مسز سری لنکا 2021: سٹیج پر لڑائی، فاتح حسینہ سے چند ہی لمحوں بعد تاج چھین لیا گیا

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

سری لنکا
AFP
پشپکا ڈی سلوا کو سنیچر کے روز سرکاری ٹی وی چینل پر سب کے سامنے مسز سری لنکا کا تاج پہنایا گیا
سری لنکا کے سب سے بڑے مقابلہِ حسن میں سٹیج پر لڑائی کے بعد فاتح حسینہ کے سر پر چوٹیں آئی ہیں۔

پشپیکا ڈی سلوا کو سنیچر کے روز سرکاری ٹی وی چینل پر سب کے سامنے مسز سری لنکا کا تاج پہنایا گیا تھا۔

لیکن کچھ ہی لمحوں بعد 2019 میں یہ مقابلہ جیتنے والی خاتون نے پشپیکا سے ان کا تاج چھین لیا اور دعویٰ کیا کہ مسز ڈی سلوا کی طلاق ہو گئی ہے لہذا انھیں یہ اعزاز نہیں دیا جاسکتا۔

سنہ 2019 میں فاتح قرار دی جانے والی کیرولین جوری نے پشپیکا ڈی سلوا سے ان کا تاج چھینے کے بعد انتظامیہ کو مقابلے کا وہ قانون یاد کروایا جس کے مطابق مقابلے میں حصہ لینے والی خاتون کو ’شادی شدہ ہونا چاہیے، طلاق یافتہ نہیں‘۔

شو کے بعد سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسز جوری نے وہاں پر موجود شائقین سے کہا کہ ’اس مقابلے میں ایک قانون ہے، جو یہ کہتا ہے کہ حصہ لینے والی کی شادی ہوئی ہو اور وہ طلاق یافتہ نہ ہو۔ لہذا میں ایک ایسا قدم اٹھا رہی ہوں جس سے یہ تاج دوسرے نمبر پر آنے والی خاتون کو ملے گا۔‘

انھوں نے تاج دوسرے نمبر پر آنے والی خاتون کے سر پر رکھ دیا۔ یہ سب کچھ دیکھنے، سننے اور سہنے کے بعد پشپیکا ڈی سلوا آبدیدہ ہو کر سٹیج سے چلی گئیں۔

یہ بھی پڑھیے

سابق مِس شملہ روبینہ دلیک جو سول سروس جوائن کرنے کے بجائے بگ باس کی فاتح بن گئیں

متنازع ٹویٹ پر مس ترکی اعزاز سے محروم

بیوٹی کی جعلی مصنوعات فروخت کرنے والے گرفتار

ناک پتلا کروانے والی سرجری جس نے خوبرو اداکارہ کا چہرہ بھیانک بنا دیا

سری لنکا

BBC
ایک ویڈیو میں کیرولین جوری کو رنر اپ (دوسرے نمبر پر آنے والی خاتون) کے سر پر تاج رکھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے

منتظمین کی معافی، ڈی سلوا کو تاج لوٹا دیا گیا

اس مقابلے کے منتظمین نے پشپیکا ڈی سلوا سے معافی مانگی ہے اور تصدیق کی ہے کہ وہ طلاق یافتہ نہیں ہیں۔

پشپیکا ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ وہ اپنے شوہر سے الگ ہو گئی تھیں تاہم وہ طلاق یافتہ نہیں ہیں۔

ججز نے اتوار کی رات کولمبو کے ایک تھیٹر میں مسز سری لنکا کے فائنل میں ڈی سلوا کو 2021 کی فاتح قرار دیا تھا۔

’ابھی میں طلاق یافتہ عورت نہیں‘

فیس بک پر ایک پوسٹ میں ڈی سلوا نے بتایا کہ وہ اپنے سر پر چوٹیں آنے کے بعد ہسپتال گئیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ جس طرح ان کی تضحیک کی گئی ہے وہ اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گی۔

انھوں نے لکھا ’ابھی میں طلاق یافتہ عورت نہیں ہوں۔ ایک اچھی عورت اور حقیقی کوئین وہ ہوتی ہے جو تاج حاصل کرنے میں دوسری عورت کی مدد کرے نا کہ ایسی عورت جو اس سے اس کا جیتا ہوا تاج بھی چھین لے۔‘

مسز سری لنکا ادارے کے ڈائریکٹر چندیمل جیاسنگھے نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ مسز ڈی سلوا کو یہ تاج منگل کے روز لوٹایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا ’ہمیں بہت مایوسی ہوئی ہے۔ کیرولین جوری نے جس طرح کا رویہ سٹیج پر دکھایا وہ ذلت آمیز تھا۔ ہمارے ادارے نے اس کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔‘

پولیس نے اس واقعے کے بعد مسز جوری سے پوچھ گچھ کی ہے اور ڈائریکٹر جیاسنگھے سے بھی بات کی گئی ہے۔ یاد رہے مسز جوری کے پاس اس وقت ’مسز ورلڈ‘ کا ٹائٹل ہے۔

مسز سری لنکا کا شمار ملک کے بڑے مقابلوں میں ہوتا ہے۔ اس تقریب میں ملک کے وزیر اعظم کی اہلیہ نے بھی شرکت کی تھی۔

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 18514 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp