انڈیا پر پرتگالی حملوں کو روکنے والے مسلمان امیر البحر کی کہانی پر بنی فلم کے لیے ایوارڈ


انڈیا کے 67 ویں نیشنل فلم ایوارڈز کا اعلان کر دیا گیا ہے اور اس مرتبہ بہترین فیچر فلم کا ایوارڈ ملیالی زبان کی فلم ‘مرکڑ: دی لائن آف عربین سی’ کو ملا ہے۔

یہ فلم 16 ویں صدی میں انڈین ساحلی شہر کیلیکٹ (موجودہ دور کے کوژیکوڈ، کیرالہ) پر پرتگالیوں کے حملے کے خلاف وہاں کے مسلمان امیر البحر محمد علی، کنجلی مرکڑ چہارم کے بارے میں ہے۔

یہ جنوبی انڈیا کی سب سے اہم تجارتی بندرگاہوں میں سے تھی اور یہاں کے تحفظ کے لیے بحری فوجوں نے اہم کردار ادا کیا۔

پرتگالیوں کو اس ایک صدی طویل جنگ میں بالآخر 1600 میں کامیابی حاصل ہوئی مگر اس دوران چار کنجلی مرکڑوں نے اتنے عرصے تک کامیابی سے اس جگہ کا دفاع کیے رکھا۔

یہ فلم معروف فلم ساز پریادرشن نے لکھی ہے اور اُنھوں نے ہی ہدایتکاری بھی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

’سیف علی خان جدید دور کے اورنگزیب ہیں جو تاریخ سے کھیل رہے ہیں‘

دس سال پرانی فلم میں کورونا جیسی بیماری کا ذکر کیسے آیا؟

وہ دور جب کراچی کے ہر کونے میں ایک سینما تھا

بولی وڈ سٹار سنیل شیٹی بھی اس فلم میں کردار ادا کر رہے ہیں۔

اس فلم کو ویسے تو مارچ 2020 میں ریلیز ہونا تھا تاہم کووڈ 19 کے باعث اس کی ریلیز تاخیر کی شکار ہوئی اور اب یہ 13 مئی 2021 کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

مزید ایوارڈ کس نے حاصل کیے؟

ایوارڈز میں سب سے بہترین ہندی فلم کا ایوارڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی فلم چھچھورے کو ملا ہے۔

یاد رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت گذشتہ سال جون میں اپنے گھر پر مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔

ان کی موت کی وجہ خودکشی کو قرار دیا گیا تھا۔

چھچھورے فلم میں اُنھوں نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔ سنہ 2019 میں ریلیز ہونے والی اس فلم کو باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل ہوئی جبکہ نقادوں نے بھی اس فلم کے مختلف پہلوؤں کو خوب سراہا تھا۔

اداکارہ کنگنا رناوت کو اپنی فلموں منیکارنیکا اور پنگا کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ بہترین اداکار کا ایوارڈ فلم بھوسلے کے لیے منوج باجپائی کے حصے میں آیا۔ اس کے علاوہ تامل فلم آسورن کے لیے اداکار دھنوش کو بھی بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

کنگنا

اس کے علاوہ فلم کی عکسبندی کے لیے بہترین ریاست کا ایوارڈ سِکم کو دیا گیا جبکہ سوہنی چٹوپدھیائے کو بہترین فلم نقاد کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ان ایوارڈز کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ آف فلم فیسٹیول کی جانب سے کیا جاتا ہے۔

یہ ادارہ انڈیا کی وزارتِ اطلاعات و نشریات کے ماتحت ہے۔

عام طور پر یہ ایوارڈ ملکی صدر کی جانب سے دیے جاتے ہیں تاہم اس مرتبہ نائب صدر وینکیاہ نائیڈو نے یہ ایوارڈ دیے۔

صدر رام ناتھ کووند ایوارڈ جیتنے والوں کے ساتھ چائے کی نشست کے دوران موجود تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32558 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp