مودی کے دورۂ بنگلہ دیش کے خلاف مظاہروں میں پانچ افراد کی ہلاکت کے بعد ملک گیر ہڑتال کا اعلان


بنگلہ دیش میں انڈین وزیر اعظم کے دورے کے خلاف پانچ مظاہرین کی ہلاکت کے بعد اتوار کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔

اُدھر سوشل نیٹ ورک فیس بک نے کہا ہے کہ ملک کے اندر اس کی ویب سائٹ اور میسجنگ ایپ جمعہ کے روز سے بند ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی بنگلہ دیش کے پچاسویں یومِ آزادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے وزیر اعظم شیخ حسینہ کی خصوصی دعوت پر دو روزہ دورے پر جمعہ کے روز ڈھاکہ پہنچے تھے۔

گزشتہ برس کورونا وائرس کی وبا کے آغاز کے بعد یہ نریندر مودی کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔

حفاظت اسلام کے کارکن

حفاظت اسلام کے کارکن ڈھاکے کی سڑکوں پر انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کے دورۂ بنگلہ دیش کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں

ہڑتال کی کال ‘حفاظتِ اسلام’ نامی سخت گیر مذہبی تنظیم نے دی ہے۔ یہ تنظیم وزیر اعظم نریندر مودی پر سنہ 2002 میں جب وہ انڈین ریاست گجرات کے وزیر اعلی تھے، وہاں مسلم کُش فسادات کے لیے لوگوں کو بھڑکانے کا الزام لگاتی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملک کے دوسرے بڑے شہر چٹاگانگ کے علاقے ہتازاری میں اسے اس وقت مظاہرین پر ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس چلانا پڑی جب ایک بڑے مجمع نے سکیورٹی فورسز پر حملہ اور پتھراؤ شروع کر دیا۔گولیاں لگنے سے کئی افراد زخمی ہوگئے جنھیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

مودی کے خلاف بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکہ میں بھی مظاہرے ہوئے جن میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ مظاہرے جمعہ کی نماز کے بعد شروع ہوئے۔

نیوز ایجنسی رؤٹرز کے مطابق فیس بک نے سنیچر کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ‘ہم جانتے ہیں کہ بنگلہ دیش کے اندر ہماری سروسز کو بند کر دیا گیا۔ ہم اس کی وجوہات سمجھنے کی کوشش کر رہے اور اپنی خدمات تک مکمل رسائی کی جلد توقع رکھتے۔’

حفاظت اسلام کے کارکن

حفاظتِ اسلام نے اتوار کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے

بنگلہ دیش کی حکومت نے فیس بک اور اس کے میسنجر پر پابندی کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے، تاہم مظاہروں پر قابو پانے کے لیے ماضی میں بھی وہ انٹرنیٹ کو ایک آلے کی طور پر استعمال کرتی رہی ہے۔

انڈین وزیر اعظم کے دورۂ بنگلہ دیش کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ سنیچر کے روز بھی جاری رہا اور سینکڑوں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا۔

مظاہرین نریندر مودی کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔

بنگلہ دیش کا قیام 1971 میں عوامی احتجاج، انڈیا نواز مسلح تحریک اور پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ کے نتیجے میں عمل میں آیا تھا۔

انیس سو ستّر کے عام انتخابات میں شیخ مجیب کی جماعت عوامی لیگ نے مشرقی پاکستان (حالیہ بنگلہ دیش) میں زبردست کامیابی اور پورے ملک میں واضح برتری حاصل کی تھی۔ تاہم منتخب جماعت کو اقتدار کی منتقلی میں تاخیری حربوں کے نتیجے میں پاکستان کے مشرقی حصے میں بے چینی میں اضافہ ہوتا چلا گیا جو بلا آخر بنگلہ دیش کی آزادی پر منتج ہوا۔

بنگلہ دیش کی پاکستان سے آزادی میں انڈیا نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp