں آئی۔ ایک اور اہم بات یہ ہے کہ چین اس فہرست میں 94 سے 84 نمبر آ گیا ہے۔

نیوزی لینڈ

نیوزی لینڈ کی اس فہرست میں ایک درجے تنزلی ہوئی ہے مگر یہ ملک اب بھی پہلے دس ممالک میں شامل ہے

رپورٹ کے مصنفین کا کہنا ہے کہ باہمی اعتماد کے پیمانے پر فن لینڈ سرفہرست ہے جس نے وبا کے دوران لوگوں کی زندگیاں اور روزگار بچانے میں بڑی مدد کی۔

کورونا وائرس کی وبا کے دوران 55 لاکھ آبادی والے اس یورپی ملک نے دیگر ممالک کے مقابلے میں اپنے آپ کو بہتر انداز میں اس صورتحال کا مقابلہ کیا ہے، جہاں اس وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 70 ہزار سے زائد تھی مگر اموات صرف 805 ہوئی ہیں۔

دس خوش ترین ممالک

  1. فن لینڈ
  2. ڈنمارک
  3. سوئٹزرلینڈ
  4. آئس لینڈ
  5. ہالینڈ
  6. ناروے
  7. سویڈن
  8. لکسمبرگ
  9. نیوزی لینڈ
  10. آسٹریا

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32473 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp