پاکستانی اداکارہ اور ماڈل صبا قمر کا عظیم خان سے شادی نہ کرنے کا اعلان


پاکستانی اداکارہ اور ماڈل صبا قمر نے اعلان کیا ہے کہ انھوں نے عظیم خان سے شادی نہیں کی ہے۔ انھوں نے اپنی انسٹا گرام پوسٹ میں اپنے مداحوں کے نام ایک طویل پیغام میں شادی کا فیصلہ واپس لینے کی وجہ متعدد ذاتی وجوہات بتائی ہیں۔

تاہم عظیم خان کا کہنا ہے کہ صبا نے ’میری جانب کی کہانی نہیں لکھی، ہاں یہ میرا قصور ہے۔‘

عظیم خان بیرون ملک مقیم وی لاگر ہیں۔

وہ ذاتی وجوہات کیا ہیں اس بارے میں تو دونوں نے کچھ نہیں کہا لیکن یہ معاملہ اس نہج تک کیسے پہنچا بظاہر اس کی ایک وجہ گذشتہ دنوں دونوں کے شادی کے فیصلے کے بعد عظیم خان پر خواتین کو ہراساں کرنے اور ان کے حوالے سے نازیبا گفگتو کرنے کے الزامات سامنے آنا معلوم ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

’زندگی کے آٹھ سال ضائع کیے، بتایا بھی نہیں کہ شادی کر لی ہے‘

‘کیا صبا قمر ماہرہ خان کی جانشین ہیں؟‘

انڈین فلم انڈسٹری سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا: صبا قمر

صبا قمبر نے اپنے پیغام میں کیا لکھا؟

جمعے کی صبح اداکارہ و ماڈل صبا قمر نے اپنے انسٹا گرام پر لکھا کہ ’مجھے ایک بہت اہم اعلان کرنا ہے، بہت سی ذاتی وجوہات کی بنا پر میں نے عظیم خان سے تعلق توڑنے کا فیصلہ کیا ہے، ہم اب شادی نہیں کر رہے۔ امید ہے کہ آپ لوگ میرے اس فیصلے کی اسی طرح حمایت کریں گے جیسے آپ نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا ہے۔ اور میرا خیال ہے کہ تلخ حقائق کو جان لینے میں ابھی بہت دیر نہیں ہوئی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میں یہاں یہ بھی واضح کرنا چاہتی ہوں کہ میری عظیم خان سے زندگی میں کبھی بھی ملاقات نہیں ہوئی اور ہم صرف فون پر ایک دوسرے سے رابطے میں تھے۔

’اس وقت مجھ پر بہت مشکل وقت ہے مگر جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ یہ بھی گزر جائے گا، انشا اللہ۔‘

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے عظیم خان نے صبا قمر کو انسٹا گرام پر ایک پوسٹ میں کمنٹ کرتے ہوئے شادی کی پیشکش کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’چلو اس سال شادی کریں‘، جس کے جواب میں انھوں نے لکھا ’قبول ہے۔‘

عظیم خان بیرون ملک مقیم وی لاگر ہیں۔ انھوں نے صبا کی جانب سے تعلق ختم کرنے کے اعلان پر اپنے کمنٹ میں کہا کہ ’انھوں نے میری جانب کی کہانی نہیں لکھی، ہاں یہ میرا قصور ہے۔‘

بعدازاں عظیم خان نے اپنے انسٹاگرام پر ایک پیغام میں لکھا کہ ’صبا آپ بہت ہی حیران کن روح ہیں اور آپ کو دنیا کی ہر خوشی کا حق حاصل ہے۔ خدا آپ کو تمام کامیابی اور محبت دے۔ مشکل راستہ اکثر خوبصورت منزل تک جاتا ہے۔ اور ہاں میں چاہوں گا کہ میں اس بریک ڈاؤن کا مکمل احتساب کروں۔‘

گذشتہ دنوں ہی صبا قمر نے عظیم سے منگنی کی تصدیق کی تھی۔ جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک خاتون نے ان پر خواتین کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ جواباً عظیم نے اس کی تردید کی تھی اور لکھا تھا کہ ’صبا کو میرے ماضی سے کچھ لینا دینا نہیں اور مجھے ان کے ماضی سے کچھ لینا دینا نہیں‘۔

سوشل میڈیا پر ردعمل

صبا قمر کی جانب سے شادی نہ کرنے سے متعلق خبر سامنے آنے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر اور انسٹا گرام پر اس وقت صارفین میں سلیبریٹیز سے لے کر صبا کے چاہنے والے اور ناقدین کے تبصرے جاری ہیں۔

گلوگارہ حدیقہ کیانی نے انسٹا گرام پر لکھا کہ ’آپ کے لیے بہت سی محبت اور روشنی بھیج رہی ہوں، ہمیشہ جیتی رہیں۔‘

اداکارہ یمنیٰ زیدی نے لکھا کہ ’آپ کا سفر کٹھن رہا ہے اور آپ نے اسے قیمتی بنایا ہے۔ ہم آپ جو ہیں، اس سے محبت کرتے ہیں جب ہماری زندگی مختلف ترتیب دی گئی ہوتی ہے تو یقیناً اس کا مختلف مطلب ہوتا ہے اور یہ رحمت ہے۔ ہمیشہ آپ کے لیے پرخلوص خواہشات اور ہمیشہ یاد رکھیے اگر خدا، پیغمبر موسیٰ کے لیے راستہ بنا سکتا ہے تو اس کے لیے کچھ بھی مشکل نہیں، وہ بہترین منصوبہ بندی کرنے والا ہے۔‘

اداکارہ تارا محمود نے لکھا ’سب ٹھیک ہو جائے گا ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔‘

صبا قمر کے بہت سے مداحوں نے اس فیصلے کو ان کا بہترین فیصلہ قرار دیا اور انھیں مضبوط رہنے کا پیغام دیا۔

سوشل میڈیا صارف صدف گورایہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا ’ہمیں ایک چیز کو سمجھنا چاہیے کہ ہر کوئی کسی چیز سے گزر رہا ہوتا ہے، وہ کسی چیز کا سامنا کر رہا ہوتا ہے۔ ہمارے اندر جنگ چل رہی ہوتی ہے اس لیے ایک لمحے کے لیے سوچیں یہ کسی کے لیے مشکل وقت ہو سکتا ہے۔‘

ٹوئٹر پر کچھ صارف اسے طنزاً ’پرینک‘ بھی کہہ رہے ہیں جبکہ کچھ لوگ میمز بھی شیئر کر رہے ہیں۔

عالیہ نامی صارف نے لکھا ’میرے خیال سے ہمیں ان کی میمز بنانی بند کرنی چاہییں اور مذاق کو ختم کرنا چاہیے۔ یہ ان کے لیے پہلے ہی مشکل وقت ہے، اگر ہم انھیں اپنے لفظوں سے تسلی نہیں دے سکتے تو کم ازکم انھیں اپنے الفاظ اور ان نام نہاد ٹرینڈز سے اور تکلیف نہ دیں۔‘

اس کے علاوہ کچھ صارف یہ سوال بھی کر رہے ہیں کہ اگر وہ کبھی ملے ہی نہیں، یہ کیسے ہو سکتا ہے؟

صباحت نامی ایک صارف نے اس بریسلٹ کا ذکر کیا جس کی تصویر پر دونوں گذشتہ دنوں خبروں میں رہے تھے کہ ’اگر یہ کبھی ملے نہیں تو وہ بریسلٹ کہاں سے آیا تھا؟‘

آمنہ فصیحی نامی صارف نے لکھا کہ ’پتا نہیں یہ سننے کی کس کو ضرورت ہے لیکن اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ اکیلی ایسی لڑکی نہیں ہو جو کسی سے ملے بغیر انٹرنیٹ پر اس کی محبت میں گرفتار ہو گئی۔‘

نورین خان نامی صارف نے فیس بک پر اپنے ردعمل میں لکھا کہ ’صبا قمر کی کہانی سے مماثلت رکھنے والی بہت سی کہانیاں ہم سوشل میڈیا پر پڑھتے ہیں بہت سی لڑکیاں سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں سے بات چیت کرتی ہیں، رابطہ کرتی ہیں لیکن بغیر ملاقات کے شادی کی پلاننگ کرنا یہ فیصلہ عجیب لگتا ہے اور کسی لڑکے کا ماضی جانے بنا اس پر اعتبار کرنا یقیناً ایک سخت فیصلہ ہے۔ خیر آج یا کل امید ہے چیزیں ان کے لیے بدل جائیں گے اور میں ذاتی طور پر ان کے لیے بہترین کی دعا گو ہوں۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32469 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp