نیتھن بگالے: آسٹریلوی اولمپیئن کو کروڑوں ڈالر کی کوکین سمگل کرنے کی کوشش میں سزا کا سامنا


نیتھن بگالے

اولمپکس میں آسٹریلیا کے لیے دو مرتبہ چاندی کا تمغہ جیتنے والے کشتی ران نیتھن بگالے اور ان کے بھائی پر ملک میں 15 کروڑ ڈالر کی کوکین سمگل کرنے کی کوشش کا جرم ثابت ہوا ہے۔

نیتھن بگالے اور ڈرو بگالے پر جرم ثابت ہو چکا ہے لیکن انھیں رواں ماہ کے آخر میں سزا سنائی جائے گی تاہم دونوں نے جرم ماننے سے انکار کیا ہے۔

ڈرو اور ایک دوسرے شخص اینتھونی ڈریپر کو سنہ 2018 میں پولیس کی جانب سے ان کے تعاقب اور ایک ڈرامائی آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ اس آپریشن میں ایئرفورس اور نیوی کی مدد بھی حاصل کی گئی تھی۔

اس واقعے میں استعمال ہونے والی کشتی نیتھن نے خریدی تھی۔

ڈرو اور اینتھونی ڈریپر جون 2018 میں 11 گھنٹے کا سفر کرکے اس غیر ملکی بحری جہاز تک پہنچے تھے جس پر یہ منشیات موجود تھیں۔

تاہم جاسوس طیاروں اور نیوی کے ایک بحری جہاز نے ان کا تعاقب کیا اور اس دوران بنائی گئی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈرو کشتی پر کوکین کے پیکج پھینک رہے ہیں جبکہ ڈریپر کشتی سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انھیں بعد میں کوئینزلینڈ پولیس کی کشتی پر موجود مسلح افسران نے گرفتار کر لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

جاسوسوں سے تفصیلات ملنے پر کیلوں کی پیٹیوں سے کروڑوں کی کوکین برآمد

پاکستانی حکام نے 20 کروڑ روپے مالیت کے باز سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی

ایک ارب یورو کی دوا جس سے ’دولت اسلامیہ‘ کی مالی مدد ہونا تھی

خاتون لیکچرار نے ایران کی ’جاسوسی کی پیشکش کو ٹھکرایا‘

ڈرو کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے یہ سوچ کر یہ فاصلہ طے کیا تھا کہ وہ تمباکو لینے جا رہے ہیں نہ کہ کوکین اور ان کے مطابق انھیں ڈریپر نے اغوا کر کے اس سفر پر جانے پر مجبور کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ ڈریپر نے مدد نہ کرنے کی صورت میں پر ان کے خاندان کو نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دی تھیں۔

تاہم ڈریپر کا دعویٰ ہے کہ انھیں ڈرو نے کشتی چلانے کے لیے رکھا تھا اور انھیں مبینہ طور پر ڈرو نے یہ بتایا تھا کہ وہ ‘سموکو’ لینے جا رہے ہیں جو انھوں نے سمجھا کے بھنگ ہوگی۔

ڈریپر نے رواں سال کے آغاز میں کوکین سمگل کرنے کا جرم تسلیم کر لیا تھا لیکن ان کی سزا میں اس لیے کمی کی گئی کیونکہ انھوں نے دونوں بھائیوں کے خلاف گواہی دی تھی۔

سرکاری وکلا کا کہنا ہے کہ نیتھن جو ایتھنز اولمپکس میں دو مرتبہ چاندی کا تمغہ جیت چکے ہیں، اس منصوبے کا حصہ تھے اور انھوں نے یہ کشتی خریدی اور اس میں سمت کے تعین کا نظام اور سیٹلائٹ فون بھی فٹ کیا۔

تاہم اے بی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق انھوں نے عدالت میں یہ کہا تھا کہ یہ کشتی ڈرو کی جانب سے دیے گئے پیسوں سے خریدی گئی تھی اور انھیں بتایا گیا تھا کہ یہ وہیل مچھلیوں کا جائزہ لینے کے کاروبار میں استعمال ہو گی۔

ان کے فنگر پرنٹس بھی اس ٹیپ سے ملے تھے جسے کشتی کا رجسٹریشن نمبر چھپانے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔

یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ دونوں بھائیوں کو منشیات سے منسلک کیسز میں ملوث پایا گیا ہے۔ انھیں اس سے قبل ادویات بنانے والے ایسے گروپ میں ملوث پایا گیا تھا جو غیر قانونی گولیاں بناتا تھا۔

اے بی سی نیوز کے مطابق دونوں کو قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp