دوپٹہ لینے کے دس فائدے


زیادہ اثر کے لئے اپنے معاشرتی اور مذہبی جذبات ایک طرف رکھ کر پڑھیں۔ اس کالم کو ہر قسم کے جنونی خواتین اور حضرات سے دور رکھیں۔ دوپٹہ لینے کے مذہبی اور اخلاقی فائدوں سے بہنیں واقف ہوں گی ہی۔ لہٰذا ان فائدوں پر یہ مضمون نہیں لکھا گیا، یہ معلوماتی کالم محض "علاوہ ازیں” فائدوں پر لکھا گیا ہے۔

فائدہ نمبر 1۔ دوپٹے کا سب سے اہم اور کثرت سے استعمال باورچی خانے میں کیا جاتا ہے۔ کہتے ہیں اگر آپ دیکھنا چاھتے ہوں کہ آپ کی امی کتنا تیز بھاگ سکتی ہیں تو کہیے "کچھ جلنے کی بو آ رہی ہے”۔ پھر دیکھیے کیا اسین بولٹ اور کیا آپ کی امی جان۔ بہرحال جب ایسی ایمرجنسی میں خواتین باورچی خانے میں پہنچتی ہیں تو دستر خوان ڈھونڈنے کا ہر گز وقت نہیں ہوتا۔ ایسے موقعہ پر دوپٹے سے دیگچی پکڑیے اور سالن کو جلنے سے بچائیے۔

فائدہ نمبر 2۔ اگرچہ جیب کے بغیر انسان سخت ادھورا محسوس کرتا ہے لیکن ہمارے معاشرے میں خواتین کے لباس میں جیبوں کو کوئی خاص اہمیت نہیں دی جاتی۔ موزوں میں پیسے رکھنے کی عمر بھی جا چکی ہوتی ہے۔ ایسے موقع پر آپ کا دوپٹہ ہی ہے جو آپ کی مدد کرے گا۔ چابیوں، پیسوں، اور یاد دہانی کے لئے ایک گرہ دوپٹے کے کونے پر لگائیے، اس میں جو چاہے لپیٹیے اور جیب کا دکھ ہمیشہ کے لئے بھول جائیے۔

فائدہ نمبر 3۔ شوہر ایک بے ضرر مخلوق ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بے حس مخلوق بھی ہے۔ اگر آپ کا شوہر اس بات کا احساس نہیں کرتا کہ آپ سارا دن گھر میں کام کرتی ہیں تو فکر مت کریے۔ شام کو سرتاج کے گھر آنے سے 10 منٹ پہلے دوپٹے کو اپنے سر پر اچھی طرح لپیٹیے (جیسے کفن باندھا جاتا ہے)۔ بستر پر لیٹ جائیے اور ہاتھ سر پر رکھ لیجیے۔ یقین جانیے بے حس مخلوق پر خاطر خواہ اثر ہو گا۔

فائدہ نمبر 4۔ اگر آپ کے بچے کی ناک بہہ رہی ہے اور ٹشو بہت دور ہے یا آپ بہت کنجوس ہیں تو دوپٹے سے ناک صاف کرنے میں کوئی حرج نہ سمجھیے۔ کوشش کریں کہ کلف لگے دوپٹے اور کھدر کے کپڑے سے ناک صاف نہ کریں۔ یہ نہ ہو پوری ناک صفحہ ہستی سے صاف ہو جائے۔ شدید گرمیوں کے موسم میں پسینے اور گردو غبار کی صفائی کے لئے بھی دوپٹے کا خاطر خواہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔

فائدہ نمبر 5۔ اگر آپ کو گلی کے لڑکے چھیڑتے ہیں اور آپ کے بھائی پر کوئی خاص اثر نہیں ہے تو اپنا دوپٹہ اس کے قدموں میں پھینک کر دو چار طعنے ماریں۔ گلی میں اگلے دن قتل نہ ہو جائے تو نام بدل دیجیے گا۔

فائدہ نمبر 6۔ مردوں کا کام ہے گھورنا۔ یہ ان کی فطرت میں ہے۔ آپ کو زیادہ فیمنسٹ بننے کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر آپ اپنے آپ کو ایسی کسی صورت حال میں پائیں جہاں بہت ساری بھوکی آنکھیں آپ کے جسم کے نشیب و فراز پر غور فرما رہی ہوں تو دوپٹہ اپنے سر پر ڈال لیجیے۔ آپ کو فوری پاکیزہ ہونے کا اور گھورنے والے کو گناہ کا احساس ہونے لگے گا۔

فائدہ نمبر 7۔ اگر آپ کے بھائی یا سرتاج موٹر سائیکل بہت تیز چلاتے ہیں اور کسی کی نہیں سنتے تو آپ کا دوپٹہ ہی ہے جو اس مسئلے کا حل کر سکتا ہے۔ موٹر سائیکل پر براجمان ہو جائیے۔ جیسے ہی موٹر سائیکل 60 کی سپیڈ پر پہنچے نزاکت سے اپنا تھوڑا سا دوپٹہ ایک طرف لٹکا دیجیے۔ انشاللہ دوپٹہ پچھلے پہیے میں پھنس کر موٹر سائیکل کی رفتار میں خاطر خواہ کمی لائے گا۔ آپ کو کچھ چوٹ لگنے کا احتمال بھی ہے لیکن کچھ پانے کے کچھ کھونا تو پڑتا ہے۔

فائدہ نمبر 8۔ خواتین کا عوامی جگہ پر استراحت فرمانا انتہائی نا معقول فعل ہے تاہم سخت ضرورت اور مجبوری کے عالم میں ایسا کیا جا سکتا ہے۔ ایسی صورت حال میں دوپٹہ ہی آپ کی مدد کرے گا۔ تاہم خیال رکھیں کہ آپ کا 3 گز کا دوپٹہ سر سے پیر کی انگلیوں تک پھیلا ہو۔ جسم کے نشیب و فراز نظر آنے کا احتمال نہ ہو ورنہ نتائج کی ذمے دار آپ خود ہوں گی۔

فائدہ نمبر 9۔ جب دوپٹہ اوڑھنے کے قابل نہیں رہتا تو اس کے ٹکڑے ٹکڑے کر کے دستر خوان، صافیاں، پوتڑے، اور غلاف بنائے جا سکتے ہیں۔

فائدہ نمبر 10۔ اگر آپ زندگی سے بہت تنگ ہیں تو پنکھے سے لٹکنے میں بھی دوپٹے کا خاطر خواہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ تاہم خیال رکھیں کہ دوپٹہ کم از کم 3 گز کا ہونا چاہئے۔ ریشم کے دوپٹے سے لٹکنے سے پرہیز کریں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
7 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments