اگر صاحب اختیار لوگ حلف پر عمل نہیں کریں گے تو مسئلے بڑھتے جائیں گے: جسٹس فائز عیسیٰ


پاکستان کی سپریم کورٹ کے جج جسٹس فائز عیسیٰ کا کہنا ہے کہ ماضی میں لوگوں کی ہوس نے آئین کو توڑا اور اگر صاحب اختیار لوگ حلف پر عمل نہیں کریں گے تو مسئلے بڑھتے جائیں گے۔

وہ اسلام آباد ہائی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ’اسلام میں بنیادی حقوق اور ہمارا آئین‘ کے موضوع سے سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

جسٹس فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان میں بہت سارے آئین آئے اور گئے، ہم نے بہت کچھ سیکھا مگر صرف آئین نہیں سیکھ سکے۔’

جسٹس فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ ’لوگوں کی ہوس نے آئین کو ٹھکرایا اور آئین کا تحفظ کرنے والوں نے قسم توڑی۔‘

یہ بھی پڑھیے

جو اپنے آئینی دائرے سے باہر نکل جاتے ہیں وہ سچے پاکستانی نہیں: جسٹس فائز عیسیٰ

حلف کی پاسداری کی جاتی تو ملک کے حالات مختلف ہوتے: جسٹس فائز عیسیٰ

’سب کو معلوم ہے جسٹس فائز عیسیٰ چیف جسٹس ہوں گے‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر ہم آئین شکنی کریں گے تو یہ غداری کے زمرے میں آئے گا۔ اگر آئین کو ہٹا دیں تو وفاق بھی ٹوٹ جاتا ہے اور پاکستانیت بھی ختم ہو جاتی ہے۔‘

انھوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’آئین کا تحفظ کرنا ہر پاکستانی پر لازم ہے اس لیے اس کا تحفظ کریں۔‘

جسٹس فائز عیسیٰ نے آئین پر لیے جانے والے حلف کی پاسداری کا ذکر کرتے ہوئے کہا ’اگر حلف پر پوری طرح عمل نہیں کریں گے تو مسئلے بڑھتے جائیں گے۔ ہر صاحب اختیار، مجھ سمیت جس نے بھی حلف اٹھایا، اس پرآئین کی پاسداری لازم ہے۔‘

اقلیتیوں کا تحفظ

جسٹس فائز عیسیٰ نے آئین کا تحفظ کی اہمیت کے حوالے سے کہا کہ یہ اس لیے ضروری ہے کیونکہ آئین سب کو تحفظ دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا آئین میں 280 شقیں ہیں، دو درجن دفعات عوام کے حقوق کے تحفظ سے متعلق ہیں۔

انھوں نے چند قانونی دفعات کی تفصیل بھی بتائی۔ ان کا کہنا تھا ’یہ دو درجن دفعات ہر شہری سمجھ لے جو ان کی زندگی پر اثر انداز ہوتی ہیں، دفعہ چار یقینی بناتی ہے کہ سب کے ساتھ یکساں سلوک ہو، دفعہ نو کہتی ہے قانون کی اجازت کے بغیرکسی کو زندگی اور آزادی سے محروم نہ کیا جائے گا۔‘

جسٹس فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ ’آئین میں کہا گیا ہے کہ اقلیتوں کو زندگی جینے کے مکمل مواقع دیے جائیں گے۔‘

آئین کی تعلیم

جسٹس فائز عیسیٰ نے آئین سے متعلق عوامی آگہی پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین پڑھنا بہت ضروری ہے کیونکہ پڑھ کر ہی ہمیں معلوم ہو گا کہ پاکستان کیسے وجود میں آیا۔‘

تاہم انھوں نے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’مجھے نہیں لگتا کہ کسی بھی سکول میں آئین پاکستان پڑھایا جاتا ہے۔‘

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ امریکی سکولوں میں آئین سکھایا جاتا تھا تاکہ کم عمر سے ہی طلبا کو آئین کا معلوم ہو۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp