’بمبل‘ کی بانی وہٹنی وولف ہرڈ: اپنے بل بوتے پر دنیا کی سب سے کم عمر خاتون ارب پتی بننا کتنا آسان تھا؟


ڈیٹِنگ ایپ بمبل کی بانی وہٹنی وولف ہرڈ

بہت ممکن ہے کہ آپ نے کبھی اُن کا نام نہ سُنا ہو، لیکن ڈیٹِنگ ایپ ’بمبل‘ کی بانی وہٹنی وولف ہرڈ نے فوربس کی انتہائی امیر افراد کی فہرست میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔

جہاں کِم کارڈیشئین جیسی خواتین ارب پتی بننے پر شہ سُرخیاں بٹور رہی ہیں وہیں یہ بھی کہا جا سکتا ہے نسبتاً کم مقبول ہونے کے باوجود وولف ہرڈ بھی ایک مضبوط رول ماڈل کا کردار نبھا سکتی ہیں۔

31 سالہ وہٹنی وولف ہرڈ اس وقت اپنے بل بوتے پر دنیا کی سب سے کم عمر خاتون ارب پتی بن گئیں جب انھوں نے فروری میں اپنی نجی کمپنی بمبل کو پبلک کر دیا۔

یہ بھی پڑھیے

کیا آن لائن سیکس حقیقی تعلقات کی کمی کو پورا کر سکتا ہے؟

2020 میں پانچ شخصیات کی اربوں کی دولت میں اربوں کا اضافہ ہوا

دنیا میں ہر 17 گھنٹے بعد ایک نیا ارب پتی، بیجنگ ارب پتی افراد کی لسٹ میں سرِفہرست

امریکہ کی حصص بازار نیسڈیک کی گھنٹی بجاتے ہوئے ان کا اٹھارہ ماہ کا بچہ اُن کی بانہوں میں تھا۔ اپنی تقریر میں انھوں نے کہا کہ وہ انٹرنیٹ کو ایک ’رحم دل اور جواب دہ‘ جگہ بنانا چاہتی۔

سنہ 2017 میں بی بی سی کے ساتھ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا تھا کہ ایک موثر سی ای او ہونے کا راز یہ ہے کہ خود کو ’زیادہ سنجیدگی‘ سے نہ لیا جائے۔ انھوں نے کام اور کام سے باہر کی زندگی میں توازن حاصل کرنے اور اپنے خاندان کے لیے وقت نکالنے کی بات بھی کہی تھی۔

Bumble debuts on the Nasdaq

ارب پتیوں کی فہرست تک پہنچنے کا اُن کا سفر کافی دلچسپ رہا ہے۔

بمبل سے پہلے وہ ڈیٹِنگ ایپ ٹِنڈر کے بانیوں میں سے ایک تھیں تاہم وہاں کام کرنے والے دیگر افراد کے ساتھ کشیدگی کے بعد انھوں نے ٹنڈر چھوڑ دیا تھا۔

اس کے کچھ ہی عرصے بعد انھوں نے ٹنڈر کی مالک کمپنی میچ گروپ انک کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا کیس کر دیا۔ میچ گروپ نے الزامات کی تردید کی تاہم معاملے کو ختم کرنے کے لیے وہٹنی وولف ہرڈ کو دس لاکھ ڈالر دیے۔

اس کیس کی وجہ سے وہٹنی کو بہت بڑے پیمانے پر آن لائن بدسلوکی اور ٹرولِنگ کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے انھوں نے اپنا ٹویٹر اکاونٹ ہی ڈِیلیٹ کر دیا۔

بمبل کا بنیادی مقصد ہی خواتین کو اختیار دینا ہے۔ ان کی ایپ کا مرکزی فوکس یہ ہے کہ مردوں اور عورتوں کے درمیان تعلق بنانے کی غرض سے صرف خواتین ہی بات شروع کر سکتی ہیں۔ دیکھا جائے تو یہ ایک چھوٹی سی بات ہے لیکن ان خواتین کے لیے جنھیں ڈیٹنگ ایپس پر بہت بڑی تعداد میں ان چاہے پیغامات موصول ہوتے ہیں، ان کے لیے اس چھوٹی سی بات سے بہت بڑا اثر پڑا ہے۔

وہٹنی وولف ہرڈ نے روسی ارب پتی اندرے ادریو کی مدد سے بمبل ایپ شروع کی تھی۔ آندرے ادریو باڈو نامی ایپ میں بھی سرمایہ لگا چکے ہیں۔

وولف ہرڈ اس وقت بمبل کے 11.6 فیصد شیئرز کی مالک ہیں، یعنی ان کی کل مالیت 1.3 ملین ڈالر ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ باڈو کی بھی سربراہ ہیں۔ دونوں ایپس کے کل ملا کر چار کروڑ صارف ہیں، جن میں سے دو کروڑ چار لاکھ صارف فیس ادا کرتے ہیں۔

وہٹنی وولف ہرڈ کا تعلق امریکی ریاست یوٹاہ سے ہے اور ٹائم میگزین کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انھوں نے اپنی نوعمری کا ‌‌‎‏ذکر کیا تھا جب وہ ایک ایسے رشتے میں تھیں جس میں ان کے ساتھ بدسلوکی ہو رہی تھی۔ انھوں نے کہا کہ اس تعلق نے ان کی شناخت اور خود پر اعتماد کو بُری طرح متاثر کیا تھا، لیکن ساتھ ہی صنفی نابرابری اور مردوں اور خواتین کے درمیان تعلق میں کیا صحیح ہے اور کیا غلط، اس بارے میں ان کی سوچ کو واضح کیا۔

بمبل

اس انٹرویو میں یہ تاثر بھی ملا کہ وہ اپنے ماضی کو پیچھے چھوڑنا چاہتی ہیں۔ انھوں نے کہا ’مجھے اب کسی کو صفائی دینے کی ضرورت نہیں۔ میں کسی اور کے مسئلے کیوں حل کر رہی ہوں؟ خواتین ہمیشہ کسی اور کا پھیلایا ہوا گند ہی صاف کرتی رہتی ہیں۔‘

ان کے اس طرح کھل کر بات کرنے کو کافی سراہا گیا۔

لیکن یہ بھی سچ ہے کہ جہاں ایک طرف وہ دوسری ٹیک کمپنیوں کے مقابلے میں ایک الگ راستہ بنانے کی بات کرتی ہیں، وہیں بمبل پر گذشتہ برس 880,000 سے زیادہ ایسے واقعات ریکارڈ کیے گئے جو اس کے قواعد کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔ یہی نہیں بمبل، دیگر پلیٹ فارمز کی ہی طرح نفرت آمیز مواد کی نشاندہی کے لیے مصنوعی ذہانت پر منحصر ہے۔

بمبل کی تازہ ترین مہم ’باڈی شیمِنگ‘ سے متعلق ہے اور کسی کی صورت، جسامت، وزن یا سائز کے بارے میں تضحیک آمیز بیانات پر پابندی لگائی گئی ہے۔

سنہ 2021 میں جاری ہونے والی فوربز کی ارب پتیوں کی اس فہرست میں وہٹنی وولف ہرڈ سمیت 328 خواتین شامل ہیں، جو گذشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ گذشتہ سال یہ تعداد 241 تھی۔

رواں برس ایمازون کے بانی جیف بیزوس کی سابق اہلیہ میکنزی سکاٹ دنیا کی تین امیر ترین خواتین میں سے ایک ہیں۔ پہلے اور دوسرے نمبر پر لورئیل کے بانی کی پوتی فرانکئیوس بیٹنکورٹ مئیرز اور وال مارٹ کی ایلس والٹن ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp