یوگنڈا: کوئن الزبتھ نیشنل پارک میں چھ شیروں کی موت، زہر دے کر مارنے کا خدشہ


فائل فوٹو

اس پارک کے شیر درختوں پر چڑھنے کے لیے مشہور ہیں

یوگنڈا کے مشہور پارکوں میں شامل الزبتھ نیشنل پارک می چھ شیر مردہ پائے گئے ہیں، جن کے ٹکڑے کیے گئے تھے۔ شبہ ہے کہ انھیں زہر دے کر مارا گیا۔

عہدیداروں نے بتایا کہ مرے ہوئے شیر کوئن الزبتھ نیشنل پارک میں پائے گئے جن کے سر اور پنجوں کو کاٹ دیا گیا تھا اور ان کی لاشیں گِدھوں سے گھری ہوئی تھیں۔

یوگنڈا وائلڈ لائف اتھارٹی (یو ڈبلیو اے) نے کہا ہے کہ ’اس معاملے میں جنگلی حیات کی غیر قانونی سمگلنگ کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔‘

مقامی پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ خاص شیر درختوں پر چڑھنے کی انوکھی صلاحیت کے لیے مشہور ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

انڈیا کا مقبول ترین شیر ہلاک

شیر کا بچہ سمگل کرنے والا نوجوان گرفتار

کیا شیر واقعی جنگل کا بادشاہ ہے؟

یو ڈبلیو اے کے مینجر مواصلات بشیر ہنگی نے کہا کہ ان ہلاکتوں سے وہ ’غمزدہ‘ ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ قدرتی اور حیاتیاتی سیاحت یوگنڈا کی معیشت کا ایک اہم حصہ ہے اور ملک کی جی ڈی پی میں اس کا 10 فیصد حصہ ہے۔

انھوں نے کہا ’یو ڈبلیو اے جنگلاتی حیات کے غیر قانونی قتل کی پرزور مذمت کرتا ہے کیونکہ اس سے نہ صرف ایک ملک کی حیثیت سے ہماری سیاحت پر منفی اثر پڑتا ہے بلکہ محصولات بھی متاثر ہوتی ہے جو ہمارے محفوظ علاقوں میں کمیونٹی اور تحفظ کے کام میں مدد کرتی ہیں۔‘

اس سے پہلے بھی کوئن الزبتھ نیشنل پارک میں ایسے متعدد واقعات پیش آئے ہیں، جن کے بارے میں خیال کیا جاتا تھا کہ شیروں کو زہر دیا گیا۔

اپریل 2018 میں گیارہ شیر جن میں آٹھ بچے تھے مشتبہ زہر کے نتیجے میں مردہ پائے گئے۔ ایسے ہی ایک اور واقعے کے نتیجے میں مئی 2010 میں پانچ شیروں کی موت ہوئی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp