شہزادی ڈیانا پر بننے والی کئی فلموں اور سٹیج ڈراموں میں اُنھیں کیسے پیش کیا گیا ہے؟

نیل سمتھ - انٹرٹینمنٹ رپورٹر


شہزادی ڈیانا اور جینا دی وال

Netflix/PA Media
ڈیانا کی یہ تصویر مئی سنہ 1997 میں لی گئی تھی جبکہ دوسری طرف ‘ڈیانا: دی میوزیکل’ میں ان کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ جینا ڈی وال ہیں

میوزیکل تھیٹر کی دنیا میں شاید ایسا پہلی مرتبہ ہونے جا رہا ہے کہ پرنسز آف ویلز شہزادی ڈیانا کی زندگی پر بنایا جانے والا ایک ڈرامہ سٹیج پر باقاعدہ طور پر دکھائے جانے سے پہلے ویڈیو سٹریمنگ کی سائٹ پر نشر کیا جائے گا۔

’ڈیانا: دی میوزیکل‘ نیٹ فلکس پر یکم اکتوبر سے نشر ہوگا جس کے دو ماہ بعد یہ براڈ وے میں تھیٹرز پر دکھایا جائے گا۔

اس میوزیکل میں لیڈی ڈیانا کی نو عمری میں شادی اور شہزادہ چارلس کے ساتھ ازدواجی زندگی کی کہانی دکھائی گئی ہے۔ گذشتہ سال نیو یارک کے تھیٹرز کے کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے بند ہونے سے پہلے اس میوزیکل کے متعلق کافی کچھ لکھا جا رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

’ماں کی موت کے درد جیسا کوئی درد نہیں‘

بی بی سی کا شہزادی ڈیانا کے 1995 میں کیے انٹرویو کی تحقیقات کروانے کا اعلان

میگھن اور ڈیانا: دو شہزادیوں کو میڈیا نے کس طرح پیش کیا؟

’ڈیانا نے اکیلے یہ سب کیسے برداشت کیا ہوگا؟‘

اس شو کی موسیقی بون جوی کے کی بورڈ پلئیر ڈیوڈ برائن نے ترتیب دی ہے اور اس کی پرفارمنس کو لاک ڈاؤن کے دوران ہی ریکارڈ کر لیا گیا تھا۔

اس میوزیکل میں ڈیانا کا کردار برطانوی اداکارہ جینا ڈی وال ادا کر رہی ہیں، جنھوں نے اسے ڈیانا کی زندگی کے مختلف ادوار کی ایسی کہانی کہا ہے جس میں ایک خاتون اپنی ’طاقت خود تلاش کرتی ہے۔‘

ایما کورین دی کراؤن میں

Netflix
ایما کورین کو دی کراؤن میں شہزادی کا کردار ادا کرنے کے لیے گولڈن گلوب اعزاز سے نوازا گیا تھا

وہ اُن شہزادی کا کردار ادا کرنے والی پہلی اداکارہ نہیں ہیں جن کی زندگی اور موت ابھی بھی عوامی تخیل پر اثر ڈالتی ہے۔

نیٹ فلیکس ‘ڈیانا: دی میوزکل’ کے لیے ایک مثالی سٹیج ہو سکتا ہے، کیونکہ یہ کمپنی شاہی ڈرامہ سیریز ’دی کراؤن‘ بھی پروڈیوس کر چکی ہے۔

’دی کراؤن‘ کے حالیہ سیزن میں ایما کورین نے نوجوان ڈیانا کا کردار ادا کیا ہے جس میں برطانیہ کے مستقبل کے بادشاہ سے ان کی شادی اور ازدواجی زندگی کے ابتدائی برسوں کی عکاسی کی گئی ہے۔

25 سالہ نوجوان اداکارہ کی گولڈن گلوب جیتنے والی کارکردگی کو بہت سراہا گیا ہے، جس میں وہ بکنگھم پیلس میں رولر سکیٹنگ کرتی ہیں اور ’فینٹم آف دی اوپرا‘ کا گیت ’آل آئی آسک یو’ گاتی ہوئی نظر آتی ہیں۔

جب ’دی کراؤن‘ کا پانچواں سیزن پیش کیا جائے گا تو شہزادی کا کردار ایما کے بجائے ’ٹینٹ اینڈ وڈوز‘ سے شہرت حاصل کرنے والی آسٹریلوی اداکارہ الیزابتھ ڈیبیکی کو دے دیا جائے گا۔

سپینسر میں سٹیورٹ

STX International
اس سے قبل سٹیورٹ کو ٹوائی لائٹ فلم سیریز میں بیلا سوان کا کردار ادا کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے

ڈیبیکی کی ڈیانا جب تک ہماری سکرینوں تک پہنچے گی، اس سے پہلے ہی سنیما دیکھنے اور شاہی خاندان پر نظر رکھنے والوں کو ’ٹوائی لائٹ‘ کی کرسٹین سٹیوارٹ کو ڈیانا کے روپ میں دیکھنے کا موقع مل چکا ہوگا۔

کرسٹین اس وقت ’سپینسر‘ کی شوٹنگ کر رہی ہیں جس میں سنہ 1991 میں سینڈرنگھم میں کرسمس کی چھٹیوں کے دوران شہزادی کی ذہنی کیفیت کی ایک جھلک دکھائی جا رہی ہے۔

پابلو لارین کی فلم کے مطابق نورفوک میں شاہی قیام کے دوران ہی ڈیانا نے چارلس کو چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ چارلس کا کردار ’پولڈارک‘ کے جیک فارتھنگ ادا کر رہے ہیں۔

پچھلے سال سٹیوارٹ نے معروف ٹاک شو میزبان جمی کیمل کو بتایا تھا کہ شہزادی کے بارے میں ’فکرمند محسوس نہ کرنا‘ بہت مشکل ہے، اگرچہ ان کی موت ’عین جوانی میں ہی ہو گئی تھی۔‘

نوامی واٹس

Ecosse/Kobal/Shutterstock
واٹس کو ڈیانا کے کردار کے لیے گولڈن راسپبیری ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا

سٹیورٹ کو اُمید ہے کہ ان کے شہزادی کے کردار کو 2013 میں ڈیانا پر آنے والی فلم میں نومی واٹس کے کردار سے زیادہ پذیرائی ملے گی۔

2013 کی یہ فلم ڈیانا کی زندگی کے آخری دو برسوں پر مبنی تھی جس میں ان کا دل کے سرجن حسنات خان کے ساتھ معاشقہ اور بطور ایک آزاد شاہی فرد کے طور پر اپنا کردار تشکیل دیتے ہوئے بھی دکھایا گیا تھا۔

اس فلم پر تنقید کی گئی تھی اور واٹس نے خود ہی بعد میں اس فلم کو ایک ’ڈوبتے جہاز‘ سے تشبیہ دی تھی اور کہا تھا کہ اس (جہاز) نے ‘ایک ایسی سمت اختیار کر لی تھی جس کی مجھے امید نہیں تھی۔‘

ایمی سیکومبی اور جارج جیکوس

ایمی سیکومبی اور جارج جیکوس ایک ٹیلی فلم میں

ڈیانا کا کردار ادا کرنے والی دیگر اداکاراؤں میں ایمی سیکومبی بھی شامل ہیں جنھیں اگست سنہ 1997 میں شہزادی کی موت کے چند ماہ بعد ہی ان کے متعلق ایک ٹی وی فلم میں کاسٹ کیا گیا تھا۔

’ڈیانا: اے ٹریبیوٹ ٹو دی پیپلز پرنسز‘ میں ڈیانا کی زندگی کے آخری سال اور دودی الفائید کے ساتھ ان کے تعلقات دکھائے گئے تھے۔ دودی کا کردار جارج جیکوس نے ادا کیا تھا۔

وہ اداکارائیں جنھوں نے شہزادی کی زندگی کے دوران ہی بنائی گئی ٹی وی فلموں میں ڈیانا کا کردار ادا کیا ہے ان میں کیرولین بلس، کیتھرین آکسنبرگ، سرینا سکاٹ تھامس اور جولی کاکس شامل ہیں۔

اس دوران کیٹ رابنز نے ’سپٹنگ امیج‘ کے لیے ڈیانا کے کردار کی آواز دی تھی۔ یہ ایک طنزیہ شو تھا جو (بقول سٹیفن فرائی) شہزادی کو بہت پسند تھا۔

برطانیہ میں رواں ہفتے کے آغاز میں ’نئی راہ دکھانے والی‘ پانچ دیگر خواتین کے ساتھ، شہزادی ڈیانا کی یاد میں بھی ایک نیلی تختی لگانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ایک تختی لندن کے ارلز کورٹ کے اس فلیٹ پر لگائی جائے گی جہاں لیڈی ڈیانا سپینسر شہزادہ چارلس سے شادی سے قبل کئی سال تک مقیم رہی تھیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp